ذی الحج کا چاند نظر آ گیا
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، عیدالاضحی 17 جون کو منائی جائے گی
کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے اور عیدالاضحی 17 جون کو منائی جائے گی۔
یہ اجلاس کراچی میں پاکستان محکمہ موسمیات کی عمارت میں منعقد ہوا، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں زونل اجلاس بھی بیک وقت منعقد ہوئے۔
پشاور کے زونل اجلاس کے حکام نے بتایا کہ چاند نظر آ گیا ہے تاہم مرکزی کمیٹی سرکاری اعلان کرے گی۔
کراچی میں بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کے بعد عید 17 جون کو منائی جائے گی۔ ان شہروں میں پشاور، اٹک، کوہاٹ، میانوالی، ٹیکسلا، مری، نارووال اور لاہور شامل ہیں۔