159

کوشش شرط ٹھہری

تحریر شئیر کریں

کوشش شرط ٹھہری


ثوبیہ عمار جھنگ

جھاد …… جھد سے نکلا۔
ج ھ د کے مادہ سے بننے والے الفاظ کے مطالب لغت ہمیں کچھ اس طرح بتاتی ہے
جَھَدَ … پوری کوشش۔
جَاھَدَ مُجَاھَدَۃً وَجِھَادًا … پوری طاقت صرف کرنا۔
تَجَاھَدَ وَ اِجْتَھَدَ…. کوشش کرنا اور پوری طاقت صرف کرنا۔
اَلْجِھَادَ ….. دین کی حفاظت اور اللہ کے کلمہ کو بلند کرنے کے لیے جنگ کرنا۔
یہ جنگ اور کوشش نظریاتی بھی ہو سکتی ہے اور عملی بھی۔
زبانی بھی ہو سکتی ہے اور جسمانی بھی۔
گھر میں بھی ہو سکتی ہے اور باہر بھی۔
نفس سے بھی ہو سکتی ہے اور دشمنانِ دین سے بھی۔
مردوں پر فرض ہے تو عورتوں کو بھی معاف نہیں۔
وقت بھی مطلوب ہے اور مال بھی۔
صلاحیتیں بھی چاہییں اور سوچیں بھی۔
انفرادی بھی حکم ہے اور اجتماعی بھی۔
مقدار کی طلب نہیں، معیار مطلوب ہے ۔
صرف خواہش ہی نہیں عمل بھی ضروری ہے۔
کتنی ہو؟ کب ہو؟ کیسے ہو؟ یہ معاملہ بندے اور رب کا ہے۔
کیاہو اور کیا نہ ہو؟ یہ بتادیا اور سمجھابھی دیا
حکم دیا…
وتعاونواعلی البر والتقوی
ولا تعاونواعلی الاثم والعدوان واتقوااللہ
ان اللہ شدید العقاب
” تعاون کرو نیکی اور تقویٰ کے کاموں میں اور نہ مدد کرو گناہ اور بدی کے کاموں میں اور اللہ سے ڈرو، بے شک اللہ سخت عذاب دینے والا ہے“
یہ بتا کر کہ کوشش کس رستے میں کرنی ہے، یہ بھی سکھایا کہ کس حد تک کرنی ہے…
ارشاد فرمایا:
جَاھَدُوْا فِی اللّٰہ حَقَّ جِھَادِہٖ
” اللہ کے راستے میں کوشش کرو جتنا اس کوشش کا حق ہے۔“
کوشش کا حق کیا ہے؟
بنا لالچ، بنا حکم، بنا رکے، بنا تھمے…. بس چلتے رہنا ۔کبھی کم کبھی زیادہ بس لگے رہنا۔
پھر فرمایا:جو ایسا کرے گا تو اللہ اسے اپنے کام کے لیے چن لے گا۔
اللہ یجتبی الیہ من یشاء ویھدی الیہ من ینیب
گویا کوشش کی سعادت اسی کو ملتی ہے جو قدم بڑھاتا ہے۔
اللّٰہ آپ کی کوششوں، اپنی طرف اٹھنے والے قدموں اور آپ کی محنتوں کا قدر دان ہو۔
بس چلتے رہنا…. نہ تھکنا…. نہ رکنا
اسی پہ بھروسہ، اسی پہ توکل کر کے۔
اسکا فرمان ہے
انفروا خفافا و ثقالاوجاھدوا باموالکم وانفسکم فی سبیل للہ
” نکلو خواہ ہلکے ہو یا بوجھل کوشش کرو اللہ کے راستے میں اپنے مالوں اور جانوں کے ساتھ“
گویانکلنا شرط ٹھہری… کتنا کا سوال نہیں
بے شک ہمارے گرد آلود قدموں کا وہ سب سے بڑھ کر قدر دان ہے۔
اللّٰہ ہمیں اپنے دین کی حفاظت اور نفاذ کے لیے کوشش کرنے والوں میں شامل فرما لے۔
ثوبیہ عمار… جھنگ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں