447

دل کو چھو لینے والی تحریر

تحریر شئیر کریں

دل کو چھو لینے والی تحریر ان لوگوں کے لیے جو حج پہ نہیں جا سکے

🖋️ مہوش کرن

مجھ جیسے بہت سے ایسے،
وہ جو پچھلے سال اور اس بار بھی حج ادا نہیں کر سکے۔
اور وہ جنہیں لگتا ہے کہ شاید اگلی بار بھی نہ کر سکیں، اور وہ جو حالات دیکھ کر سوچتے ہیں کہ اب حج بھی خواب ہوا۔

وہ مایوس نہ ہو جائیں بلکہ آئیں اس مصروفیت اور غیر یقینی کیفیت میں سے کچھ پَل چرا کر امام ابن رجب الحنبل کے الفاظ میں جانتے ہیں کہ ہمارا رب ہم سے کیا کہہ رہا ہے:

”جو اس بار مقامِ عرفات تک نہیں پہنچ سکے، انہیں چاہیے کہ اللہ کی بتائی ہوئی حدود تک پہنچ کر رک جائیں اور اس سے تجاوز نہ کریں۔

جو اس سال اپنی رات مزدلفہ میں نہیں گزار سکے، تو انہیں چاہیے کہ وہ اللہ کا قرب پانے کے لیے اپنی راتیں اللہ کی عبادت و اطاعت میں گزاریں۔

جنہیں اس سال مِنٰی میں قربانی کا شرف حاصل نہ ہوسکا، کیوں نہ وہ اپنے جذبات و خواہشات اور اپنے نفس کو قربان کر ڈالیں تاکہ اپنے مقصدِ حیات تک پہنچ سکیں۔

جو اِس بار کعبہ تک نہ پہنچ سکے کہ فی الحال کعبہ ان کی پہنچ سے بہت دور ہے، تو انہیں چاہیے کہ وہ ربِّ کعبہ کی طرف تیزی سے بڑھیں کیونکہ رب تو دور نہیں بلکہ اُن کی شہ رگ سے بھی قریب ہے۔“

(لطائف المعارف: صفحہ 633)

کس قدر خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی بات ہے، اللہ ہم سب پیچھے رہ جانے والوں کو ایسے اچھے اعمال کرنے کی توفیق دیں اور جلد ہم سب کو وہاں جانے والے خوش نصیبوں میں شامل کر لیں۔

آمـــین یا الرحم الراحمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں