نیوز کاسٹر تسکین ظفر وفات پا گئیں 230

نیوز کاسٹر تسکین ظفر وفات پا گئیں

تحریر شئیر کریں

تسکین ظفر، جن کا میٹھا، دھیمہ اور منفرد لہجہ ریڈیو اور پی ٹی وینیوز کی نشریات میں منفرد مقام رکھتا تھا، 9 جون 2024ء کو راولپنڈی میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔ انہیں لال کرتی راولپنڈی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

تسکین ظفر 1957ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1980ء میں پاکستان ٹیلی ویژن سے بطور نقیب وابستگی اختیار کی اور تین دہائیوں تک صداکاری اور نیوز کاسٹنگ کے فرائض انجام دیتی رہیں۔ ان کی آواز میں شگفتگی، کھنک اور دھیما پن نمایاں تھا۔ پی ٹی وی کو ابتدا ہی سے بہترین صداکار اور نیوز کاسٹر میسر آئے جنہوں نے اردو خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا۔ تسکین ظفر بھی ان ممتاز شخصیات میں شامل تھیں۔ عشرت فاطمہ اور ماہ پارہ صفدر کے ساتھ ان کی مشہور تکون نے پاکستان اور بیرون ملک شہرت حاصل کی۔ عشرت فاطمہ اور تسکین ظفر دونوں کا ناک کا کوکا بھی ان کے منفرد انداز کی پہچان بن گیا تھا۔

تسکین ظفر کو یہ اعزاز بھی حاصل تھا کہ انہوں نے 28 مئی 1998ء کو پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کی خبر پی ٹی وی پر نشر کی، جو دنیا بھر میں پھیل گئی۔ اس خبر کو نشر کرتے وقت ان کے چہرے پر ہلکی سی خوشی اور اطمینان ظاہر ہو رہا تھا، جس نے ناظرین پر بھی تسکین طاری کر دی۔ تسکین ظفر نے پاکستان کی جانب سے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے اعلانات بھی کیے اور ان میں فتح کی خبریں سنائیں۔

تسکین ظفر نے پی ٹی وی کے شعبہ خبر، حالات حاضرہ، تعلقات عامہ، موسیقی اور کھیلوں کے پروگرامز میں ایک عہد زریں رقم کیا۔ وہ پی ٹی وی کے شعبہ تعلقات عامہ کی ایگزیکٹو آفیسر بھی رہیں۔ ان کی تین دہائیوں پر مشتمل قومی نشریاتی ادارے میں فنی خدمات کے اعتراف میں، مارچ 2023ء میں صدر عارف علوی نے انہیں تمغا برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔

پی ٹی وی کی انمول شخصیات کا خزانہ رفتہ رفتہ ان نابغہ روزگار ہستیوں سے خالی ہوتا جا رہا ہے جو اپنے آپ میں ایک ادارہ تھیں۔ نئی نسل کو اردو زبان و ادب کی تعلیم و تربیت دینے والے اور صداکاری اور خبریں پڑھنے کے گر بتانے والے اس دنیا سے رخصت ہو رہے ہیں۔

ہر کسی کو اس جہان فانی سے رخصت ہونا ہے، لیکن رخصت ہونے والوں کا فن، یادیں، باتیں اور شخصی پہلو ہمیشہ اذہان اور کتب میں زندہ رہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں