کالم نگار: روبینہ شاہین
پاکستان ایک ایٹمی ملک ہے، ایک طاقتور ریاست، جو اپنے نظریاتی تشخص کی بنیاد پر دنیا میں الگ مقام رکھتی ہے۔ ہمارے بیانیے اور مؤقف کی ایک الگ پہچان ہے، اور یہی وجہ ہے کہ جب ہم بولتے ہیں، تو دنیا سنتی ہے۔ لیکن افسوس، آج ہمیں بولنے سے روکا جا رہا ہے۔ احتجاج پر پابندی لگا دی گئی ہے، سچ کہنے پر قدغنیں عائد ہو چکی ہیں۔ ایسا کیوں؟ یہ سوال اپنی جگہ پر بہت اہم ہے۔
یہ تاریخ کا حصہ رہا ہے کہ جب بھی کوئی ظالم قوت کسی حق کے خلاف کھڑی ہوتی ہے، تو سب سے پہلے وہ حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کرتی ہے۔ یہی کچھ آج ہمارے ساتھ ہو رہا ہے۔ فلسطین کے حق میں نکلنے والے احتجاج کو کیوں روکا جا رہا ہے؟ کیا واقعی پس پردہ اسرائیل کو تسلیم کیا جا چکا ہے؟ اگر ایسا ہے تو یہ ایک بھیانک حقیقت ہوگی۔ ایک ایسی حقیقت جو نہ صرف ہمارے نظریاتی تشخص پر سوالیہ نشان لگائے گی بلکہ ہمارے ایمان اور اصولوں کو بھی متزلزل کر دے گی۔
ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کا قیام ایک نظریے کی بنیاد پر ہوا تھا۔ ہم نے لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر آزادی حاصل کی تھی، اور اسی نظریے کا تقاضا ہے کہ ہم ہر اس قوت کے خلاف کھڑے ہوں جو مسلمانوں کے خلاف ظلم کرتی ہے۔ اسرائیل کا قیام ناانصافی، جبر اور ظلم کی علامت ہے، اور ہم بطور مسلمان، اس ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کر سکتے۔ ہمارا بچہ بچہ اس حقیقت سے آگاہ ہے، پھر یہ کس کا ایجنڈا ہے جو چند مفاد پرستوں کو اپنے پیچھے لگا کر حق کی آواز کو دبانا چاہتا ہے؟
ماضی میں، جب بھی ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے، دنیا نے ہماری طاقت کو محسوس کیا۔ دشمن ہمارے احتجاج سے گھبراتا تھا، ہماری مزاحمت اس کے لیے خوف کا باعث بنتی تھی۔ مگر آج، دشمن کو یقین ہو چکا ہے کہ “کوئی نہیں آنے والا”۔ اب اسے معلوم ہے کہ ہم صرف باتیں کریں گے، عملی اقدامات نہیں اٹھائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ آج فلسطین کے مظلوموں پر گرتے بموں پر دنیا خاموش ہے، اور ہم بھی خاموش کر دیے گئے ہیں۔
لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ظلم ہمیشہ باقی نہیں رہتا۔ ہم اس نبی کے امتی ہیں جو 313 سپاہیوں کے ساتھ نہیں، بلکہ اللہ پر یقین رکھتے ہوئے میدانِ جنگ میں اترے تھے۔ ہم صلاح الدین ایوبی کے پیروکار ہیں، جو سترہ ناکام حملوں کے بعد بھی پیچھے نہیں ہٹے تھے۔ بالآخر، اللہ نے ان کے ہاتھوں بیت المقدس کو آزاد کروایا۔ آج بھی، ہمیں اسی یقین، اسی جذبے اور اسی غیرت کی ضرورت ہے۔
یہودیوں کو آج جو پناہ دے رہے ہیں، کل وہ بھی انہیں بچا نہیں سکیں گے۔ تاریخ خود کو دہراتی ہے، اور ان ظالموں کا انجام وہی ہوگا جو ہمیشہ ظالموں کا ہوتا آیا ہے۔ ہمیں اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی، اپنے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہوگا، اپنی آواز کو بلند کرنا ہوگا۔ کیونکہ اگر آج ہم خاموش رہے، تو کل ہمارا نام بھی ان قوموں میں لکھا جائے گا جو ظلم کے خلاف کچھ نہ کر سکیں۔
اللہ کے ہاں دیر ہے، اندھیر نہیں۔ اور ہمیں یقین ہے، اتنا ہی جتنا اپنے ہونے پر کہ ایک دن فلسطین آزاد ہوگا۔ ان شاء اللہ۔
کوئی نہیں آنے والا