ہم کہاں کے سچے تھے
اقصیٰ اعجاز
“اب تو عقل آئی ہے اس لیے جھوٹ کہ دیتے ہیں
جب ہم بچے تھے تب بھی کہاں کے سچے تھے”
ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے جب دیکھا تو اس میں لکھاری نے معاشرے کی مختلف حقیقی پہلو کو اجاگر کیا ہے
کس طرح ایک بن ماں باپ کی بچی کو بہت ساری تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جب کہ وہ بے قصور تھی اس کے ننھال میں اس کی نانی اور ممانی نے اس کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جس طرح اس کو ماضی بھولنے نہ دیا یہ صرف اس کی زندگی میں آنے والے دو انسانوں کا قصور نہیں بلکہ ایک معاشرہ کا قصور بنتا ہے
اگر اس کی نانی امی معاشرے کی باتوں کے ڈر کی وجہ سے اس کی امی کی دوسری شادی نہ کرتی تو شاید ہیروئن کی زندگی ایک مثالی زندگی ہوتی۔۔۔
شاید اگر ہیروئن کا دوسرا باپ ہی اس کی امی کو اپنی بیٹی سے ملنے کی اجازت دے دیتا تو وہ بہت ساری زیادتیوں سے بچی رہتی مگر جب ہم شاید کا لفظ استعمال کرتے ہیں تو ہر بات یہ کہہ کر ختم کر دیتے ہیں کہ جو نصیب میں دکھ ملے ہوتے ہیں وہ مل کر رہتے ہیں لیکن لکھاری ہونے کی حیثیت سے میں ایک بات کہوں گی کہ مقدر کا لکھا بدلا جا سکتا ہے دعا اور تدبیر کر سکتے ہیں کبھی کبھی ہم کسی ایک کو خوش کرنے کے لئے بہت سی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیتے ہیں جو کہ غلط ہے کوشش کرنی چاہیے کہ زندگی میں ہر کسی کو اس کا حق دیا جا سکے۔۔
جیسے کہ لکھاری نے ایک بہت اچھا پیغام دیا ہے کہ اپنی نفرتیں اپنے بچوں کے ذہن میں نہ ڈالے ہر گھر میں یہ ہوتا ہے کہ اپنے بچوں کو ان کے ساتھی کزنز کی مثالیں دی جاتی ہیں ان مثالوں کو بولنے میں مثال دینے والے کے لہجے کا فرق ہوتا ہے اس کی نیت کا پر خلوص ہونا شرط ہے تاکہ اگر بچے ایک انسان کو کاپی بھی کریں تو وہ اس کو نفرت کے طور پر نہ دیکھیں یہ نیت کا فتور ہوتا ہے کہ جب ہم ایک بچے کو کسی دوسرے بچے کی برتری کے بارے میں بتاتے ہیں تو وہ اس کو غلط رنگ میں لینا شروع کر دیتا ہے۔۔
دوسرا یہ کہ والدین اپنی اولاد کی بے جا حرکتوں پر پابندی نہیں لگاتے اور انہیں معاشرے کے سامنے ایک نقلی چہرہ بناکر ایسے پیش کرتے ہیں کہ بس ان کی تعریف ہی کرتے ہیں۔ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟اس طرح کے مسئلے ہم دوسروں کی زندگی سے تجربہ لے کے اپنے گھر میں اگر ختم کریں تو ہی جڑ سے ختم ہو سکتے ہیں لیکن اگر یہ معاشرے میں آنے لگے تو یہ مسئلہ مسائل بن جاتا ہے اور اس طرح آپ کے اولاد میں سے کوئی ایک جب بگڑ جاتا ہے تو پورے معاشرے کا بگاڑ بن جاتا ہے۔
بے شک ہر عمل کی جزا اور سزا اللہ تعالی نے رکھی ہوئی ہے لیکن اولاد کی احتیاط سے تربیت بھی کرنی چاہیے۔
اب آتی ہوں اپنے ذاتی زندگی کے تجربے کی طرف!
میری امی نے کسی بھی رشتےدار کے کسی منفی پہلو سے ہمیں کبھی اجاگر ہی نہیں کیا وہ ایک خاموش طبع خاتون ہونے کے ساتھ ساتھ باتوں کو درگزر اور نظر انداز کرنے والی خاتون ہیں۔
جیسا کہ ہر انسان میں منفی اور مثبت دونوں پہلو ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ہمیں دونوں پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے کبھی کبھی ان کے مطابق خود کو بدلنا پڑتا ہے اور کبھی کبھی اپنے مطابق ان کو کنوینس بھی کرنا پڑتا ہے مگر یہ سب آپ تب ہی کرسکیں گے جب آپ کو اس انسان کے بارے میں کچھ منفی یا مثبت پتا ہوگا
والدین جب کسی انسان کے صرف مثبت پہلو کو ہی نظر میں رکھتے ہیں تو وہ بھی اولاد کے ساتھ غلط کرتے ہیں کیونکہ ہم اولاد ہونے کی حیثیت سے اس انسان کو فرشتہ سمجھتے ہیں اور جب وہ انسان اپنے منفی پہلو سامنے لے کر آتا ہے ہم اس کے لئے ذہنی طور پر تیار نہیں ہوتے اور اس اثر سے اس قدر ڈھے جاتے ہیں کہ زندگی ہمیں دوبارہ اٹھنے کا موقع دے بھی تو ہم دوبارہ نیا قدم اٹھانے سے ڈرتے ہیں نئے رشتے بنانے سے ڈرتے ہیں۔۔۔
اب ہم برے ہیں
یا پہلے اچھے تھے
بس ایک ہی بات کہنی ہے
ہم کہاں کے سچے تھے۔
ختم شد!