آمد رمضان کریم اور ہماری ذمہ داریاں وہ بھی قلم کتاب پر
تحریر : لبنٰی جمشید
ہر سال کی طرح 2021 میں بھی رمضان کریم کے مقدس مہینے کی آمد آمد ہے۔ ہر مسلمان کے لیے رمضان کا بابرکت مہینہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ عبادات کی جانب رغبت حاصل ہوتی ہے۔ روزہ صرف بھوکے پیاسے رہ کر اللہ کو خوش کرنے کا نام نہیں بلکہ بحثیت مسلمان ہم پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ جن کو پورا کر کے ہم حقیقی عبادت کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔
کیا رمضان 2021 میں ہم اپنی ذمہ احسن طریقے سے پوری کر پائیں گے؟
موجود رمضان کی آمد اس وقت ہو رہی ہے جب عالمی ”کرونا“ نے پوری دنیا میں اپنے پنجے مضبوط کیے ہوۓ ہیں۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کا باجماعت نماز, تراویح کے اجتماع, اور نماز جمعہ کے لیے اکھٹا ہونا ممکن نہیں ہے۔ اپنے گھروں میں رہتے ہوۓ فیملی کے ساتھ عبادات کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔
صاحب حثیت افراد کی ذمہ داریاں
موجودہ وبائی صورتحال میں صاحب حثیت لوگوں پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ان کو غریب اور نادار افراد جو کہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں کام نہیں کر پا رہے۔ ان کے لیے سحری اور افطاری کا خاص خیال رکھنا ہے اپنے آس پڑوس میں ایسے افراد پر نظر رکھیں اور رمضان کریم کے روزے کا اصل اجر حاصل کریں۔
دعا رمضان
رمضان کریم کی آمد کےساتھ مختلف عشروں کی دعا کاخصوصی ورد کریں اور اپنے بچوں کو بھی سکھائیں۔ یہ صدقہ جاریہ ہے۔
تزکیہ نفس
اس رمضان یہ تہیہ کریں کہ ہم نے اپنے دل کی صفائی کرنی ہے۔ دل کو گناہوں, کدورتوں اور نفرتوں سے آذاد کرکے پیار , محبت کا درس دینا ہے.
جھوٹ اور غلط کاموں سے پرہیز
عموماََ دیکھا گیا ہے کہ ہم منہ کا روزہ تو رکھ لیتے ہیں لیکن اس منہ سے روزے کے دوران جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں۔ روزہ صرف کھانے پینے کی بندش کا نام نہیں ہے بلکہ اپنے منہ اور کانوں کی برائی سے حفاظت , ہاتھ اور پاؤں کا غلط سمت مڑنے کو روک کر رکھنے کا نام ہے۔
قرآن و احادیث کا اہتمام
روزے کے دوران ٹی وی اور انٹرنیٹ کے استعمال کو کم سے کم کیا جاۓ اور روزانہ کی بنیاد پر چند گھنٹے صرف قرآن پاک کی تراجم و تفسیر کے ساتھ ساتھ احادیث مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب کو پڑھ کر اسلام کے بارے میں مذیدجانیں اور ایک ذمہ دار مسلمان بنیں۔
یہ بھی پڑھیے
عقائد کی درستگی
عموماََ یہ دیکھا گیا ہے کہ آج کے زمانے میں ہر شخص کا اپنا ایک عقیدہ اور نظریہ ہوتا ہے جسے وہ سب سے بہتر سمجھتا ہے اور دوسوں پر ٹھونسنے کی بھی کوشش کرتا ہے۔ جبکہ دوسروں کے فرقے اور عقائد کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔ اس سے قطع نظر کہ دوسرا کیا محسوس کرتا ہے۔ رمضان کے اس بابرکت مہینے میں عہد کریں کہ کسی بھی فرقے کی دل آزادی کا سبب نہیں بننا ہے۔ کیا معلوم کب کونسی بات اللہ کو بری لگے اور اس پر انسان کی پکڑ ہو جاۓ۔
دعا ہے کہ 2021 کا رمضان رحمتوں اور برکتوں کی ساعتیں لے کر ہماری زندگیوں میں آۓ اور بحثیت مسلمان اور پاکستانی ہم احسن طرقے سے اپنے فرائض اور زمہ داریاں پوری کر کے ایک اچھامسلمان, پاکستانی اور اپنے حلقہ احباب کے لیے ایک اچھا فرد کہلاسکیں۔
؏ آمد رمضان ہے زرا ٹہرو چاند نکلتا ہو گا
برکتوں کا رحمتوں کا نور پھیلتا ہو گا