دنیا کے کامیاب ترین صنعت کاروں کی فہرست میں ایک نام ہمیشہ چمکتا رہے گا وہ ہےکونوسوکے ماتسوشیتا ، وہ بچپن میں نہایت غریب تھا، تعلیم ادھوری رہی، مگر ایک ایسا وژن اور جذبہ لے کر اٹھا جس نے ایک معمولی کاریگر کو ٹیکنالوجی کی دنیا کا بادشاہ بنا دیا۔
غربت میں جنم، جذبے میں جوانی
کونوسوکے ماتسوشیتا 1894 میں جاپان کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے۔ حالات نہایت کٹھن تھے۔ والد کا کاروبار تباہ ہو چکا تھا اور خاندان غربت کی چکی میں پس رہا تھا۔ 9 سال کی عمر میں انھوں نے اسکول چھوڑ دیا کیوں؟ کیونکہ تعلیم ان کے لیے عیاشی تھی جس کا خواب بھی دیکھنا ممکن نہ تھا۔
مگر یہی غربت نے انہیں وقت سے پہلے بڑا بنا دیا۔ ایک سائیکل مرمت کی دکان میں شاگردی کرتے ہوئے، انہوں نے دنیا کو دیکھنے کا ایک نیا زاویہ سیکھا۔ ہاتھ کام کرتے تھے، دماغ سیکھتا تھا، اور دل میں ایک چنگاری تھی “کچھ بڑا کرنا ہے۔”
بجلی کا جادو اور پہلا خواب
چیزوں کو سمجھنے کا شوق ماتسوشیتا کو بجلی کی دنیا میں لے آیا۔ جب انہوں نے پہلی بار برقی آلات کو کام کرتے دیکھا، تو ایک سوال ذہن میں ابھرا:
“اگر میں ان آلات کو بہتر، محفوظ اور سب کے لیے قابلِ رسائی بنا سکوں، تو؟”
یہ خواب ایک دن حقیقت کا روپ دھارنے والا تھا۔
پہلی ایجاد، پہلی ٹھوکر
ایک فیکٹری میں معمولی مزدور کے طور پر کام کرتے ہوئے، انہوں نے ایک نئےقسم کا الیکٹریکل پلگ ڈیزائن کیا جو زیادہ محفوظ اور مؤثر تھا۔
لیکن افسوس! ان کے استاد نے اس خیال کو مسترد کر دیا۔
“یہ مت کرو، وقت ضائع ہوگا۔”
مگر ماتسوشیتا کا دل نہ مانا،روزی کا واحد ذریعہ چھوڑ کر، وہ اپنی بیوی اور بہنوئی کے ساتھ گھر کے ایک کمرے میں کام پر لگ گئے_ نہ مشینیں، نہ سرمایہ، نہ گاہک صرف جذبہ اور یقین۔
بے سروسامانی کے دن
پہلے دنوں میں کوئی آرڈر نہ ملا۔ کبھی کئی دن گزر جاتے اور ایک بھی پلگ نہ بکتا۔
بیوی کے حوصلے اور ان کے اپنے ایمان نے انھیں سنبھالے رکھا۔
“ایک دن لوگ ہمارے بنائے پلگ خریدیں گے… اور پھر ہم دنیا بدلیں گے۔”یہ وہ خواب تھا جو رات کے اندھیروں میں ان کے چراغ کو جلائے رکھتا۔
کامیابی کی صبح
آخر کار محنت رنگ لائی۔ دھیرے دھیرے گاہک آنے لگے، آرڈر بڑھنے لگے۔ 1918 میں ماتسوشیتا نے اپنی کمپنی کی بنیاد رکھی:
ماتسوشیتا الیکٹرک ہاؤس ویئر مینوفیکچرنگ ورکس جو آگے چل کر پیناسونک کے نام سے دنیا بھر میں پہچانی گئی۔
آزمائشوں کا طویل سفر
جاپان نے زلزلے دیکھے، دوسری عالمی جنگ کی تباہ کاریاں جھیلیں، ایٹمی بمباری کا صدمہ سہا، اقتصادی بحرانوں کا سامنا کیا مگر ماتسوشیتا کا خواب کبھی نہ بجھا۔
ریڈیو، ٹیلی ویژن، واشنگ مشینیں، فریج، ایئرکنڈیشنر اور حتیٰ کہ کار بیٹریاں ان کی کمپنی نے ہر شعبے میں انقلاب برپا کیا۔
وژن، حوصلہ، کامیابی
کونوسوکے ماتسوشیتا کا ماننا تھا:
“غربت نے مجھے کم وسائل سے بنانا سکھایا۔
ناکامی نے مجھے ثابت قدم رہنا سکھایا۔لیکن وژن ہی تھا جس نے مجھے آگے بڑھنے پر مجبور کیا۔”
(ماخذ: “Not for Bread Alone: A Business Ethos, a Management Philosophy” از کونوسوکے ماتسوشیتا)
سیکھنے کے نکات
حالات جیسے بھی ہوں، وژن زندہ رکھیں۔
وسائل کی کمی کامیابی میں رکاوٹ نہیں، کردار کی آزمائش ہے۔
استقامت ہر دروازہ کھول سکتی ہے۔
آج پیناسونک 160 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے، اربوں ڈالر کی کمپنی ہے۔ مگر یہ سب ایک 9 سالہ غریب لڑکے کی بے چین روح سے شروع ہوا تھا، جس کے پاس صرف خواب تھے۔تو دوستو، اگر کبھی دل مایوس ہو، وسائل کم لگیں، تو یاد رکھیں — شاید آپ کے اندر بھی ایک نیا “ماتسوشیتا” چھپا ہو۔
ان پڑھ لڑکے سے پیناسونک کے بانی تک