587

انٹرویو اقصی ایجاز

تحریر شئیر کریں

انٹرویو اقصی ایجاز

اقصی ایجاز جو ایک مثبت سوچ کی حامل رائٹر ہیں ان کی یہ خوبی ہے کہ وہ صرف دوسروں کو ہی نہیں خود کو بھی خوش رکھتیں ہیں قلم کتاب انٹرویو کے لیے ان کا ممنون اور دعاگو ہے کہ وہ ترقی کی منازل طے کرتیں رہیں۔آمین


تعارف: اقصیٰ اعجاز
اسلام و علیکم۔

**نام :اقصیٰ اعجاز

**قلمی نام : زیادہ تر میں اصلی نام سے ہی لکھتی ہوں لیکن اب اپنی فیس بک آئی ڈی (بقاء حیات) کے نام سے بھی لکھنا شروع کیا ہے۔

**تاریخ پیدائش: 24 جنوری 1994

**شہر: (فیصل آباد)(پاکستان)

**پہچان : میرے خیال میں لکھاری ہونا بہت بڑی پہچان ہے۔میں نے اپنی زندگی کے بے شمار حقائق پر مبنی واقعات و حالات سے حاصل کردہ تجربات پر لکھا ہے۔

**قلمی سفر کا آغاز کیسے ہوا؟


دسمبر 2020 میں پہلی نظم (دسمبر) لکھی تھی جب وہ اخبار میں پبلش ہوئی تو ایک دوست نے آن لائن ویب سائٹ ناول ہی ناول کے بارے میں بتایا تو اس کے بعد سے میرا سفر شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔

**حیات ڈائجسٹ کا سفر کیسے طے کیا؟


ناول ہی ناول ویب سائٹ کے اونر صداقت سر انہوں نے تمام لکھاریوں کو موقع دیا کہ وہ اپنے نام کا ڈائجسٹ بنا سکتے ہیں اور اس میں اپنے دوست احباب کی تحریر پبلش کروا سکتے ہیں۔میں نے اس موقع سے فائدہ اٹھایا چونکہ میں خود لکھاری تھی تو میں چاہتی تھی ہر کوئی لکھاری بن جائے😍جو دوست احباب جانتے تھے ان سب کو میسج کر دیا کہ اپنی اپنی ایک تحریر تیار رکھیں میرے ڈائجسٹ کے لئے کئی دوستوں سے زبردستی کی اور ان سے لکھوایا اب تک وہ سب میرے ساتھ ہیں اور ڈائجسٹ ماشاءاللہ کامیابی سے چل رہا ہے۔
میں ہمیشہ سے ایسی لڑکی ہی رہی ہو جو جب بھی کہیں سفر پر جانے لگتی ہیں تو اپنے پیچھے آنے والوں کی مدد بھی کرتی ہے اور ان سب کو اپنے ساتھ لے کر چلتی ہے۔

**لاک ڈاؤن نے آپ پر کیا اثر ڈالا؟


لاک ڈاؤن نے زندگی کے سفر میں بہت سارے لوگوں کے چہرے بے نقاب کئے ہیں شکر الحمدللہ جن کا مجھ پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں ہوا بلکہ میں اور میری صلاحیت ایک ستارہ بن کر چمک اٹھیں جو کہیں دبی ہوئی تھیں۔میں نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو بہت زیادہ پریشان دیکھا جو میں پہلے کبھی مشاہدہ نہیں کر سکی تھی میں نے بہت سے لوگوں کو مختلف طریقوں سے موٹیویٹ کیا۔

**معاشرے کی بڑھتی ہوئی بے حسی کو کس نظر سے دیکھتی ہیں؟ سانحہ سیالکوٹ کے تناظر میں ؟


معاشرے کی بڑھتی ہوئی بے حسی اپنی عروج پر ہے اس کی وجہ دین سے دوری ہے جو کہ آنے والی نسل کی تربیت میں شامل ہی نہیں ہے اور اگر کہیں دین کی ترغیب دی جاتی ہے تو ان کو فرقہ بازی میں ڈال دیا جاتا ہے اس طرح ہر انسان خود کو نیک اور دوسروں کو گناہ گار سمجھتا ہے اور پھر فرشتے بن کر دوسروں کے گناہوں کا جائزہ لیتے ہیں جبکہ یہ کام تو اللہ کا ہے۔ سانحہ سیالکوٹ بھی ان ہی سوچوں کے پیشِ نظر ہے میرا یہی ماننا ہے قتل چاہے کافر کا ہو یا مسلمان کا ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

**ڈپریشن جسے عصر حاضر کا جن کہا جاتا ہے کیا اس سے چھٹکارا ممکن ہے اگر ہاں تو کیسے ؟


ڈپریشن جی ہاں اس سے چھٹکارا ممکن ہے کوئی ایسا جن نہیں ہے جس کو قابو نہ کیا جا سکے میں مانتی ہوں کہ اللہ تعالی نے انسان کو ہر طرح کی صلاحیت دی ہے لیکن اگر انسان خود ہی جن بن جائے تو اس کو قابو کون کرے گا ؟ڈپریشن کا علاج نماز سے بہترین کوئی نہیں ہے جب آپ پانچ وقت وضو کرتے ہیں تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ڈپریشن کا جن آپ کو چمٹے گا ۔ شکر الحمداللہ میں خود بھی اس پر عمل کرتی ہوں زندگی میں بہت کچھ ایسا ہوتا ہے کہ زندگی ہرا بھرا باغ نہیں رہتی لیکن اللہ تعالی پر یقین و اعتقاد اس سفر کو خوش نما بنائے رکھتا ہے۔

**آپ کی نظر میں زندگی ؟


زندگی اللہ تعالی کا عطا کردہ ایک بہترین اور نایاب تحفہ ہے جب ہمیں کوئی ہمارا پیارا انسان تحفہ دیتا ہے ایسا انسان جس کو ہم عزیز رکھتے ہوں تو ہم اس کا دیا گیا تحفہ بہت سنبھال کر رکھتے ہیں اسے استعمال نہیں کرتے اور اگر کرتے بھی ہیں تو بہت ہی احتیاط سے ذرا لاپرواہی نہیں برتتے۔ اسی طرح ہمارے پروردگار نے زندگی ہمیں ایک خوبصورت تحفہ کے طور پر دی ہے اس کو ضائع کرنا اور خراب کرنا امانت میں خیانت ہوگی۔زندگی خوبصورت ہے اور ایک بار ملتی ہے اس کی قدر کریں۔

**نوجوان نسل کیوں ٹریک پر نہیں ہے؟


اس کی ایک وجہ مجھے والدین کی لاپرواہی بھی لگتی ہے وہ اپنی اولاد کو اچھی سہولیات دینے میں اتنا مگن ہوجاتے ہیں کہ اولاد کے فعل پر نظر نہیں رکھ پاتے اور ان کی حدود کا تعین نہیں کروا پاتے۔
والدین کو اپنے بچوں سے اس قدر محبت اور دوستی کا رشتہ استوار کرنا چاہیے کہ وہ ان کو باہر تلاش نہ کریں انسان کی فطرت ہے جو اس کو میسر نہ ہو وہ اسی کے پیچھے بھاگتا ہے اور ہماری نوجوان نسل کو محبت دوستی اور خلوص گھر پر نہیں ملتا جس کی وجہ سے وہ بگڑتی جا رہی ہے۔

**فیورٹ ہابی؟


خود کو خوش رکھنا
میں اپنے دل کی خوشی کا بہت خیال کرتی ہوں۔ویسے میں کھانا بنانے کی شوقین ہوں نئی نئی ریسپیز ایجاد کرنے کا شوق ہے۔میں مانتی ہوں کہ سجنا سنورنا عورت کی معراج ہے بشرطیکہ محرم کے لیے ہو تو میں اپنے اوپر مختلف قسم کی بیوٹی ٹپس بھی آزماتی رہتی ہوں اور دوسروں کو بھی مستفید کرتی ہوں۔

**فیورٹ رائٹر اور شاعر ؟


میں ہر رائٹر کو پڑھتی ہوں جب بھی وقت ملے میں کوئی بھی ناول لیتی ہوں اور پڑھنا شروع کر دیتی ہوں لکھاری ہونے سے پہلے مجھے پڑھنے کا شوق ہے یہ شوق والدین سے وراثت میں ملا ہے ہر انسان جو لکھتا ہے میرا پسندیدہ ہے۔
شاعری کا مجھے حال ہی میں زیادہ شوق ہوا ہے جس کی بدولت میں خود بھی علم عروض سیکھ رہی ہوں۔

**کیا انگلش ناول پڑھتی ہیں؟


ہاہاہا انگلش زبان کیوں ایجاد ہوئی اور اگر تھی تو ہمارے ملک میں کیوں لائی گئی انگلش کے لیے میرے تاثرات کچھ ایسے ہی ہیں یہ مجھے ہامون جادوگر لگتی ہے جس کو میں کبھی قابو نہیں کر سکی۔ میں نے حال ہی میں ایم اے مکمل کیا ہے جو کہ اس انگلش کی وجہ سے ادھورا تھا کیوں کہ گریجویشن میں میں نے انگلش میں سپلی لی تھی اور مسٹر چپس کے علاوہ سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ میں کبھی انگلش کے کسی ناول کو ہاتھ لگاؤں گی۔😆😆 ویسے 1 2 انگلش گانے ہیں جو میں سن لیتی ہوں سمجھ مجھے نہیں آتی لیکن انکی ٹون اچھی لگتی ہے۔

**فیورٹ موٹیویشنل اسپیکر ؟


مجھ میں فیورٹزم ذرا کم ہے میں متاثر نہیں ہوتی آپ اس کو میری خامی کہہ سکتی ہیں میری سوچ کے مطابق سب انسان اچھا بولتے ہیں اچھی نصیحت کرتے ہیں اپنے اپنے تجربات کے حساب سے دوسروں کو جینے کا ڈھنگ سکھاتے ہیں۔میرا کوئی موٹیویشن نہیں ہے میں اپنی موٹیویشن خود ہوں۔

**فیورٹ کتاب؟


کتابیں ساری پڑھ لیتی ہوں جہاں وقت مل جائے نام ضرور دیکھتی ہوں کسی برے تاثر پر نا لکھی ہو۔خوفناک کہانی بالکل نہیں پڑھ سکتی۔

**فیورٹ کھانا- مشروب- لباس؟


مجھے گوشت پسند ہے میں گوشت میں بنی ہر چیز کو شوق سے کھا لیتی ہوں۔
مشروب پانی سے بہترین کوئی نہیں ہے کوک کبھی پی لیتی تھی مگر گلہ خراب ہو جاتا ہے اس وجہ سے چھوڑ دی۔
لباس میرا پسندیدا فراک اور ٹروزر ہے میٹرک کے بعد میں نے سلائی سیکھ لی تھی تو اپنے لباس بھی خود ہی تیار کرتی ہوں۔

**کوئی جاب وغیرہ کی یا کوئی پیشہ؟


کسی کے ماتحت رہ کر تو میں کوئی کام کر ہی نہیں سکتی بہت زیادہ موڈی ہوں جاب کا کبھی دھیان بھی نہیں آیا۔اللہ تعالی نے ہاتھ میں سلائی کا ہنر دیا تو میں نے اسی کو پیشے کے طور پر اپنا لیا ہے حال ہی میں میں نے ایک آن لائن بوتیک اورگنائز کی ہے جس کا نام (STICH4U) ہے.

**آن لائن بزنس کا تجربہ کیسا رہا؟


آن لائن بزنس کا تجربہ زبردست رہا ہے گھر بیٹھے بہت سی خواتین کو میں نے اپنے ساتھ شامل کیا ہے میری میڈم زاہدہ نے مجھے یہ صلاحیت دی تھی میں نے آگے بہت سی لڑکیوں میں اس کو منتقل کیا ہے جس کی مجھے خوشی ہے۔میں یہ مانتی ہوں کوئی کاروبار ہو یا زندگی کا کوئی سفر ہو یا کوئی رشتہ ہو اگر آپ کی نیت خالص ہے تو آپ کو نتائج زبردست ملیں گے۔

**کون سا ملک اچھا لگتا ہے اور کیوں؟


مجھے اپنے ملک سے پیار ہے پاکستان بہترین ملک لگتا ہے ابھی تک کسی ملک جانے کی خواہش نہیں ہے۔

**اللہ کے بارے میں احساسات ؟


اللہ تعالی میرے لیے جینے کا احساس ہے یہ ایک ایسا احساس ہے جس نے مجھے کبھی کسی بھی موڑ پر تنہا نہیں ہونے دیا ہر دم یہ احساس میرے ساتھ رہا جب میں گرنے لگی مجھے تھام لیا اللہ تعالی سے میری دوستی اتنی پکی ہے کہ مجھے کبھی کسی دوست کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔
میں ہمیشہ اللہ تعالی کی شکر گزار رہتی ہوں میں نے زندگی میں جو بھی گناہ کیا قبل اس سے کے مجھے سزا ملے اللہ مجھے احساس گناہ میں ضرور ڈالتا ہے تاکہ میں معافی مانگ سکوں۔

**دوسروں کی باتوں کا اثر لیتی ہیں؟


اگر صحیح بات پر تنقید ہو تو ضرور مانتی ہوں بات بھی مان لیتی ہوں اثر ذرا کم لیتی ہوں۔الزام برداشت نہیں ہوتا جہاں کوئی الزام مجھ پر لگایا جائے گا وہاں آپ ایک مختلف اقصی کو پائیں گی😊
بچپن میں اک ٹیچر نے مجھے ہر فن مولا کہا تھا اس بات کا مجھ پر اب تک بہت زیادہ اثر ہے میں ہر فن میں طاق ہونے کی کوشش کرتی رہتی ہوں۔

**بطور رائٹر اور مدیرہ آپ اپنے آپ کو کہاں دیکھتی ہیں ؟


بطور رائٹر میرا یہ سفر کہاں تک جاری رہتا ہے میں نہیں جانتی جب تک اللہ چاہے گا میں قلم سے دوسروں کو مستفید کرتی رہوں گی۔
ایک مدیر ہونے کی حیثیت سے مجھے دوسروں کو ساتھ لے کر چلنا اچھا لگتا ہے میری راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی تو میں چاہتی ہوں کہ ہر لکھاری کو ایک بہترین پلیٹ فارم ملے اور آنے والی نسل کے لیے ہم کچھ ایسا کر کے جائیں کہ وہ اردو ادب سے محبت کریں ۔

**لکھنے والوں کے لئے پیغام؟


ہمیشہ اپنی سوچ کو مثبت رکھیں اور اپنے الفاظ کو جب ورق پر اتاریں تو یہ خیال رہے کہ یہ پڑھنے والے کی سوچ پر برا تاثر نہ ڈالیں۔
اور سب سے بڑھ کر اس فیلڈ میں مقابلہ بازی نہ کریں تنقید کرنا حق ہے مگر ڈی گریڈ کرنا اور ہتک آمیز رویے کا اظہار کرنا غلط ہے یہ آپ کی عزت کو گھٹا دیتا ہے۔

**سب سے آخر میں قلم کتاب ناول ہی ناول اور اس طرح کے بہت سے پلیٹ فارم جو آن لائن چل رہے ہیں میں ان سب کو سرہانا چاہوں گی کیوں کہ موجودہ وقت کے لحاظ سے یہ ایک بہترین عمل ہے چونکہ موبائل لیپ ٹاپ اور انٹرنیٹ عام ہے اور لوگ معاشی طور پر اتنے مستحکم نہیں ہیں وہ ایک ہی چیز کو افورڈ کرتے ہیں نیٹ پیکج لگا لیتے ہیں اور پھر اس طرح سے نئی نسل انٹرنیٹ کی ویب سائٹ پر سب کتب و رسائل آسانی سے پڑھ سکتی ہے۔۔
دعاؤں میں یاد رکھیں اللہ حافظ۔
[12/24, 12:17 AM] Aqsa Ejaz Wr: معذرت کرتی ہوں رات کے اس ٹائم میسج کیا لیکن کچھ مہمانوں کی آمد کی وجہ سے دیر ہوگئی اگر کوئی غلطی کمی بیشی کوئی الفاظ برا لگا ہو تو معذرت مجھے واپس بھیج دیجئے گا میں تصیح کرکے آپ کو دوبارہ واپس کر دوں گی شکریہ ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں