دورہ قرآن پارہ 4
سلسلہ وار دورہ #قرآن نوٹس ۔۔پارہ نمبر 4
جزو اول (ربع )
نیکی کی اصل روح خدا سے محبت ہے
جہاں معاملہ خرچ کا آجائے وہ بھی محبوب مال کا پھر وہاں دعوائے عشق و محبت کا امتحان ہوتا ہے، نیکی کی اصل روح رضائے الہی کی خاطر اپنی عزیز چیز کو قربان کردینا ہے،صرف ظاہری حلیہ تبدیل ہونے کی حیثیت اوپری پالش کی مثل ہے جو گھن کھائی لکڑی پر پھیر دیا گیا ہو اس سے صرف انسان دھوکا کھا سکتا ہے خدا نہیں۔۔۔۔
پارہ 4- سورۃ آل عمران- رکوع 10
اللّٰہ کی رسی کو مضبوط پکڑ لو
اللّٰہ کی #رسی سے مراد اللّٰہ کا دین ہے یہی وہ رشتہ ہے جو ایک طرف اہل #ایمان کا تعلق اللّٰہ سے قائم کرتا ہے دوسری طرف تمام ایمان والوں کو باہم ملا کر ایک جماعت بناتا ہے۔ اس رسی کو یعنی دین کو مضبوط تھامے رہیں اقامت کے لئے کوشاں اور اس کام میں متحد رہیں
پارہ4- سورۃ آل عمران- رکوع11
ایمان لانے والے اپنے علاوہ کسی دوسرے کو اپنا رازدار نہ بنائیں
اللّٰہ تعالیٰ منافقین کی اسلام دشمنی سے پردہ اٹھاتا اور ان کی منافقانہ روش سے مسلمانوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دیتا ہے
ظاہری دوستی کی آڑ میں وہ ہر وقت اس کوشش میں ہیں کہ کسی طرح مسلمانوں کی جماعت میں اندرونی فتنہ و فساد برپا کردیں مسلمان انہیں راز دار نا بنائیں
خلاصہ رکوع نمبر 12 پارہ نمبر 4
وَإِن تَصْبِرُوا وَتَتَّقُوا
اللّٰہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ ہمارا ایمان اس درجے کا ہو کہ مشکل حالات میں بجائے بدک جانے اور پیچھے ہٹ جانے کے ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹے رہیں اور صبر کریں تو اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ ہماری تین ہزار نہیں بلکہ پانچ ہزار فرشتوں سے مدد فرمائیں گے۔ یہ خوشخبری ہے تاکہ مومنین کے دل مطمئین ہوجائیں، بے شک فتح و نصرت سب اللّٰہ کی طرف سے ہے۔
( سورۃ آل عمران- رکوع13 خلاصہ آیت نمبر120)
امر بالمعروف نہی عن المنکر
امت مسلمہ پر واضح کردیا کہ ان کا مقصد حیات اصل میں نیکی کو قائم رکھنا اور بدی کو مٹانے کا جزبہ وعمل ہے۔ اللّٰہ کا کلمہ بلند کرنا امت کی زمہ داری ہے۔
معروف کا حکم دینا لیکن منکر سے نا روکنا عام رویہ بن چکا ہے، کبھی تعلقات کے خراب ہونے کا ڈر اور کبھی دوسرے دنیاوی فوائد کے پیشِ نظر ،داعی دین کو تنبیہہ کی گئی کہ یہ درست رویہ نہیں۔
(خلاصہ: سورۃ آل عمران- رکوع 12۔ آیت نمبر 114)
غزوہ احد کا منظرنامہ
مسلم لشکر کے چند تیراندازوں سے جو غلطی سرزد ہوئ وہ دراصل سودی معیشت پر مبنی سوسائٹی کے افراد میں پائی جانیوالی خصوصیت( دنیاوی نفع اور مال کی محبت ) کا شاخسانہ تھی..اسلیئے یہ ایک ضروری امر تھا کہ اب جس گروہ کو اقامت دین کی ذمہ داری دی جارہی ہے اسے اس خامی سے پاک کیا جائے اور اسکے دلوں سے دنیاوی نفع کی خواہش کو اخروی فلاح کی طلب سے بدل دیا جائے ۔
رکوع نمبر ۱۴ – چوتھا پارہ
سنت الہی
اللہ کی سنت یے کہ اپنے مخلص بندوں کو آزمائش اور سخت حالات کی بھٹی سے گزار کر غیر مخلص افراد سے الگ کرلیتا ہے..ضروری ہے کہ اقامت دین کے مخلص سپاہیوں کو چھانٹ کر ایک ایسا گروہ تشکیل دیا جائے جو اس منصب جلیل کی جدوجہد کی اہلیت رکھتے ہوں جس پر امت مسلمہ کو فائز کیا جارہا ہے..
رکوع نمبر ۱۴ – چوتھا پارہ
حق جانچنے کا یہ پیمانہ قطعی درست نہیں کہ اگر کوئ حق پر ہے تو اسے کبھی شکست یا نقصان نہیں ہوسکتا …بعض اوقات یہ بظاہر ناکامی یا نقصان کھرا , کھوٹا چھانٹنے کی کسوٹی بھی ہوتا ہے..حق کو کبھی کثرتِ تعداد و مال پر نہیں جانچنا چاہیئے .. اللہ کی مصلحتوں کے تحت اہلِ حق کو نفع و نقصان پہنچنا اقامتی مشن کے اتارچڑھاؤ کا حصہ ہے…
رکوع نمبر 16 – چوتھا پارہ
قرآن کا تربیتی اسلوب
قرآن کا مومنین کیلیئے تربیتی اسلوب انتہائ دلکش ہے کہ وہ انکی غلطیوں / کوتاہیوں کی نشاندہی اس تناظر میں کرتا ہے کہ اصل توجہ اپنی اندرونی کوتاہیوں اور خامیوں پر رہے اور انکے سدھار کی فکر کرے … بیرونی حالات و وجوہات کو ثانوی حیثیت میں رکھتا ہے.. اس طرزِ فکر کے افراد اقامتی مشن کو ثابت قدمی سے آگے بڑھا سکتے ہیں جو اپنی داخلی کوتاہیوں پر قابو پانے کیلیئے تیار ہوں…
سورہ آلِ عمران -خلاصہ رکوع نمبر ۱۷ –
نصف تا ثلث پارہ نمبر 4
بخیل کا مال گلے کا پھندا بنے گا
کنجوسی کا رویہ اختیار کرنے والوں کو ڈرایا گیا ہے کہ اگر دنیا میں اپنا مال دین کی خدمت میں صرف نہ کرو گے تو یہ آخرت میں تمھارے گلے کا پھندا بن جائے گا جس سے چھٹکارا حاصل نہ کر سکو گے۔
سورۃ آلِ عمران خلاصہ رکوع نمبر 18
آسمانی کتب کا نزول ان کی اقامت کے لیے ہوتا ہے
بنی اسرائیل کو توراۃ دینے کے بعد ان سے وعدہ لیا گیا کہ وہ اسے نافذ کریں گے۔ اور اپنی آئندہ نسلوں کو اس کی تعلیم دیں گے۔ لیکن انھوں نے کتاب کی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا اور دنیا کی رنگینیوں میں گم ہو گئے۔افسوس آج امت مسلمہ بھی قوم یہود کے نقش قدم قرآن کے نفاذ کی ذمہ داری سے غافل ہے۔
سورۃ آلِ عمران خلاصہ رکوع نمبر 19
اخلاقی کمزوریوں کے ساتھ فتح ممکن نہیں
جنگ احد کی شکست ،مومنین کی شہادت، نبی کریمﷺ کا زخمی ہونا،یہ تمام مصائب عام مسلمانوں کے لیے خلاف توقع اور حیران کن تھے۔لیکن باری تعالی نے کہا ان سے کہو یہ مصیبت تمہاری اپنی لائی ہوئی ہے مسلمان اخلاقی کمزوریوں کے ساتھ کبھی فتحیاب نہیں ہو سکتا۔
پارہ 4 آل عمران ،خلاصہ رکوع 17
کھرے اور کھوٹے کی پہچان کا ربانی طریقہ
حق و باطل کی کشمکش اور اللہ کے دین کو قائم کرنے کی جدو جہد میں آنے والی آزمائشیں اور امتحان مومن اور منافق کے فرق کو روز روشن کی طرح نمایاں کر دیتے ہیں۔
اور اللہ پاک لوگوں کو ناپاک لوگوں سے الگ کر لیتا ہے۔
پارہ۔۔4 آل عمران/ خلاصہ رکوع۔۔18
کامیاب کون
آج انسان مسابقت کی دوڑ میں مبتلا ہے۔ ہر شخص اور گروہ کامیابی کے خود ساختہ ہدف کے پیچھے بھاگ رہا اور فلاح و خسران کے معاملے میں سخت دھوکے میں مبتلا ہے۔دنیا کی بڑی سے بڑی کامیابی بے معنی اور بے وزن ہے۔
اصل کامیابی آخرت کی دائمی زندگی میں آتش دوزخ سے بچ جانا ،اور جنت کا مستحق بن جانا ہے۔
پارہ۔۔4۔۔آل عمران خلاصہ رکوع۔۔19
ثلث تا اختتام
شعوری مسلمان کی زندگی جہد مسلسل ہے
مال اور جان کی آزمائشیں ہوں یا غیر مسلموں کی تکلیف دہ باتیں اور چالیں،ان حالات میں خداترسی اورصبر کی روش پر قائم رہنا بڑی عزیمت اور حوصلہ کا کام ہے۔اور یہی بردباری مومن کی شان ہےآثار کائنات پر مسلسل غورو فکر ایک سلیم الطبع مومن کو بے ساختہ ایمان و یقین کی بلندیوں ،اللہ کی عظمتوں اپنی لاچاریوں و بے بس حیثیت کے ادراک تک پہنچا دیتا ہے۔
پارہ 4 آل عمران خلاصہ رکوع 20
*کامیابی کےاصول *
قرآن پاک میں کامیابی کے چار اصول رہتی دنیا تک کے لئے مقرر ہوگۓ۔
صبر ( حوصلہ قائم رکھنا)
مصابرت ( پامردی، یعنی محاذ پر ڈٹے رہنا)
مرابطہ ( مرابط یعنی جڑے رہنا کمر بستہ رہنا)
تقوی (معاملات اور اقدامات میں اللہ سے ڈرنا)
رکوع 20 آیت 200
خاندانی نظام
خاندانی نظام خود اللہ تعالی کا پیدا کیا ہوا اور اس کا پسندیدہ نظام ہے جس کی وہ نگرانی بھی کر تا ہے۔۔۔اس لیے اس کو بگاڑنے یا نقصان پہنچانے سے سختی کے ساتھ منع کیا گیاہے۔
سورۃ النساء رکوع1 خلاصہ آیت 1
مہر کی تاکید
مہر کو اللہ تعالی ایسا فرض قرار دیتا ہے جسے خوش دلی کے ساتھ ادا کرنےکا حکم ہے۔
اس میں عورتوں کو سوشل بلیک میل کرکے معاف کروانے یا ان کا استحصال کرنے کے مروجہ طریقوں کی قطعی ممانعت ہے۔
رکوع 1 خلاصہ آیت 4
وراثت کی تاکید
وراثت کے مال میں مرد اور عورت دونوں حصے دار ہیں عورت وراثت سے محروم نہیں۔ مال متروکہ تھوڑا ہو یا زیادہ وارثوں کے حصے اللہ کی طرف سے مقرر ہیں۔ عموماً عورت کے ایک حصے کو اس کے ساتھ زیادتی کے ذمرے میں لیا جاتا ہے جبکہ عورت کا ایک حصہ خالصتاً اس کا اپنا ہے اور مرد کے دو حصے اس کے پورے خاندان پر خرچ کرنے کے لئے ہیں۔
سورہ نساء رکوع 1 خلاصہ آیت 7
وصیت کی تاکید
قرض کی ادائیگی اور وصیت کی تکمیل تقسیم وراثت سے پہلے ہے مگر وصیت کی شرائط اللہ کی طرف سے مقرر ہیں جو دانا اور بینا ہے۔
1) وصیت کل مال کے ٪ 33 سے زیادہ پر نہ ہو ۔
2) وصیت شرعی وارثوں کے بارے میں نہ ہو۔
3) وصیت شرعی وارثوں کےحصے پر اثر انداز نہ ہو۔
وصیت ظلم و زیادتی پر مبنی ہو تو اس کی پابندی ضروری نہیں ہے۔
آیت 12