405

رشتوں کی قدر کریں

تحریر شئیر کریں

رشتوں کی قدر کریں

آپ نے ایک موبائل لیا ہے بیس یا تیس ہزار روپے کا، بڑا اچھا اور اعلیٰ موبائل ہے، ویسے تو دو دو لاکھ روپے کا بھی موبائل ملتا ہے مگر یہ ادنیٰ ترین رقم ہے جس میں کوئی شخص اچھا سا موبائل خرید سکتا ہے…!!!!
آپ نے استعمال بھی شروع کردیا، بہت پسند آیا آپ کو۔

چند دن بعد ایک مسئلہ ہوا کہ موبائل گرم ہونا شروع ہوگیا۔ حد سے بڑھ کر گرم ہو گیا حتیٰ کہ ہاتھ لگانا بھی مشکل ہوگیا۔ بالکل پکڑا ہی نہیں جارہا. اب آپ کیا کریں گے، میرا مشورہ تو یہ ہے کہ اک ہتھوڑی اٹھائیں اور موبائل توڑ دیں۔
نہیں، آپ بالکل بھی ایسا نہیں کریں گے. آپ اپنے بھائی سے مشورہ کریں گے، دوست سے مشورہ کریں گے۔ ملنے جلنے والوں سے مشورہ کریں گے حتیٰ کہ آپ کو یہ بات معلوم ہوجائے کہ چارجر خراب ہونے کی وجہ سے موبائل کی حدت بڑھ گئی تھی، تب جاکر آپ نیا چارجر خریدیں گے…!!!!

یا ایک اور بات فرض کر لیجیے کہ موبائل میں آواز آنا بند ہوگئی۔ کال ملاتے ہیں آپ کی آواز مقابل کو جاتی ہے مگر اُس کی آواز آپ نہیں سُن سکتے، بڑی شدید پریشانی، کوفت اور تنگی کا سامنا ہے۔ غصہ بھی آرہا ہے۔ اب تو آپ ضرور ایسا کیجیے کہ ہتھوڑا لیجیے اور موبائل توڑ دیں۔

اگر آپ کے اندر عقل ہے تو آپ ایسا نہیں کریں گے. بلکہ میں آپ کو اصرار کروں، بہت بہت زیادہ، پھر بھی آپ ایسا نہیں کریں گے. کیونکہ آپ میں اتنا شعور تو ہے کہ قیمتی چیزیں جب خراب ہوجائیں، پریشان کریں یا تنگ کریں تو اُن کو توڑا نہیں جاتا بلکہ تصحیح یعنی ریپئر کیا جاتا ہے…!!!!

بڑا ہی بیوقوف اور احمق شخص ہوگا جو کوئی فریج لے کر آئے اور گھر آتے آتے کسی غفلت کی وجہ سے فریج کا ہینڈل ٹوٹ جائے، تو نتیجتاً وہ ساری فریج توڑ دے یہ کہہ کر کہ اب تو یہ بیکار ہوگئی…!!!!
ایسے شخص کی حماقت میں کوئی شُبہ باقی رہے گا؟؟

ہم بھی ایسی کچھ حماقتیں آئے روز قریبی رشتوں کے ساتھ کر بیٹھتے ہیں۔ جو جوڑنے کی چیز تھی قابلِ اصلاح، قابلِ تصحیح اور نبھانے والی قیمتی چیز تھی، اُس کو ہم بار بار توڑ دیتے ہیں…!!!!
اگر آپ اپنے بھائی کے گھر جاتے ہیں اور وہ آپ کو نہیں ملتا، پانی تک نہیں پوچھتا تو اتنی سی بات پر رشتہ ناطہ توڑ دیں گے آپ؟؟
آپ کی بہن، آپ کا دوست یا آپ کا کوئی بھی قریبی رشتہ دار جب کوئی غلطی کرے تو جب فریج کا ہینڈل ٹوٹ جانے پر مکمل فریج نہیں توڑ دیتے تو پھر تعلقات میں اگر کوئی ایک آدھی غلطی ہوجائے تو خدارا مکمل تعلق مت توڑیں…!!!!

جتنی اہمیت ہم اپنی قیمتی چیزوں کو دیتے ہیں اُن سے آدھی بھی اگر رشتوں کو دے دیں تو آج گھروں میں فسادات بلکہ خاندانی جھگڑوں میں نوے فیصد تک کمی آ سکتی ہے…!!!!

بس ایک چھوٹی سی بات یاد کر لیجیے کہ کوئی بھی رشتہ توڑنا نہیں ہے۔ آپ غصہ کریں، شکوہ کریں، قریبی رشتہ ہو تو ہلکی سی سزا بھی دیں، تھوڑی سی ناراضگی اختیار کریں، اپنے بڑوں سے مشورہ کریں، دوست سے مشورہ کریں یا کسی خیرخواہ سے مشورہ کرکے رشتہ بچانا ہے۔ جی جان لگا کر ہر ہر رشتہ بچانا ہے۔ اِس کی قدر کرنی ہے…!!!!

بلکہ میں تو یہ کہتا ہوں کہ اِس خیر کے جذبے کو اور بڑھائیے، جہاں کہیں بھی کوئی ٹوٹ رہا ہو اُس کو جوڑنے والی بات کریں۔ جوڑنے والے بن جائیں۔ دلوں کو جوڑیے۔ یقین جانیے آپ کو قلبی سکون ملے گا۔ ہر طرف محبت اور امن کی فضا قائم ہوگی اور ان شاء الله خوشگوار ماحول قائم ہوگا…!!!!

الله تعالیٰ ہم سب کو رشتے نبھانے والا بنائے، توڑنے والوں کے شر سے بچائے اور ہمیں رشتہ جوڑنے والوں میں شامل فرمائے،
آمین یارب العالمین…!!!!

رشتوں کی قدر کریں


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں