عورت اور ماضی
نادیہ وسیم
کچھ دن پہلے ایک ڈرامہ میری نظر سے گزرا۔اس ڈرامے میں کچھ ایسی باتیں حقائق اور واقعات تھے جو سچ میں حقیقت پر مبنی ہیں۔
ہمارے معاشرے میں مرد اور عورت کا فرق کبھی ختم ہوا ہی نہیں دونوں کا اسٹیٹس بھی مختلف ہے اور کردار بھی مختلف۔
ہم ایک male dominating society
میں رہتے ہیں مرد کی حیثیت اہمیت اور خاصیت ایک بلند مقام رکھتی ہے خواہ وہ مرد امیر ہے غریب ہے یا فقیر ہے۔
میری دادی کہا کرتی تھی،
مرد پاوے مٹی دا کیوں نا بنیا ہوے او اپنی اکڑ ضرور ویکھندا اے۔
بات نکلی تھی ڈرامے سے ایک لڑکی یونیورسٹی میں پڑھتی ہے وہاں اس کا کلاس فیلو اس کو پرپوز کر دیتا ہے۔
وہ سب کے سامنے انکار کر دیتی ہے۔
اس لڑکی کی کہیں اور شادی ہوجاتی ہے شادی کے کچھ دنوں بعد وہ باتوں ہی باتوں میں اس بات کا تذکرہ شوہر سے کر بیٹھتی ہے جو اسکے شوہر کو ناگوار گزرتا ہے پھر انکی ازدواجی زندگی میں سواے طعنوں کے اور کچھ نہیں رہتا
لڑکیاں جب جوان ہوتی ہیں ان کے رشتے آنے شروع ہوجاتے ہیں اور یہ قسمت کا کھیل ہوتا ہے کہاں جوڑ بنا کہاں رشتہ ہونا ہے انسان کے اختیار میں کچھ نہیں ہوتا۔
یوں بہت سے رشتے آتے ہیں چلے جاتے ہیں ۔ لڑکیوں کی منگنی اورنکاح بھی ٹوٹ جاتے ہیں لیکن ان باتوں میں ایک لڑکی کا کیا قصور ہوتا ہے یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔
ہمارے اپنے خاندان کی عورتیں بیٹیوں کو شادی سے پہلے یہ سبق پڑھا رہی ہوتی ہیں بیٹا اگلے گھر جا رہی ہو بھول کر بھی اپنے شوہر کو پہلی زندگی کے بارے میں نہیں بتانا کہ تمہاری کہیں منگنی ہوئی تھی یا تمہارا کہیں رشتہ ہوا تھا۔
کیونکہ مرد یہ بات برداشت نہیں کرتا ۔
اور وہ لڑکی اس پل صراط سے گزرتی ہے کہ اس کے ماضی کا دریچہ کھل نا جاے۔
اگر پتہ چل بھی جاتا ہے تو اسکو رسوائی ،زلالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاتا ہے اور ایسے بیہودہ سوالات پوچھے جاتے ہیں جن کا اس کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا اور نا ہی اسکا کوئی قصور۔
بات یہاں پر بھی ختم نہیں ہوتی مرد حضرات اپنی بیگمات کے سامنے اپنے ماضی کے عشقیہ قصے بڑی دلیری اور شاہانہ طریقے سے بیان کرتے ہیں جیسے انہوں نے بہت سی جنگیں جیتی ہوں۔
اور بیگمات اتنی مجبور ہوتی ہیں کہ وہ ان کے قصے سن کر بھی ان سے محبت کے دعویدار ہوتی ہیں۔
کیا یہ سب کھلا تضاد نہیں۔
عورت کو اپنا ماضی چھپانے کو کیوں کہا جاتا ہے جس طرح ایک عورت مرد کو اس کی ہر برائی اچھائی اس کے برے اور گندے ماضی کے ساتھ قبول کر سکتی ہے تو مرد کیوں نہیں کر سکتا۔
منگنی کا ٹوٹا ، کسی عورت کو پرپوز کرنا، رشتے کا ختم ہونا، عورت کا نکاح ٹوٹنا عورت کے کردار پر دھبہ نہیں ہوتے۔ یہ مرد کی سوچ پر دھبہ ہوتا ہے ۔
کہا جاتا ہے ہر مرد خود تو پارسا نہیں ہوتا ، لیکن عورت اسکو پارسا چاہیے۔
بات کہاں سے کہاں نکل گئی
افسوس ہوتا ہے ہم نام کے مسلمان ہیں صرف ہم پرایک ٹیگ ہے ہم مسلمان ہیں۔
اسلام میں عورت کا مقام اور حثیت بہت بلند ہے اگر دیکھا اور سوچا جائے تو۔ اس کو بے معنی چھوٹی باتوں پر سرعام بد نام نہیں کیا جاتا۔
مرد کو اعلی ظرف ہونا چاہئے کم ظرف نہیں اگر وہ سرتاج ہے تو تاج بن کے رہے نہ کہ گلے کا پھندہ اگر وہ مجازی خدا کہلانے کے قابل ہے تو پہلے خدا کی چند صفات کو اپنے مزاج میں شامل تو کرلے۔
میاں بیوی ایک دوسرے کا لباس ہوتے ہیں لباس کا خیال رکھا جاتا ہے اس کو پاک اور صاف رکھا جاتا ہے نہ کہ ماضی میں جھانک کر اس کو تار تار کیا جائے۔
جس طرح ہر عورت مرد کو اس کے ماضی و حال کے ساتھ قبول کرتی ہے مرد کو بھی چاہیے کہ وہ اتنی ہمت پیدا کرے کہ وہ عورت کو اس کے ماضی کے ساتھ قبول کرے جب تک ہم اپنی سوچ نہیں بدلیں گے یہ معاشرہ نہیں بدلے گا۔
اعلی تعلیم یافتہ ہونے سے کوئی بدلاؤ نہیں آتا۔
بلکہ اعلیٰ سوچ رکھنے سے معاشرہ اور حالات بدلتے ہیں ۔ سوچ کا معیار بلند اور مثبت رکھیں گے تو پھر ہر کوئی پارسا ہی نظر آئے گا۔