202

غزہ اور انسانی ضمیر

تحریر شئیر کریں

تحریر: مریم حیا | تاریخ: 5 اپریل 2025

دنیا جب ظلم کی اندھیری وادی میں گرتی ہے تو کہیں کہیں ایسے چراغ بھی روشن ہوتے ہیں جو ضمیر کو جھنجھوڑ دیتے ہیں۔ مشہور داعیِ دین اور المغرب انسٹی ٹیوٹ کے بانی شیخ محمد الشریف کی ایک پرانی ویڈیو آج دل و دماغ پر گہرے نقوش چھوڑ گئی۔ اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے ذاتی PTSD (ذہنی صدمے) کا تذکرہ کیا، جو کئی سالوں تک ان کی زندگی کو متاثر کرتا رہا۔

یہ جان کر حیرت ہوتی ہے کہ ایک خوش مزاج، زندہ دل اور پُرامید انسان بھی ذہنی اذیت کا شکار ہو سکتا ہے۔ اور اس اذیت کی جڑیں حج کے موقع پر پیش آنے والے کچھ ایسے واقعات میں پیوست تھیں جنہوں نے ان کے دل و دماغ کو ہلا کر رکھ دیا۔

انسانی بے حسی کا منظر اور پہلا صدمہ

شیخ نے ایک واقعہ بیان کیا جس میں حرم شریف کے باہر بھگدڑ کے دوران لوگ خیموں میں پناہ لینے کی کوشش کر رہے تھے، مگر خیمے والوں نے دروازے بند کر دیے۔ باہر کئی افراد کچلے گئے، جن میں سے کئی شہید ہو گئے۔ یہ انسانی بے حسی کا ایسا منظر تھا جس نے شیخ کو برسوں تک بے چین رکھا۔

دوسرا واقعہ: خاموشی کی قیمت

دوسرا واقعہ زیادہ ذاتی نوعیت کا تھا۔ شیخ نے ایک بوڑھے حاجی کو بے یار و مددگار حالت میں دیکھا مگر جلدی کے باعث مدد نہ کر سکے۔ اگلے روز اس شخص کے انتقال کی خبر ملی، اور یہی لمحہ احساسِ جرم اور مسلسل ذہنی اذیت کی بنیاد بن گیا۔

روحانی شفا: خدمت کا سفر

شیخ محمد الشریف نے اس غم کو تھیراپی، توبہ اور عملی خدمت کے ذریعے شفا میں بدلا۔ انہوں نے اللہ سے وعدہ کیا کہ اب ہر سال حرم میں خادم بن کر جائیں گے، اور حاجیوں کی مدد کریں گے۔ وہیل چیئر چلانا، راستہ دکھانا، اور بوڑھوں کا سہارا بننا — یہی ان کے لیے روحانی سکون بن گیا۔

غزہ اور ہمارا اجتماعی ضمیر

یہ سب لکھتے ہوئے میرے دل میں ایک سوال اٹھا
غزہ کے مظلوموں کے لیے ہم نے کیا کیا

آج غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ صرف ایک خطے پر حملہ نہیں، بلکہ ہماری خاموشی، لاتعلقی اور بے عملی پر بھی ایک طمانچہ ہے۔ اگر خدانخواستہ ہم نے کچھ نہ کیا، صرف افسوس اور پوسٹس تک محدود رہے، تو کل جب سب کچھ فنا ہو چکا ہوگا، یہی احساسِ جرم ہمیں تاحیات haunt کرے گا۔

جیسے شیخ محمد کے پاس کفارے کا ذریعہ تھا، ویسے ہی ہمارے پاس بھی آج آواز اٹھانے، قلم چلانے، دعا کرنے، مالی امداد دینے کے راستے موجود ہیں۔ اگر ہم نے یہ موقع گنوا دیا تو کل ہم اپنے آپ کو کبھی معاف نہیں کر سکیں گے۔

—غزہ اور انسانی ضمیر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں