352

اسلحے کی دوڑ اور اسلامو فوبیا مسائل کی جڑ

تحریر شئیر کریں

اسلحے کی دوڑ اور اسلامو فوبیا مسائل کی جڑ

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا ہے کہ اسلحے کی دوڑ، اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز تقاریر نے عالمی مسائل میں اضافہ کر دیا ہے۔ چین اور ترقی پذیر ممالک پر مشتمل گروپ 77 کی انفارمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وبا اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل نے چیلنجز کو مزید بڑھا دیا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ممالک کو خوراک، توانائی اور سپلائی چین میں رکاوٹ جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔

ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دنیا کے درمیان ڈیجیٹل تقسیم بڑھ رہی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ عالمی امن و استحکام کے پیغامات کو واضح اور موثر انداز میں سنا جائے۔ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل اقوام متحدہ میں قرارداد منظور کی گئی تھی۔ ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلام فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام فوبیا کے خلاف ہماری آواز سنی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے متعلق او آئی سی کی پیش کردہ قرارداد پاکستان نے پیش کی تھی اور اقوام متحدہ نے پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بالآخر دنیا کو درپیش سنگین چیلنج کو تسلیم کر لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے لیے اگلا چیلنج اس تاریخی قرارداد پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر اور مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک کو کم کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت دیگر اہم مقامات پر مسلسل اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ وہ بین الاقوامی فورمز پر بارہا دنیا کو اسلام فوبیا کے مضر اثرات سے آگاہ کر چکے ہیں۔

اسلحے کی دوڑ اور اسلامو۔فوبیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں