خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان
ماہ رخ سعیدہ
(پچھلی اور موجودہ سہ ماہی کے بیشتر ڈراموں میں الیکٹرانک میڈیا پر دکھایا جانے والا خودکشی کا خطرناک ترین رجحان ۔۔۔۔۔۔۔۔آخر کیوں؟)
اپنی زندگی کو اپنے ارادوں اور اپنے ہاتھوں سے ختم کر لینا ایک بھیانک اور تکلیف دہ احساس ہے۔ زندگی تو مسائل کا نام ہے جس سے باہر نکلنے کے لیے تگ ودو کرنی پڑتی ہے لیکن ہمارے اردگرد وہ کون سے محرکات ہیں جو ہمیں مقابلہ کرنے کے بجائے زندگی سے فرار حاصل کرنے کے لیے اکساتے ہیں۔۔۔۔۔۔۔
آئیے پچھلی پوری سہ ماہی میں الیکٹرانک میڈیا سے نشر ہونے والے ڈراموں کی کہانیوں کا جائزہ لیتے ہیں۔۔۔۔۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری ایسے ڈراموں کو پروموٹ کر رہا ہے جس سے معاشرے میں تخریبی عوامل پیدا ہوں۔ ہر چینل اس وقت مختلف کہانیوں کے ذریعے حساس، متنازعہ موضوعات اور پھر ان کا انجام خودکشی کی شکل میں دکھا رہا ہے، جو معاشرے میں زہر کا کام انجام دے رہے ہیں۔ رواں سال میں کئی ایسے خطرناک ڈرامے پیش کیے گئے جن میں خودکشی کو نارمل دکھایا گیا اور لوگوں خاص طور پر نوجوانوں پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
⬅️ ڈنک
اس میں نعمان اعجاز جو کہ ایک پروفیسر کا رول ادا کر رہے ہیں، نے اپنے شاگرد کی تہمت سے دل برداشتہ ہو کر خودکشی کی۔
⬅️ لوگ کیا کہیں گے
اس میں نعمان اعجاز نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی۔
⬅️ پری زاد
اس میں بہروز کریم کا کردار ادا کرنے والے نعمان اعجاز نے بھی خود کشی کی۔
⬅️ جلن
اس ڈرامے میں اریبہ حبیب نے بہن اور شوہر کے درمیان تعلقات کی وجہ سےخود کو آگ لگا کر خود کشی کی۔
⬅️ آزمائش
اس ڈرامے میں لڑکی نے سوتیلی بہن کے حسد میں مبتلا ہو کر خودکشی کی۔
⬅️ ہم کہاں کے سچے تھے
اس ڈرامے میں مہرین کے والد کو خودکشی کرتے اور مہرین کو خودکشی کی کوشش کرتے دکھایا گیا۔
⬅️ آخر کب تک
اس ڈرامے میں دو لڑکیاں جو اپنے کوچنگ ٹیچر کی ہوس کا نشانہ بنتی ہیں خودکشی کی بار بار کوشش کرتی دکھائی گئی ہیں۔۔۔ کبھی گھر کی چھت سے چھلانگ لگاتے، کبھی زہر پیتے، کبھی کسی طرح اور کبھی کسی طرح ۔۔۔۔ بالآخر ایک کی کوشش کامیاب ہوتی ہے اور وہ اسی میں مرجاتی ہے۔
⬅️ بے رخی
اس ڈرامے میں بھی ہیروئن کے باپ کو خودکشی کرتے دکھایا گیا۔
اس کے علاوہ یہ دل میرا، بددعا، سراب، ہمسفر
یقین کا سفر اور ایسے بہت سے ڈرامے ہیں جس میں خودکشیاں دکھائی گئی ہیں.
نیز بہت سے ڈرامے ایسے بھی ہیں جن میں خودکشی کی دھمکی یا ترغیب دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ڈراموں میں خودکشی کے واقعات دکھائے جانے سے معاشرے میں اپنی پریشانیوں اور تکلیفوں کا مقابلہ کرنے کے رجحان کے فروغ کے بجائے زندگی ہی ختم کر لینے کے رجحان کو فروغ دینا کہاں کی دانشمندی ہے؟
نوجوان نسل پر اس سے نہ صرف انتہائی غلط اثرات مرتب ہورہے ہیں بلکہ بے روزگاری، معاشی بدحالی اور بعض اوقات چھوٹے سے چھوٹے گھریلو مسائل کی وجہ سے اگر ڈپریشن کا شکار ہوا جائے تو اس سے فرار حاصل کرنے کا یہ طریقہ کیا ہمارے دین، مذہب، اقدار کہیں پر بھی موجود ہے؟
گزشتہ ماہ 25 نومبر کو کراچی کے میڈیا سے وابستہ سابق رکن نے گھر میں خود کو پھندا لگا کر خود کشی کی تھی۔
نومبر میں ہی ایک پڑھے لکھے نوجوان شہری نے مشہور شاپنگ مال کی بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی۔
ورلڈ بینک کے 2019 کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں ہر ایک لاکھ میں سے نو افراد خودکشی کرتے ہیں۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت کہتا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر خود کشی کرنے والے افراد کی تعداد 15 سے 35 ہے۔
پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کے مطابق سال 2020 میں 1700 سے زائد افراد نے اپنے ہاتھوں سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا.
پیمرا کے اہلکاروں سے چند ایک اہم
Report PEMRA سوالات؟؟
🌀 اسلام میں خودکشی حرام ہے، کیا اس قسم کے موضوع کو قومی ٹی وی پر فرد کے لیے آسان بنا کر دکھانا درست ہے ؟؟
🌀 الیکٹرانک میڈیا پر دکھائے جانے والے ڈراموں کی کہانیوں کو قبل از وقت مانیٹر کیا جاتا ہے یا صرف اس وقت ہی کاروائی ہوتی ہے جب ان کے پاس کوئی نوٹس یا شکایت پہنچے؟
🌀 پیمرا بتائے کہ الیکٹرانک میڈیا کے لیے طے کیے گئے ضابطہ اخلاق کے خلاف جب ڈرامے بنتے ہیں تو ان پر کیا ایکشن لیا جاتا ہے؟
پیمرا سے گزارش ہے کہ ہماری نوجوان نسل اور ہمارے گھروں پر رحم کریں. مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں. آئندہ اس قسم کے موضوعات کو بالکل نشر نہ کیا جائے۔
==============
پیمرا کے اہلکاروں سے چند ایک اہم
Report PEMRA سوالات؟؟
خودکشی کا بڑھتا ہوا رجحان