بلوچستان ایک اور آپریشن، ایک اور غلطی؟
تحریر: ام بریرہ
تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی ریاست نے طاقت کے بل بوتے پر اپنے عوام کو خاموش کرانے کی کوشش کی، وہ خود کمزور ہو گئی۔ آج بلوچستان میں جو کچھ ہونے جا رہا ہے، کیا وہ ماضی کی غلطیوں کا اعادہ نہیں؟ اگر پچاس سال پہلے کی حکمتِ عملی کامیاب ہوتی تو کیا آج ایک اور آپریشن کی ضرورت پیش آتی؟
ایک ریفرنڈم کیوں نہیں؟
یہ سوال شاید ریاست کے لیے تکلیف دہ ہو، لیکن حقیقت یہی ہے کہ اگر واقعی بلوچستان کے عوام کی اکثریت پاکستان کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو طاقت کے بجائے ایک ریفرنڈم کروا کر معاملہ ہمیشہ کے لیے ختم کیوں نہیں کر دیا جاتا؟ آخر کسی بھی قوم کی بقا عوامی تائید پر ہوتی ہے، نہ کہ بندوق کی نوک پر۔
بگٹی کا قتل اور آج کا بحران
2006 میں نواب اکبر بگٹی کو قتل کیا گیا۔ اُس وقت غیر جانبدار مبصرین نے خبردار کیا تھا کہ یہ ریاست کی بہت بڑی غلطی ہوگی۔ بیس سال گزر گئے، اور بلوچستان کا مسئلہ حل ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوتا چلا گیا۔ ایک ماورائے عدالت قتل نے پورے صوبے میں بداعتمادی کو ہوا دی، تو آج ایک پورے علاقے کو میدانِ جنگ بنا کر ریاست کون سا مقصد حاصل کرنا چاہتی ہے؟
ایک سینئر ملٹری تجزیہ نگار کی نجی گفتگو کے مطابق، “اگر ایک بگٹی کو مارنے سے بلوچستان کی صورتحال خراب ہوئی، تو پورے صوبے کو دبانے سے کیا ہوگا؟” تاریخ کا سبق ہے کہ فوج جب بھی اپنے ہی عوام کے خلاف کھڑی ہوئی، اسے شکست ہوئی۔
کشمیر، اسرائیل اور پاکستان
ہندوستانی فوج پینتیس سال سے زیادہ عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں لڑ رہی ہے۔ آدھے ملین فوجی تعینات کرنے کے باوجود دو سو سے تین سو مجاہدین کو فیصلہ کن طور پر شکست نہیں دے سکی۔ یہ اعداد و شمار بی بی سی کے مطابق انڈین ملٹری کے اپنے ذرائع سے حاصل کیے گئے ہیں۔ اگر طاقت کے استعمال سے ہی مسائل حل ہوتے تو کیا کشمیر کا مسئلہ اب تک ختم نہ ہو چکا ہوتا؟
یہاں یہ بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ 9 مئی کے بعد ریاست نے جو طرزِ عمل اختیار کیا، خاص طور پر *فارم 47* کا نفاذ، اُس نے عوام اور ریاست کے درمیان جو فاصلہ پیدا کیا، وہ پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ 1971 میں کم از کم پروپیگنڈے کے زور پر مشرقی پاکستان کے عوام کو وقتی طور پر ساتھ رکھا گیا تھا، مگر آج 2025 میں، سوشل میڈیا کے دور میں، کیا ریاستی بیانیہ اپنی جگہ برقرار رکھ سکے گا؟
اسرائیل جیسا جدید پروپیگنڈا مشینری رکھنے والا ملک بھی آج دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ تو کیا پاکستان میں عوام کو جھوٹے بیانیے کے ذریعے قائل کیا جا سکتا ہے؟
آخری موقع؟
ریاستوں کی مضبوطی اس میں نہیں کہ وہ اپنے عوام کو طاقت سے دبائیں، بلکہ اس میں ہے کہ وہ عوام کو ساتھ لے کر چلیں۔ اگر بلوچستان میں واقعی کوئی مسئلہ ہے تو طاقت کے بجائے سیاسی حل کیوں نہیں نکالا جا سکتا؟ اگر عوام ریاست سے خوش نہیں تو طاقت کا استعمال انہیں اور دُور کرے گا۔
یہ وقت ہے کہ تاریخ کے سبق کو یاد رکھا جائے، ورنہ غلطیوں کا تسلسل کبھی ختم نہیں ہوگا۔
بلوچستان ایک اور آپریشن