قصہ تخلیق آدم سلسلہ قصص القرآن حیاتی
آدم علیہ السلام کی تخلیق کا واقعہ قران مجید مین باریا بیان ہوا ہے۔ یہ صرف تخلیق کا ایک واقعہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے بہت سے اسباق اہنے اندر سمویے ہوئے ہے۔جن میں سے کچھ یہ ہیں:
1۔ انسان کی تخلیق اور اسے زمین میں بسانے کا فیصلہ اللہ رب العالمین کا تھا۔ اس لیے اس فیصلے کی اصل حکمت بھی وہی جانتا ہے۔
2۔ اللہ تعالی کی عظمت بیان کرنے کے لیے فرشتے حمد کے ساتھ اس کی تسبیح و تقدیس بیان کرتے ہیں۔ انسانوں سے بھی یہ مطالبہ ہے کہ وہ اس کی تسبیح، تحمید، تکبیر اور تہلیل کے ذریعے اس کی عظمت کا اعتراف کرتے رہیں۔
3۔ فرشتوں کا سوال کرنا اس بات کا اظہار ہے کہ اللہ نے کچھ اختیار ان کو بھی دیا ہے۔مخلوق خواہ وہ فرشتے ہوں،انسان ہو جنات ہوں یا دیگر چرند پرند ان کو ملنے والے اختیار کی نوعیت کا فیصلہ بھی صرف رب العالمین کا ہے۔
4۔چونکہ انسان کی تخلیق کا فیصلہ،اس کے لیے مٹی کا چناو، اس کی جنس کا تعین سب اللہ رب العالمین کا اختیار ہے اس لیے کسی بھی انسان کے لیے کسی دوسرے انسان کا جنس یا رنگ یا نسل یا ہئیت کے اعتبار سے مزاق بنانا جائز نہیں ہے۔ اج کل جسمانی رنگت، خدو خال، ساخت، ذہنی قابلیت یا کمزوری کے اعتبار سے بہت زیادہ تفاوت برتی جاتی ہے اور یہ مسائل پوری دنیا میں بڑھ رہے ہیں۔ اس حوالے سے اللہ کے نزدیک جس بات کی اہمیت ہے وہ صرف تقوی ہے۔
5۔ انسان خلیفة الله نہیں بلکہ خلیفة الارض یے اور یہی بات اس کے زمین پر اختیار اور اس کے امتحان پر دلالت کرتی ہے۔ اسے ایک بھرپور اختیار کے ساتھ زمین پر اتارا گیا ہے لیکن اس اختیار کی جوابدہی بھی اس کے ذمہ ہے اس لیے لازم ہے کہ وہ اختیار کو سوچ سمجھ کر استعمال۔کرے۔
6۔ ادم علیہ السلام کو اللہ تعالی نے اپنے ہاتھ سے بنایا اور پھر ان سے ان کی بیوی کو پیدا کیا۔ یہ اللہ کی قدرت کا ایک اور اظہار ہے اور انسان کو سمجھایا گیا ہے کہ وہ رب چاہے تو مرد سے بھی پیدائش کا عمل کروا سکتا ہے۔ ہر چیز اس کے قبضہ قدرت میں ہے۔کچھ بھی اس سے باہر نہیں ہے۔
7۔ آدم علیہ السلام پہلے نبی بھی تھے جو واضح کرتا ہے کہ انسان کو زمین پر بے مہار اور بے مقصد نہیں اتارا گیا بلکہ پوری رہنمائ کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔ خیر و شر کے پارے میں پوری آگاہی دی گئ ہے البتہ یہ فیصلہ انسان کو کرنا ہے کہ وہ کیا اختیار کرتا ہے اور اسی پر اس کا انجام منحصر ہے۔
زبیدہ عزیز