مکہ مکرمہ میں حالیہ دنوں میں شدید بارشیں ہوئیں،جنکے نتیجے میں شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا اور مسجد الحرام میں روح پرور مناظر دیکھنے کو ملے۔ عمرہ زائرین نے بارش کے دوران طواف کعبہ جاری رکھا اور دعائیں کیں۔
موسلادھار بارشوں کے باعث صحرائی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ حرمین شریفین انتظامیہ نے فوری طور پر صفائی، پانی کی نکاسی اور فرش خشک کرنے کے اقدامات کیے۔ مزید برآں، مکہ ریجن میں سکیورٹی اور سروس ایجنسیوں کو الرٹ کردیا گیا، اور شہری دفاع کی ٹیمیں اہم مقامات پر تعینات رہیں۔
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ میں موسلادھار بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، جس کے مطابق شہر میں دوپہر ایک بجے سے موسم غیر مستحکم رہا۔
ان بارشوں کے دوران مسجد الحرام میں زائرین کی جانب سے طواف کعبہ کے روح پرور مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے، جن میں لوگ بارش کے دوران عبادت میں مصروف نظر آئے۔
مکہ مکرمہ میں بارشیں عمومی طور پر کم ہوتی ہیں، تاہم حالیہ بارشوں نے شہر کے ماحول کو خوشگوار بنا دیا اور زائرین کے لیے ایک منفرد تجربہ ثابت ہوئیں۔