میں اور میری ماں
سردیوں کے دن تھے ۔جمعہ کی صبح تھی، سکول سے چھٹی تھی… صحن میں دوچارپائیاں بچھی تھیں ایک پر امی جان میرے چھے ماہ کے بھائی کو لیے بیٹھی تھیں اور دوسرے پر میں بیٹھی اپنا ہوم ورک کر رہی تھی۔ ضیاء کا دور تھا اس لیے چھٹی جمعہ کو ہوا کرتی تھی۔ میں چھٹی کلاس کی طالبہ تھی….
عربی کے مضمون سے نئی نئی واقف ہوئی تھی….. خط قدرتی اچھا پایا تھا لہذا عربی بہت دلجمعی سے لکھا کرتی تھی….. میں لکھنے میں مگن تھی امی جان مجھے دیکھتے ہوئے کہنے لگیں کاش تمھیں اتنی عربی آجائے کہ تم قرآن پڑھو اور تمھیں سمجھ آجائے….. امی جان کی وہ بات دل کے نہاں خانے میں کہیں جذب ہو گئ……
پھر تو ایک ہی لگن تھی کہ عربی پڑھنی نہیں سیکھنی ہے…. وقت گذرا اور نویں کلاس آگئ۔ اب مضمونوں کی چوائس کا موقع تھا… تایازاد اور باقی سہیلیوں کی ضد تھی کہ ہمارے ساتھ سائنس رکھو میں نے سوال کیا…. کیا سائنس کے ساتھ عربی پڑھ سکتی ہوں۔ کہنے لگیں نہیں وہ آرٹس کا مضمون ہے۔ میں نے جواب دیا پھر مجھے سائنس نہیں پڑھنی… انہوں نے کہا آنے والا دور سائنس کا ہے۔
لیکن میری ایک ہی رٹ تھی کہ مجھے عربی سیکھنی ہے۔اللہ نے کرم کیا اور کالج میں میم رضیہ سلطانہ کی شکل میں بہترین استاد سے نوازا جنہوں نے عربی سے محبت مزید بڑھا دی۔یہ امی جان کی دعا ہی تھی کہ فرسٹ ائیر میں اپنے ہمسائے میں رضیہ شائستہ باجی(سابقہ مرکزی صدر تنظیم اساتذہ ) سے ملوایا جنہوں نے قرآن کے لفظی ترجمہ اور گرائمر سے آشنا کیا…
پھر ایک لمبا سفر تھا قرآن کے فہم اور سمجھ کا، پڑھنے اور پڑھانے کا، سیکھنے اور سکھانے کا….. لیکن اس سب کی ابتداء تھی امی جان کی خواہش۔آج وہ ہمارے ساتھ نہیں لیکن آج میں جس مقام پر ہوں سب میری ماں کی دعا ہے۔ ایسے ہی زندگی کے بہت سے حسین ورق ہیں جن پر میری ماں کی خوبصورت یادیں بکھری ہیں۔
انہیں اس دنیا سے گئے کئ برس گذر گئے مگر وہ آج بھی اپنے اردگرد محسوس ہوتی ہیں اپنی نصیحتوں کے ساتھ، دنیا کی اونچ نیچ سکھاتی دھیمی سرگوشیوں کے ساتھ، بہت بچپن سے ان کی سنائی کہانیوں اور قصص الانبیاء کے ساتھ….. وہ ایک بہترین ماں تھیں…. سکھاتی سہیلیوں کی طرح لیکن نظر شیر کی سی رکھتی تھیں… رب ان سے راضی ہو۔آمین
ثوبیہ عمار جھنگ