کیا ربڑ ڈیم دریائے راوی سے لاہور کو بچا سکتے ہیں؟
لاہور، جو کبھی سبز، شفاف اور زیرِ زمین پانی سے بھرپور شہر سمجھا جاتا تھا، آج پانی کے شدید بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ زیرزمین پانی کی سطح خطرناک حد تک نیچے جاچکی ہے۔ مگر سوال یہ ہے: کیا ہم اس بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھال سکتے ہیں؟ کیا دریائے راوی پر ربڑ ڈیم تعمیر کر کے لاہور کو دوبارہ “پانی والا لاہور” بنایا جا سکتا ہے؟ جواب ہے: جی ہاں، اگر ہم سمجھداری سے کام لیں تو یہ ممکن ہے۔
حالیہ دنوں لاہور میں صرف دو دن کی بارش نے 200 ملی میٹر سے زائد پانی برسایا۔ اگر صرف اس ایک بارش کے پانی کو ذخیرہ کیا جاتا، تو واسا کو ایک مہینہ تک ٹیوب ویل چلانے کی ضرورت نہ پڑتی۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ ہم بارش کے پانی کو سسٹم میں شامل ہی نہیں کرتے۔
فی الحال، واسا کے تقریباً 1800 ٹیوب ویل روزانہ 400 کروڑ لیٹر پانی زمین سے نکال رہے ہیں۔ اس کے علاوہ صنعتی شعبہ 150 کروڑ لیٹر مزید کھینچ رہا ہے۔ اور یہ سب پانی 600 فٹ نیچے سے آ رہا ہے۔ ماہرین خبردار کر چکے ہیں کہ اگر یہی رفتار رہی تو 1300 فٹ پر جا کر پانی مکمل ختم ہو جائے گا۔
تو حل کیا ہے؟ حل بارش کے پانی کو ذخیرہ کر کے زیرزمین پانی کو ری چارج کرنا ہے۔ لاہور کے لیے سب سے فطری حل دریائے راوی ہے، جو اب خشک ہو چکا ہے — ایک سوچی سمجھی پالیسی کے تحت انڈیا نے تھئین ڈیم اور شاہ پور کنڈی بیراج کے ذریعے اس دریا کو روک دیا۔
مگر اب وقت ہے کہ ہم دریائے راوی کو صرف ایک خالی نالہ نہ سمجھیں بلکہ اسے دوبارہ لاہور کی زندگی بنانے کی کوشش کریں — ربڑ ڈیم کے ذریعے۔
ربڑ ڈیم ایک لچکدار لیکن مضبوط ٹیوب ہوتی ہے جسے ہوا یا پانی سے بھر کر ایک محدود اونچائی تک پھُلایا جاتا ہے، اور یہ دریا کا پانی روک کر ایک مصنوعی جھیل بنا دیتی ہے۔ یہ پانی پھر آہستہ آہستہ زمین میں جذب ہو کر زیرِ زمین ذخائر کو ریچارج کرتا ہے۔
لاہور کے دریائے راوی کا پیندہ ہر 3000 فٹ بعد ایک فٹ نیچے ہوتا ہے، یعنی اگر ہر چند کلومیٹر کے فاصلے پر 7-8 فٹ اونچے ربڑ ڈیم بنائے جائیں تو پانی کئی دن تک دریا میں رُکا رہے گا۔ اور یہی وقت کافی ہے کہ پانی زمین میں جذب ہو کر لاہور کے ایکوائفر کو زندہ کرے۔
دنیا اس ٹیکنالوجی کو تسلیم کر چکی ہے۔ امریکہ نے پہلا ربڑ ڈیم 1958 میں بنایا۔ چین 2000 سے زائد ربڑ ڈیمز بنا چکا ہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ تو پھر سوال یہ ہے: ہم کب جاگیں گے؟
اگر لاہور کو بچانا ہے تو ہمیں ربڑ ڈیمز کی طرف بڑھنا ہوگا — کیونکہ زمین سے پانی نکالنے کا وقت اب ختم ہو چکا ہے، اب زمین کو پانی واپس دینے کا وقت ہے۔
کیا ربڑ ڈیم دریائے راوی سے لاہور کو بچا سکتے ہیں؟