550

اگر آپ حق پر ہیں

تحریر شئیر کریں

ام سلیمان

اگر آپ حق پر ہیں تو آپ دنیا کے خوش قسمت ترین انسان ہیں۔

میں نےپچھلے ایک،دو دن میں ایک نیا احساس دریافت کیا جو میں چاہتی ہوں کہ آپ۔لوگ بھی جانیں۔

میں نے یہ جانا کہ غربت، تنگی، بھوک ، ضروریات کا پورا نہ ہونے کے باوجود بھی کئی لوگ خوش رہتے ہیں۔ دیکھا ہے میں نے۔۔ہاں۔ ۔۔ دل کی تنگی وہ چیز ہے جو پریشان کرتی ہے۔ عدم توکل فکر میں ڈالتا ہے۔

میں نے جانا کہ دنیا کی لمبی لمبی خواہشات اور لوگوں سے توقعات دکھ دیتی ہیں۔ جبکہ قناعت اور بے پرواہی سکون بخش ہے۔

میں نے سمجھا کہ مظلوم، بے بس اور مختلف مصائب میں گھرا ہوا ہونا بھی انسان کا اطمینان نہیں کھینچتا۔ بلکہ حیرت انگیز طور پر ظالم، جابر اور زہادتی کرنے والا اندر سے بے چین اور سخت خلجان محسوس کرتا ہے۔

اذیت دیا جانے والا شخص سکون سے مر جاتا ہے لیکن اذیت دینے والا کرب میں مبتلا رہتا ہے۔

جھوٹا شخص ، فائدہ حاصل کر کے بھی بےچین اور سچا شخص نقصان اٹھا کر بھی مطمئن!

حالات واقعات کچھ بھی ہوں، کچھ بھی !!! اگر میں اور آپ حق پر ہیں، سچے ہیں، دل کے غنی ہیں ، اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط تعلق رکھتے ہیں تو خوش اور مطمئن ہوں گے۔ اتنے خوش۔۔۔ اتنے خوش ۔۔۔۔ کہ خوشیاں بانٹتے پھریں گے اور کم نہ ہوں گی۔

لیکن۔۔

اگر ہم ظالم ہیں، زیادتی کرنے والے ہیں، اذیت دینے والے ہیں۔۔۔ تو ہم جیت کر بھی ہار جاتے ہیں۔ ۔۔۔ اپنے دل کا چین ، اپنے رشتے ، اپنے تعلقات یہاں تک کہ اپنے رب کا ساتھ بھی۔

*مصائب کا ہونا اھم نہیں۔ قطعاً نہیں۔
صحیح ہونا اھم ہے ۔*

اپنی غلطیوں کو پہچانئے۔
جہاں پر غلط ہیں وہاں خود نشاندہی کیجئے۔
اپنی اصلاح کی کوشش کیجئے۔
جہاں غلطیاں کر چکے وہاں تلافی کی کوشش کیجئے۔
حالات سے پہلے خود کے اندر جھانکیں ،چیک کریں کیا خرابی ہے ۔ ۔۔۔
اللہ تعالیٰ کے ساتھ کمزور تعلق، عدم توکل، نا امیدی، بے شمار خواہشات، بے حساب توقعات ، حسد، بغض،نا شکری ۔۔۔۔ کیا چیز پریشان کر رہی ہے؟

پریشانی آپ کے اندر ہے۔ ۔
باہر نہیں۔
یقین کیجیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں