220

اہل ضمیر کہاں ہیں؟

تحریر شئیر کریں

اسلام آباد کی ایک پرامن دوپہر، کمرے کی چھت پرموجود پنکھا ہلنے لگا، اور میں خوفزدہ ہوکر باہر نکل آئی۔زلزلے نے ایک پل دل کی دنیا ہلا ڈالی، چند لمحے کے وہ دھیمے جھٹکے دل میں عجیب سی وحشت بھر گئے۔ دل نے بےاختیار کہا — اگر یہ خوف چند لمحوں کا ہے، تو سوچو اُن ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر کیا گزرتی ہوگی، جو پچھلے ڈیڑھ سال سے اہل غ زہ کی گلیوں میں ان زلزلہ خیز دھماکوں اور بمباری کی دہاڑ میں جیتے جی مر رہی ہیں۔

کل کی ہی بات ہے — امت کی ایک حاملہ بیٹی کے جسم کا وہ منظر لرزا دینے والا ہے، جب ایک دھماکے نے اس کا پیٹ پھاڑ ڈالا اور حمل اُس کے جسم سے دور جا گرا۔ استغفراللہ! یہ قیامت کی ایک جھلک ہے، اور ہم ہیں کہ سب جان کر بھی بےحس بنے بیٹھے ہیں۔

مجھے یاد آیا — قلم ہاتھ میں ہے، کتاب کھلی ہے، اور ضمیر سوال کر رہا ہے۔
سوال یہ کہ
– کہاں گئے وہ الفاظ جو امت کی بیٹیوں کے نوحے لکھتے؟
– کہاں گئی وہ غیرت جو ان مظلوم ماؤں کے سر پر ہاتھ رکھتی؟
– کہاں گیا وہ قلم جو حاکم وقت کی نیندیں حرام کرتا؟

اہل بصیرت کہتے ہیں کہ جب قلم بکتا ہے اور کتابیں بند کر دی جاتی ہیں، تو سوال زندہ ہو جاتے ہیں۔ سوال جو خاموشیوں کے سینے چیر دیتے ہیں۔

آج بھی وقت ہے — قلم اٹھائیے، کتاب کھولیے اور سوال لکھیے۔ یہ سوال کہ ہم اس امت کے لیے کیا کر رہے ہیں؟ کیا چند لائکس، چند پوسٹس اور کچھ دکھ بھری آہیں ہی ہماری غیرت کا آخری سرمایہ رہ گئی ہیں؟

اور اب، ظلم کی حد یہ ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن نے اٹھارہ ہزار فلسطینی نام فہرستوں میں شامل کر کے ان کے گھروں پر ایک ایک کر کے بم گرائے۔ کمپیوٹر پر صرف ایک کلک اور ایک پورا خاندان مٹی کا ڈھیر! اور ہم…؟
ہم ابھی بھی خوابِ غفلت کی نرم، خوشبودار چادر اوڑھ کر چین کی نیند سو رہے ہیں۔

کاش کوئی ہمارے بھی ان سکوت زدہ ضمیروں کو جھنجھوڑنے کے لیے بم بنا لے…!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں