ایمان کیا ہے؟ رسولوں پہ ایمان— بچوں کے لیے سیریز (قسط نمبر 5)
موضوع: رسولوں پر ایمان — ہمارے سچے رہنما (ایمان بالرسل)

پچھلی اقساط میں ہم نے اللہ تعالیٰ کی کتابوں کے بارے میں جانا۔
آج ہم ان عظیم ہستیوں کا ذکر کریں گے جو ان کتابوں کو لے کر آئیں
اور ہمیں زندگی گزارنے کا عملی طریقہ سکھایا،
یعنی اللہ کے نبی اور رسول۔
1. نبی اور رسول کون ہوتے ہیں؟
نبی وہ خاص انسان ہوتے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ تمام لوگوں میں سے چن لیتا ہے۔
اللہ اپنے پیغام کے لیے ہمیشہ بہترین اور سچے انسانوں کو منتخب کرتا ہے۔
سچے انسان: نبی کبھی جھوٹ نہیں بولتے اور اللہ کا پیغام بالکل ویسا ہی پہنچاتے ہیں جیسا اللہ کا حکم ہوتا ہے۔
بہترین اخلاق: ان کے اخلاق سب سے اچھے ہوتے ہیں تاکہ لوگ انہیں دیکھ کر اچھی باتیں سیکھ سکیں۔
2. مشہور انبیاء کرام علیہم السلام
اللہ تعالیٰ نے ہر قوم کی ہدایت کے لیے نبی بھیجے۔
قرآنِ مجید میں کئی انبیاء کرام کا ذکر ملتا ہے:
حضرت آدم علیہ السلام: پہلے انسان اور پہلے نبی۔
حضرت نوح علیہ السلام: جنہوں نے اللہ کے حکم سے ایک بڑی کشتی بنائی۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام: جنہیں اللہ کا دوست (خلیل اللہ) کہا جاتا ہے۔
حضرت موسیٰ علیہ السلام: جنہیں اللہ تعالیٰ سے بات کرنے کا شرف ملا۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام: جن پر انجیل نازل ہوئی۔
3. ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ
حضرت محمد ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں۔
آپ ﷺ کے بعد اب کوئی نیا نبی نہیں آئے گا۔
خاتم النبیین: آپ ﷺ آخری نبی ہیں۔
رول ماڈل: اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا کہ اگر ہم اللہ سے محبت چاہتے ہیں تو نبی ﷺ کے طریقے پر چلیں۔
سنت: نبی ﷺ کے عمل، انداز اور عادتوں کو سنت کہتے ہیں، جیسے دائیں ہاتھ سے کھانا کھانا اور مسکرا کر ملنا۔
Activity Idea: سنت کا درخت (The Sunnah Tree)
سامان: چارٹ پیپر، مارکر
طریقہ:
چارٹ پیپر پر ایک بڑا درخت بنائیں جس کی کئی ٹہنیاں ہوں۔
بچی سے کہیں کہ نبی ﷺ کی یاد آنے والی سنتیں پتوں پر لکھے۔
یہ پتے درخت پر چپکا دیں، جیسے: سچ بولنا، پانی بیٹھ کر پینا، بڑوں کا احترام کرنا۔
مقصد:
یہ سکھانا کہ ہمارا گھر نبی ﷺ کی پیاری سنتوں سے سرسبز ہو۔
Journaling Corner: میرا نبی ﷺ سے پیار
بچی سے یہ جملے مکمل کروائیں:
پہلے نبی کا نام __________ اور آخری نبی کا نام __________ ہے۔
ایک سنت جو میں آج سے روزانہ کروں گی: __________
میرا درود: اللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ
اگلی قسط
عنوان: آخرت کا دن — نیکیوں کا بدلہ