بجلی بندش تازہ صورت حال
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹے بعد ایک بار پھر بجلی غائب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 8 میں بجلی کی بحالی کے بعد ایک بار پھر لوڈشیڈنگ شروع ہوگئی ہے، اس کے علاوہ کشمیر کالونی، اختر کالونی، پی ای سی ایچ ایس اور گارڈن کے علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ ادھر ملیر، ماڈل کالونی، رفاع عام، الفلاح سوسائٹی میں ایک بار پھر بجلی غائب ہوگئی۔ کشمیر کالونی، اختر کالونی، یاسین آباد گلشن شمیم، لانڈھی خرم آباد، لیاقت آباد سی ون کے علاقے میں بجلی کی فراہمی 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بحال نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب وزارت توانائی نے ملک بھر کے تمام گرڈ اسٹیشنز کی بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ وزارت توانائی کے مطابق ملک بھر میں این ٹی ڈی سی کے 1112 گرڈ اسٹیشنز پر بجلی بحال کردی گئی، بجلی کی موجودہ پیداوار 9 ہزار 704 میگاواٹ ہے۔ وزارت توانائی نے کہا کہ کل، پیر کی صبح نیشنل گرڈ کی فریکوئنسی کم ہونے کے بعد ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈاؤن شروع ہوا۔ وزارت نے ٹویٹ کیا، “ابتدائی رپورٹس کے مطابق، نیشنل گرڈ کے سسٹم فریکوئنسی میں آج صبح 7:34 پر کمی آئی، جس کے نتیجے میں بجلی کے نظام میں بڑے پیمانے پر خرابی پیدا ہوئی۔”
کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی بریک ڈاؤن کی ممکنہ وجہ ہے، بجلی کی مکمل بحالی میں 5 سے 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ کراچی واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاؤن سے شہر میں واٹر پمپنگ بھی متاثر ہوئی ہے۔ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہے
اور اس حوالے سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) حکام کا کہنا ہے کہ گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دو ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کر گئی ہیں، جس کے باعث بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ صوبے کے ایک بڑے حصے میں۔ سپلائی معطل۔ کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ گڈو اور ڈی جی خان سے آنے والی سپلائی لائن ٹرپ کر گئی جس کے باعث پورا بلوچستان بجلی سے محروم ہے،
فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جا رہی ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں بجلی غائب ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی اور شمالی مین لائنوں میں بیک وقت فالٹ تھا۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اورنج لائن ٹرین روک دی گئی۔