روزے کی اہمیت و فضیلت
کالم نگار: آمنہ راجپوت
عربی زبان میں روزے کو” صوم” کہا جاتا ہے۔ جس کا مطلب ہے’ روکنا’ اور “چپ رہنا” شریعت میں روزہ اس بات کا نام ہے کہ انسان روزے کی نیت کر کے طلوع فجر سے لے کر غروب آفتاب تک کھانے پینے اور دوسری خواہشات سے روکا کرے۔ روزے رکھنے کا حکم ہجرت کے دوسرے سال نازل ہوا۔ قرآن پاک میں ارشاد باری ہے” اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے جیسے کہ ان پر فرض کئے گئے تھے جو تم سے پہلے ہوئے،،۔ جو لوگ اپنی بیماری کسی پریشانی سفر کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکتے ہو ان پر لازم ہے کہ وہ ہر روزے پر فدیہ دیں۔ ایک روزے کا فدیہ ایک مسکین کو کھانا کھلانا ہے۔
رمضان کا مہینہ برکتوں کا مہینہ ہے اس مہینے میں قرآن پاک نازل ہوا۔ قرآن پاک ہدایت کی کتاب ہے جو سچ اور جھوٹ میں فرق پیدا کرنے کے لیے نازل ہوا۔ رمضان کے مہینے کو روزے رکھنے کے لیے مخصوص کر دیا گیایے۔ روزہ رکھ کر ہم اپنے اعضاء اور جوارح کو گناہ سے بچانا بھی ضروری ہے روزے کے مقاصد میں سے ایک بڑا مقصد یہی ہے کہ انسان کا نفس برائیوں سے پاک ہو اور وہ نیک اعمال اختیار کرلے۔ جو شخص اس مہینے میں خدا کی رضا اور قرب حاصل کرنے کے لیے کوئی بھلائی کا کام کرے گا تو دوگنا ثواب ملے گا۔
رمضان کے مہینے کو صبر کا مہینہ بھی کہا جاتا ہے صبر کا ثواب جنت ہے اس مہینے میں مومن کا رزق بڑھایا جاتا ہے۔ قرآن پاک کی تلاوت، نماز تراویح، کلمہ طیبہ کا ورد، غریبوں کی مدد کرنا نیکی کے کاموں میں شریک ہونا اپنے گھر والوں کو آرام پہنچانے کی کوشش کرنا یہ سب کا بے پناہ اجر لیتے ہیں۔