شہر کی گلیاں آج بھی اپنے مکینوں کی راہ تک رہی ہیںہ یں یوں سنسان لگتی ہیں، جیسے کوئی ان دیکھے سوگ میں مبتلا ہوں۔ قدموں کی آہٹیں ہیں، مگر منزلوں کی خبر نہیں، لوگ چل رہے ہیں مگر سفر کہیں رکا ہوا ہے۔ شاید یہی المیہ ہے کہ ہم سب زندہ ہیں، مگر زندگی کہیں کھو چکی ہے۔
سمے کے درختوں پر ادھورے خوابوں کی سوکھی ٹہنیاں لٹک رہی ہیں، ان پر کوئی کونپل نہیں پھوٹتی، کوئی پرندہ نہیں آتا، جیسے وقت نے اپنے ہی ہاتھ کا سایہ کاٹ دیا ہو۔ جن گلیوں میں کبھی قہقہے بستے تھے، وہاں اب یادوں کی دھول ہے، مگر حیرت یہ کہ دھول ہے، قافلہ نہیں۔
ہمارے چہرے روشنی میں ہیں، مگر اندر اندھیرے کی تہیں اتنی گہری ہو چکی ہیں کہ روشنی بھی راستہ بھول چکی ہے۔ ہم گفتگو کرتے ہیں، مگر سننے والا کوئی نہیں، ہم چیختے ہیں، مگر ہماری آوازیں خلا میں گم ہو جاتی ہیں۔ شاید یہی سب سے بڑا المیہ ہے— ربط کا ٹوٹ جانا، باتوں کا بے معنی ہو جانا، خوابوں کا راکھ میں بدل جانا۔
کبھی کبھی لگتا ہے کہ یہ شہر کسی بڑے حادثے کے بعد ماتم میں ڈوبا ہوا ہے، مگر حادثہ دکھائی نہیں دیتا، سانحہ کہیں نظر نہیں آتا۔ مگر شاید یہ خاموشی ہی سب سے بڑا سانحہ ہے، یہ بکھری ہوئی زندگیاں ہی سب سے بڑا حادثہ ہیں۔
ہم سب قسطوں میں مر رہے ہیں، آہستہ آہستہ، جیسے کسی بے رحم وقت نے ہمیں اپنے زخموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہو۔ لمحہ لمحہ مرنے کا دکھ سب سے بڑا دکھ ہے، یہ بات اس ماں سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا جس کی کوکھ میں بیٹیوں کو دفنا دیا گیا ہو، یا اس شخص سے جو اپنے زندہ رہنے کی سزا بھگت رہا ہو۔
مجھے لگتا ہے، ہم سب اپنی اپنی جیت کا نوحہ ہیں۔