320

گیس سلنڈر دھماکہ

تحریر شئیر کریں

کبیروالہ (نمائندہ خصوصی) – کبیروالہ کے نواحی علاقے ممدال میں آج الصبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ناشتہ بناتے ہوئے اچانک گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی جبکہ قیمتی گھریلو سامان اور دو بکرے بھی جل کر خاکستر ہو گئے۔

واقعہ صبح کے اوقات میں اس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون معمول کے مطابق باورچی خانے میں ناشتہ تیار کر رہی تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے کے ساتھ ہی آگ بھڑک اٹھی جس نے کچن اور ملحقہ حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ خاتون بری طرح جھلس گئیں اور انہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کبیروالہ منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

آگ اتنی شدید تھی کہ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی گھر کے دو پالتو بکرے اور گھریلو اشیاء مکمل طور پر جل چکے تھے۔ اہل محلہ نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم قیمتی سامان کو بچایا نہ جا سکا۔

ریسکیو 1122 اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سردیوں اور صبح کے وقت گیس استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتیں تاکہ اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

کبیروالہ کے علاقے ممدال میں گیس سلنڈر دھماکہ، خاتون شدید زخمی، دو بکرے ہلاک، قیمتی سامان جل کر خاکستر۔ احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں