اسلام کا اعجاز
دنیا کے تمام فلسفوں کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ متشدد ہوجاتے ہیں۔ غریبوں کا استحصال دیکھ کر ملکیت کے تصور کو پوری طرح منسوخ ہی کردینا ایک شدّت پسندی ہے۔اہلِ مذہب کے مظالم کو دیکھ کر مذہب کو جڑ سے اکھاڑ کر ریاست سے جدا کردینا ایک انتہاء پسندی تھی۔ عورتوں کے خلاف استحصال دیکھ کر سرے سے جینڈر(gender) کا تصور ہی ختم کردینا ایک انتہاء پسندی ہے کہ خاندان کو ہی ختم کردیا جائے۔اور انتہاء پسندی کی ایک شکل تو ہم سب جانتے ہی ہیں کہ ایک رائج نظام اگر غلط ہے، اس کو یکدم بس مٹادیا جائے، ختم کردیا جائے۔ اس کے چکر میں عوام میں دہشت پھیلائی جائے، دھماکے کیے جائیں۔اور یہ انتہاء پسندی تاریخ میں
کمیونسٹس(Communists) اور انارکسٹس(Anarchists) نے پیدا کی تھی جن کی اتباع اب داعش بھی کر رہی ہے۔
اسلام جب آیا، اس نے اپنے موجودہ نظام کو دیکھا اور اس میں جتنی اصلاحات مناسب تھیں، اعتدال کے ساتھ اتنی ہی اصلاحات کیں۔اور یکدم نہیں کیں، مناسب مواقع کا انتظار کیا۔ اسلام نے قبائلی فسادات کو دیکھ کر قبائل کے پورے نظام کو ختم نہیں کردیا کہ قبائل ہی ختم ہوجائیں، مٹ جائیں۔ بڑے ہی اعتدال اور آرام سے ان کو جوڑ دیا۔ ان کے درمیان جن بنیادوں پر جنگ ہوتی تھیں، ان میں اتنی اصلاحات کیں جتنی ضروری تھیں۔اور مسلمانوں کے بعد ایک بڑے عرصے تک بھی قبائل رہے، ختم نہ ہوئے۔جو نکاح کی رائج صورتیں موجود تھیں، ان ہی میں اصلاحات کی گئیں۔جو ناجائز صورتیں تھیں، ان کو منسوخ کردیا گیا۔ جو چیزیں پہلے سے موجود تھیں، ان کو بلاوجہ کسی شدّت پسندی میں ختم نہیں کیا گیا۔ ان ہی میں کچھ ترامیم کی گئیں۔
اسلام کا یہ بہت بڑا اعجاز ہے جس کو میں نے سالوں محسوس کیا ہے۔ بہت سے مذاہب میں ایک اعتدال سے انحراف یہ ہے کہ انہوں نے جنگ کو ترک کردیا کہ جنگ ہی نہیں ہو۔ بعض نے شادی بیاہ سے لوگوں کو رُوک دیا۔ جبکہ یہ رہبانیت ہے، کمزوری ہے۔ جنگ ہوگی اگر حق کی سربلندی کے لیے ہے اور باطل کو کمزور کرنے کے لیے ہے۔ مگر اپنے اصولوں کے ساتھ ہوگی، صحیح موقع پر ہوگی۔ مصلحتوں کو دیکھ کر ہوگی۔ اس میں غلو نہیں ہوگا، اس میں لوگوں کا ناحق قتل نہیں ہوگا۔ اسی طرح شادی بیاہ بھی ہوگا، سارے معاملات ہوں گے۔ بس اس کے چکر میں عداوتیں نہیں ہوں گی، اس کے چکر میں ہوس کے امراض سے بچنا ہوگا۔ جو چیز جتنی غلط ہے، آپ نے بس اتنا ہی اس کے خلاف بننا ہے۔
سید عکاشہ