حیا سے ہے حیات
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ عبداللہ نے گھر میں داخل ہوتے ہوئے زور سے سلام کیا۔ کونے سے اریج کی کمزور سی آواز آئی۔ وعلیکم سلام بابا جانی۔
عبداللہ نے اپنی بیگم اقصی کا بغور جائزہ لیا اور اریج کی طرف دیکھا جو بابا کا استقبال کرنے کمرے سے نکل آئی تھی۔ لیکن خفگی اس کے چہرے پر نمایاں تھی ۔کیا ہوا بابا کی شہزادی کو؟ عبد اللہ آفس اور بائیک پر سفر کی تھکن بھول بھال کے بیٹی کی ناراض آنکھوں میں جھانکتے ہوئے بولے۔ کچھ نہیں ہوا آپ جلدی سے لباس تبدیل کر لیجئے میں وائے کے ساتھ مزیدار اور گرم گرم چائے لے کر آتی ہوں اقصی نے معاملہ سمیٹتے ہوئے کہا۔ اقصی کا ہمیشہ سے یہی طریقہ کار رہا تھا پہلے اچھی طرح کھلا پلا کر پھر صبح سے شام تک کی ساری روداد شوہر کے گوش گزار کرتیں۔ بچے بھی سمجھ گئے تھے کہ آتے ہیں شکایت کا پٹارا بابا کے سامنے نہیں کھولنا۔
چائے پیتے ہوئے عبداللہ نے سوالیہ نظروں سے اقصی کی جانب دیکھا تو وہ گویا ہوئیں۔ ارے ایسا کچھ نہیں ہوا میں نے محلے کی دو تین بچیوں کے اصرار پر اس کو کھیلنے ان کے گھر بھیج دیا ۔ گھر آتے ہی انہوں نے رٹ لگا دی کہ امی مجھے یہ لمبی لمبی فراکیں نہیں پہننی ۔ مجھے بھی پینٹ شرٹ چاہیے ۔ میری دونوں سہیلیاں میرا مذاق اڑا رہی تھیں اور پوچھ رہی تھیں کہ کیا تم کھیلنے آئی ہو یا قرآن پڑھنے مدرسے جا رہی ہو۔ اتنی گرمی میں پوری آستین کی لمبی فراک اور پھر اسکارف بھی چڑھا لیا۔ ۔ اریج تھوڑی ہی دیر میں کھیل چھوڑ کر گھر آگئی میں بھی عبادکے ساتھ مصروف تھی اس لئے مناسب جواب دینے کی بجائے الجھ بیٹھی بہرحال آپ کی صاجزادی ضد پہ قائم ہیں کہ انہیں صرف پینٹ شرٹ ہی پہننی ہے اور ابھی چاہیے کل جب میں کھیلنے جاؤں گی تو وہی پہن کے جاؤں گی۔ میں نے تو صاف کہہ دیا گھر میں رہو کوئی ضرورت نہیں ایسی بچیوں سے کھیلنے کی۔ یہ سننا تھا کہ رونے لگی۔
اوہو یہ تو بہت غلط ہوا اب یہ تو ممکن نہیں کہ اریج ملنا کھیلنا اور اسکول جانا چھوڑ دیں کیونکہ ہماری سوچ کے مطابق لوگ ہر جگہ نہیں ملتے۔ عبداللہ نے کہا۔
خیر میں دیکھتا ہوں
یہ کہہ کر عبداللہ نے اریج کو آواز دی۔
اریج آواز سن کر دوڑی آئی۔
یہ یقین تھا کہ ان کے بابا کوئی نہ کوئی حل ضرور نکالیں گے بیٹا آپ جلدی سے تیار ہو جائیں ہم آپ کے لیے پینٹ شرٹ خریدنے جا رہے ہیں ۔جی اچھا بابا ۔اریج خوشی کے مارے دوڑتی ہوئی چلی گئی۔ اقصی کا تو حیرت سے منہ کھلا کا کھلا رہ گیا لیکن خاموشی میں ہی عافیت جانی۔ دونوں باپ بیٹی تو خوشی خوشی خریداری کے لئے روانہ ہوگئے اور اب اقصی کا یہ حال کہ کسی پل چین نہیں آ رہا تھا۔ ایک گھنٹے میں دونوں اپنی مطلوبہ خریداری کر کے گھر آگئے ۔اریج نے لباس کی مناسبت سے دو تین ہیٸر بینڈ بھی خرید لیے۔ رات کو سب نے مل کر کھانا کھایا اور بابا نے یہ اعلان کیا کہ کل اریج سہیلیوں کی طرف نہیں جائیں گی کیونکہ بابا گھر آنے کے بعد سب کو گھمانے لے کر جائیں گے۔
اب تو اریج کی خوشی دیدنی تھی۔ بڑی مشکل سے نیند آئی ۔اگلے دن اسکول میں بھی وہ اپنے نئے کپڑوں اور بابا کی پیشکش کے بارے میں سوچتی رہی۔ اللہ اللہ کر کے دن گزرا اور بابا گھر آگئے وہ تیار ہو کر باہر نکلی تو جھجھکتے ہوئے ماما کے پاس آئی ۔ماما دیکھیے میں کیسی لگ رہی ہوں ہلکے گلابی رنگ کی چھوٹی سی قمیض کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کی جینز تھی۔ اس نے بڑے سلیقے سے قمیض کا ہم رنگ ہیئر بینڈ بھی لگا رکھا تھا۔ اقصی نے اس کی دلجوئی کرنے کے لیے تعریف کی اور جیسے ہی لیکن۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔کہا عبداللہ نے بات کاٹتے ہوئے جلدی چلنے کا کہا ماما بابا اریج اور عباد خوشی خوشی باہر نکلے ۔اقصی سمجھ نہیں پا رہی تھی کہ عبداللہ کو ہوا کیا ہے بیٹی کے لباس کے معاملے میں وہ بہت حساس تھے۔سرتاج کے تنبیہی تیور دیکھ کر خاموش ہو رہی۔ راستے میں کئی سگنل پر بائیک رکی۔ اقصی نے محسوس کیا کہ اریج کچھ اضطراب کا شکار ہے وہ بار بار چھوٹی چھوٹی آستینوں کو کھینچ کر نییچے کر نے کی کوشش کرتی کبھی بازو اور کندھے ہلاتی۔
سفر مکمل ہوا اور عبداللہ اپنے اہل و عیال کو لے کر پارک میں داخل ہوۓ۔ تین سالا عباد تو جھولوں کو دیکھ کر آپےسے باہر تھے لیکن بیچاری اریج مستقل بے چین رہی کبھی آستینیں کبھی گھیر اور کبھی پینٹ کھینچتی ۔اسے ایسا لگ رہا تھا جیسے پوری دنیا اسے ہی دیکھ رہی ہے۔ جب عبداللہ نے کھانے کے لئے قریب ریستوران میں چلنے کی بات کی تو بولی بابا گھر چلیے ہم گھر میں ہیں کچھ منگوا کر کھا لیں گے۔
کیوں بیٹا اچانک میری بچی کو کیا ہوا آپ تو بہت خوشی خوشی گھر سے نکلی تھیں۔ عبداللہ نے انجان بنتے ہوئے اس سے کہا اب اقصی کی سمجھ میں ساری صورتحال آگٸی اور دل ہی دل میں وہ اپنے شوہر محترم کو داددینے لگیں۔ بابا میں نے اچھے کپڑے نہیں پہنے مجھے بہت برا لگ رہا ہے اور میں نے اسکارف بھی نہیں اوڑھا بس آپ گھر چلیں۔
ٹھیک ہے بیٹا جیسے آپ کی مرضی عبداللہ نے کہا اور سب واپسی کے لئے نکل کھڑے ہوئے۔ گھر آکر کھانے کے بعد اریج نے ان کے کمرے کے دروازے پر دستک دی اجازت پا کر وہ کپڑوں کی تھیلی سمیت کمرے میں داخل ہوئی بابا آپ یہ کپڑے کسی اور کو دے دیجئے گا۔مجھے پوری آستین والے کپڑے ہی اچھے لگتے ہیں۔
عبداللہ نے پیار سے اس کو اپنے پاس بٹھا لیا ۔ میری پیاری بیٹی کیا آپ کو پتہ ہے کہ پرانے زمانے کی ملکہ اور شہزادیاں کیسا لباس پہنتی تھیں؟
عبداللہ نے اریج سے پوچھا ۔
جی ہاں بابا وہ بڑے بڑے لباس پہنتی تھیں اور پوری چھپ جاتی تھیں اس پہ اقصی اور عبداللہ نے قہقہہ لگایا ۔
جی بالکل۔ساری دنیا کی مہزب خواتین ایسے ہی بڑے لباس پہنتی تھیں۔بلکہ جرمن خواتین بڑی سی چھتری کے گرد کپڑا لٹکا لیا کرتی تھیں ۔
اللہ تعالی نے قرآن پاک میں لباس کے دو استعمال بتائیں ہیں ۔پہلاخود کو ڈھکنا اور دوسرا زیب و زینت۔ دونوں کو ملا دیا جائے تو مطلب ہوا کہ خود کو خوبصورتی کے ساتھ چھپانا اور جو شے جتنی پیاری اور حسین ہوتی ہے اس کو اتنےاچھے کور میں سنبھالا جاتا ہے۔ اس دنیا میں سب سے زیادہ قیمتی کون ہیں؟
مسلمان بچیاں ۔اس لئے ان کا لباس بھی ملکہ اور شہزادیوں کی طرح ہونا چاہیے۔ جی بابا مجھے بہت اچھی طرح سمجھ آگیا اب میں اپنی سہیلیوں کو بھی سمجھاؤں گی۔ اور کسی کے مذاق اڑانے سے بالکل نہیں گھبراٶں گی۔
اریج صبح سے لباس اور گھومنے کے شوق میں گم رہی تھی اب جو دل و دماغ صاف ہوئی تو جلد ہی نیند کی وادی میں اتر گئی۔
اقصی بعض دفعہ بات کو اچھی طرح ذہن نشین کروانے کے لیے بہت سے سخت اقدامات کرنے پڑتے ہیں ۔ اگر میں ایسا نہ کرتا تو اریج کو کبھی بھی یہ بات اتنی اچھی طرح نہ سمجھ آتی۔ عبداللہ نے اقصی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ جو اریج کے ساتھ اپنے رویے پر شرمندہ تھی۔ خیر بیگم یہ بات صحیح ہے کہ آپ کے شوہر صاحب بہت ذہین ہیں لیکن اس میں آپ کی تربیت کا بھی اہم کردار تھا۔ اگر آپ شروع سے اس کو ساتر لباس کی عادت نہیں ڈالتیں تو آج ہماری ذہانت اس کے کچھ کام نہ آتی۔ عبداللہ نے فراخدلی سے اقصی کی تعریف کی اور نماز کی ادائیگی کے لیے چل دیے۔ پیارے بچو!اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ساتر لباس کیا چیز ہے تو اس کے لئے ذرا اپنے امی ابو کی طرف جاٸیے اور ان سے پوچھیے۔
حیا سے ہے حیات
مہوش زاہد