518

مبارک بیڑیاں

تحریر شئیر کریں

مبارک بیڑیاں

آسیہ عمران#

زنگ آلود زنجیر کا ٹکڑا میز پر رکھا ہے۔ مشکل ترین حکومتی امور میں بھی گاہے بگاہے زنجیر توجہ کھیچتی کبھی اپنی جگہ سے نہیں ہٹتی نہ جانے اس میں کیا راز پوشیدہ ہے ۔
ان کے ساتھی مستقل مشاہدہ کرتے زنجیر کا راز جاننےکو بےتاب ہیں ۔
ایک دن سوال کر تے ہیں
زنگ آلود زنجیر کا صدر کے آفس میں اور وہ بھی اتنی نمایاں جگہ بھلا کیا کام؟۔۔۔۔ بات سمجھ آنے والی نہیں ۔


صاحب جواباً زنجیر پر نظر ڈالتے قہقہہ لگاتے جواب دیتے ہیں۔
یہ اسی کا کمال ہے جو مجھےتھکنے نہیں دیتا ،کاموں پرمرتکز رکھتا ہے۔
صاحب سوال کاتجسس عروج پر ہے۔
ٹھہرے لہجے میں بتایا جاتا ہے۔یہ اس بیڑی کا ٹکڑا ہے جو دوران قیدمیرے ہاتھوں اور پاؤں میں پڑی تھی۔ میں اس وقت بے بس ،لاچار ،کچھ کرنے کے قابل نہ تھا یہاں تک کہ بیٹے کا آخری دیدار بھی نہ کر سکا۔
اس پر نظر ڈالتا ہوں تو آزادی کا احساس ہوتاہے یہ احساس کہ یہ اب میرے ہاتھوں اور پاؤں میں نہیں ہے ۔


وہ سب کچھ کر سکتا ہوں جن کے کرنے میں یہ بیڑیاں کبھی حائل تھیں لہذا گھنٹوں بغیر تھکے کام کرنے کے قابل ہو جاتا ہوں۔
یہ واقعہ نیلسن منڈیلا سے منسوب ہے ۔
سوچا تو لگا!!
کچھ ایسی ہی بیڑیوں میں ہم بھی مقید ہیں لیکن ہماری بیڑیاں نیلسن منڈیلا کی بیڑیوں سے قطعی مختلف ہیں کہ بظاہر آزاد ہو کر بھی عقلی اور لاشعور ی طور پر سالہا سال سے ان کے جکڑاؤمیں جکڑے کچھ بھی کر نہیں پا رہے نہ کچھ سوچ پارہے ہیں دور غلامی ہے کہ اب بھی جاری ہے۔
ہماری بیڑیاں تو ہاتھی کے پاؤں میں ڈالی اس بیڑی کی مثل ہیں جو اس کے پیدا ہوتے ہی مالک اس کے پاؤں میں ڈال دیتاہے۔ جن سے آزاد ہونے کو کچھ عرصہ ہاتھ پاؤں مارتا ہے اس کے بعد اسے اپنا مقدر سمجھ کر قبول کر لیتا ہے پھر آزادی کا سوچتا بھی نہیں حالانکہ وہ اتنا طاقتور ہو چکا ہوتا ہے کہ بڑی سے بڑی بیڑی کو ایک لمحہ میں توڑ سکتا ہے۔


گزشتہ دنوں ایک شادی میں چند بچیوں سے ملاقات ہوئی انھیں ہمیشہ سے حجاب میں دیکھا تھا دوپٹہ گلے میں ڈالے،بال کھولے ان کے عامیانہ انداز پر حیرت ہوئی حجاب میں کتنی باوقار لگا کرتی تھیں۔
بات وہی تھی ذہن وشعور پر مغربی معاشرت کی ان دیکھی بیڑیاں جو پڑی تھیں خوبصورتی بیوٹی پارلر کے چکروں اور بے باکی میں بتائی گئی تھی لہذا حجاب میں کیسے نظر آتی۔
قریب میں ایک خالہ نے اپنے دو بچوں کی شادی کرائی آٹھ لاکھ کی مقروض ہو گئیں ۔ پوچھا ایسی کیا آفت آئی تھی ۔سادگی میں کر لیتیں بولیں لوگوں کی زبانیں کیسے بند کراتی۔


زبانیں تو پھر بھی بند نہ ہوئیں ۔ البتہ قرض کی ٹینشن دل کا مریض بنا گئی ۔
یہ رسم ورواج کی بیڑیاں،لوگ کیا کہیں گے کی بیڑیاں،برینڈ کی بیڑیاں، اسٹیٹس کی بیڑیاں اور نہ جانے کون کون سی ہمیں آزاد ہی نہیں ہونے دیتیں زندگی کا رس نچوڑ رہی ہیں۔
ایک سہیلی سےپوچھا فروٹ کیوں نہیں کھاتیں کہنے لگیں ریڑھیوں پر رکھے جراثیم سے بھر جاتے ہیں میں تو سب کچھ ڈبوں میں پیک ہی لیتی ہوں کھلا دودھ بھی نہیں لیتی جراثیم سے بھر ا ہوتا ہے ۔
یعنی حد ہی ہو گئی میڈیا کے زنجیروں نے کھرے کھوٹے کی تمیز بھی گم کر دی۔


بھلا قدرتی اشیاء کا بھی کوئی مول ہوا کرتا ہے۔کیا اب قدرتی اشیاء کے لئے بھی تشہیری مہم چلانی پڑے گی۔
ایک ساتھی نے قرآن کے اکثریت اور اقلیت کے تصور پر زبردست تحقیق کی اس کا خلاصہ بیان کرتے کہنے لگیں کاش میں قرآن کے اکثریت کے تصور کو پہلے جان لیتی تو زندگی کتنی پرسکون اور الگ ہوتی ،نہ کسی کی باتوں کی پرواہ ہوتی اللہ کے بتائے آسان راستے پر چلتی چلی جاتی۔
اکثریت کی تقلید نے تو چکرا کر رکھ دیا۔ عمر ان کاموں میں ضائع کر دی جن کے لئے یہ بنی ہی نہیں تھی۔
اللہ ربی نے دوٹوک بتایا
اکثر یت گمان پر چلی جارہی ہے۔
اکثریت عقل نہیں رکھتی ۔
اکثر لوگ فاسق ہیں۔
اکثر نا فرمان ہیں۔
اکثر شعور نہیں رکھتے ۔
اکثر رب کی ملاقات کا انکار کر تے ہیں۔
اکثر مومن نہیں۔
اکثر بے خبر ہیں۔
اکثر اندھے ہو گئے ہیں۔
اکثر ظلم اور سر کشی میں بڑھ گئے ہیں۔
اکثر غور و فکر سے کام نہیں لیتے ۔
قلیل لوگوں کے بارے میں بتایا کہ اصل تو یہ لوگ ہوتے ہیں۔
کم ہی غور وفکر کرتے ہیں ۔
کم ہی عقل رکھتے ہیں۔
کم ہی نصیحت پکڑتے ہیں۔
کم ہی لوگ مومن ہیں۔
کم ہی ایمان لاتے ہیں
کم ہی شکر گزار ہوتے ہیں۔


گویا معاشرے کا مغز اور اس کا دل یہ کم لوگ ہی ہوتے ہیں۔
حق راستے پر چلنے والے ہمیشہ ہی سے کم رہے ہیں۔
ان آیات میں کتنی ڈھارس ہے کثرت کی بیڑیوں میں سے نکلنے والوں کے لیے

ایک اور بیڑیاں بھی ہیں ۔


جو بڑی کمال کی ہیں نظر بھی نہیں آتیں لیکن حد میں رکھتی ہیں صرف ان کاموں سے روکتی ہیں جو کسی بھی لحاظ سے ہمارے یا کسی دوسرے شخص کے لئے نقصان دہ ہوتا ہے۔
یہ بیڑیاں
لباس میں ہیں
کھانے پینے ،پہننے اوڑھنے میں بھی
تعلقات ،معمولات زندگی میں بھی
ان بیڑیوں میں ایک خاص لذت ہے جو بھی شعور ی حالت میں پہن لیتا ہے کبھی اتارنا نہیں چانتا ہے
یہ بیڑیاں رکاوٹیں چند روزہ ہیں۔
اعلیٰ انجام اور بلند منازل منتظر ہیں ۔
ایسی شاندار کہ جسے نہ کسی آنکھ نے دیکھا نہ کسی کے کانوں نے سنا اور نہ ہی تصور میں آ سکتی ہیں۔
یہ بیڑیاں اسے حد میں رکھتی ہیں۔ اسے سراپا خیر انسان بناتی ہیں۔ سوچ وفکر کو اپنی ذات سے بہت اونچے مقام پر لے جاتی ہیں کہ زمین کا باسی پرواز بلندیوں میں کرتا ہے۔
کیا ہی مبارک ہیں یہ بیڑیاں
اسلام کی بیڑیاں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں