آؤ پلٹ جائیں
ہم نے اپنی زندگی کے کئی رمضان گزارے ہوں گے اور کئی دفعہ استفادے کے ساتھ اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی کوشش بھی کی ہوگی. اس وقت رمضان جن حالات میں آ رہا ہے اور جن مسائل کا شکار ہیں بحثییت امت مسلمہ اور بحثیت سسکتی انسانیت ، یہ ایک بیش بہا اور نادر موقع ہے رب کی طرف پلٹنے کا. پوری امت اس وقت زیر عتاب ہے اور یہود و ہنود اپنے بغض واسلام دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ،
اس وقت رمضان ایک طبیب کی طرح آ رہا ہے جو انسان کے گناہوں کے زخموں اور نافرمانیوں کی بیماریوں علاج کرنا جانتا ہے اس سے بہتر کیا وقت ہوگا جب ہمیں اللہ تعالٰی سے اس کی رحمت اور مغفرت کی طلب ہو. مستقل نافرمانی اور خود سری نے ہماری روح کو بیمار کر دیا ہے اور نفس موٹا تگڑا ہوکر روح کے حصے کی سانسیں بھی غصب کرنے پر تلا ہوا ہے.
اللہ تعالٰی کی ناراضگی مول لینا انسان کے لیے سب سے بڑا خسارا ہے اور ہم مختلف شکلوں حدود اللہ کی پامالی کے مرتکب ہورہے ہیں. اس وقت ہمیں معمول سے زیادہ پاور فل ڈوز کی ضرورت ہے معمول سے زیادہ استغفار اور رب کی رحمت کو متوجہ کرنا ہے اور یہ رمضان ہمیں بڑھا چڑھا کر دینے کو تیار ہے. اللہ ہمیں اپنےذکر و شکر کی توفیق دے، ہمیں استغفار کرنے اور رحمتیں سمیٹنے کی توفیق دے اور اس احسان کا ادراک کرنے کی توفیق دے کہ ہمیں اچانک ہلاک نہیں کررہا. مگر کب تک….. سوچ لیں، پلٹ جائیں.
مدیحہ صدیقی