ماہِ نو دیکھنے تم چھت پہ نہ جانا ہرگز
شہر میں عید کی تاریخ بدل جائے گی
— جلیل نظامی
چاکِ دامن کو جو دیکھا تو ملا عید کا چاند
اپنی تقدیر کہاں بھول گیا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
گئے برس کی عید کا دن کیا اچھا تھا
چاند کو دیکھ کے اس کا چہرہ دیکھا تھا
— پروین شاکر
عید کا چاند جو دیکھا تو تمنا لپٹی
ان سے تقریبِ ملاقات کا رشتہ نکلا
— رحمت قرنی
ان کے ابروئے خمیدہ کی طرح تیکھا ہے
اپنی آنکھوں میں بڑی دیر چبھا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
فلک پہ چاند ستارے نکلنے ہیں ہر شب
ستم یہی ہے نکلتا نہیں ہمارا چاند
— پنڈت جواہر ناتھ ساقی
تم بن چاند نہ دیکھ سکا ٹوٹ گئی امید
بن درپن بن نین کے کیسے منائیں عید
— بیکل اتساہی
سب لوگ دیکھتے ہیں کھڑے چاندِ عید کا
مشتاق ہوں میں رشکِ قمر تیری دید کا
— بہادر شاہ ظفر
دور ویران بسیرے میں دیا ہو جیسے
غم کی دیوار سے دیکھا تو لگا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
لے کے حالات کے صحراؤں میں آجاتا ہے
آج بھی خلد کی رنگین فضا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
تلخیاں بڑھ گئیں جب زیست کے پیمانے میں
گھول کر درد کے ماروں نے پیا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
چشم تو وسعتِ افلاک میں کھوئی ساغر
دل نے اک اور جگہ ڈھونڈ لیا عید کا چاند
— ساغر صدیقی
اب کے برس بھی نکلا چاند
لیکن تھا وہ سُونا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
برسوں اِدھر اُدھر بھٹک کر
بھول گیا اپنا رستہ چاند
— معاذ المساعد صدیقی
نارتھ امریکہ شور بہت تھا
لیکن کس نے دیکھا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
جب امت ہو ٹکڑے ٹکڑے
کیسے ایک ہو اس کا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
سب کی اپنی اپنی مسجد
سب کا اپنا اپنا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
یونٹی کیا ہے میری مانو
کیسی عید اور کہاں کا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
ایک شہر میں دو دو عیدیں
دیکھ کے ہنستا ہو گا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
معاذ سے پوچھو تو وہ بولے
گھر میں میرے میرا چاند
— معاذ المساعد صدیقی
چاند رات کے اشعار