241

ای بک رمضان روڈ میپ

تحریر شئیر کریں

ای بک رمضان روڈ میپ

Ramadan roadmap ebook

 ابواب بندی:

ٹائم مینجمنٹ

ڈائٹ مینجمنٹ

سلیپ مینجمنٹ

اسکرین مینجمنٹ

اختتامیہ

پیش لفظ

رمضان المبارک نیکیوں کا موسمِ بہار ہے، اس میں کوئی شک نہیں۔ میری زندگی کے چھیالیس سالوں کا نچوڑ یہ ہے کہ اگر میں نے سال کے بارہ مہینوں میں کوئی سب سے پرسکون عرصہ دیکھا ہے، تو وہ رمضان ہی ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب دنیا کا شور مدہم اور روح کی آواز توانا ہوتی ہے۔
عمر کے اس حصے میں، جہاں اب جذبات کا وہ طوفان تھم چکا ہے جو نوجوانی کا خاصہ ہوتا ہے، اب ایک خاموش اور گہری فکر دامن گیر ہے— ‘جانے کی فکر’۔ اب وقت کی قدر و قیمت بدل گئی ہے۔ اب میں رمضان کو محض گزارنا نہیں چاہتی، بلکہ اسے ‘انگیج’ (Engage) کرنا چاہتی ہوں۔ یہ کتاب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کہ کیسے ہم اپنی آخرت اور عبادت کے لیے ایک نئی اور مضبوط حکمتِ عملی تیار کریں۔
یہ میرا وہ روڈ میپ ہے، جو میں نے اپنے رب کو راضی کرنے اور اپنی بکھری ہوئی دنیا کو بندگی کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے ترتیب دیا ہے۔

…………..

مقدمہ

ہم ہر سال ایک والہانہ شوق اور لمبی فہرستوں کے ساتھ رمضان کا استقبال کرتے ہیں، مگر جوں ہی ابتدائی چند دن گزرتے ہیں، وہی پرانی سستی اور بکھرا ہوا معمول ہمیں دوبارہ جکڑ لیتا ہے۔ آخر ایسا کیوں ہے؟
دراصل ہم سے ایک ’خاموش غلطی‘ ہوتی ہے۔ ہم یہ فرض کر لیتے ہیں کہ رمضان کوئی جادوئی مہینہ ہے جو ہمیں بغیر کچھ کیے بدل دے گا، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے؛ رمضان ڈسپلن پیدا نہیں کرتا بلکہ ہمارے اندر پہلے سے موجود ڈسپلن کو ’بے نقاب‘ کرتا ہے۔ یہ کتاب فضائلِ رمضان کے روایتی تذکروں کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ یہ مینجمنٹ (Management) اور اسٹریٹجی (Strategy) کے بارے میں ہے۔
اس میں میں نے اپنی عبادت کو جدید نفسیات (NLP)، وقت کی درست تقسیم اور بہترین غذائی ترتیب کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔ یہ روڈ میپ آپ کو بتائے گا کہ رمضان صرف امیدوں کے سہارے نہیں، بلکہ بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ جیتا جاتا ہے۔ اگر آپ کی زندگی بکھری ہوئی ہے، تو رمضان آپ کو بھاری محسوس ہوگا۔ لیکن اگر آپ کی زندگی میں ایک اسٹرکچر ہے، تو یہی رمضان آپ کو طاقتور بنا دے گا۔
آج جب میں یہ مقدمہ لکھ رہی ہوں، تو 15 شعبان کی رات ہے اور رمضان کی آمد میں محض 15 دن باقی ہیں۔ تو کیوں نا رمضان میں داخل ہو نے کی پریکٹس شروع کر دی جائے۔کبھی آپ نےسوچا ہمارے پیارے نبی صل اللّہ علیہ وسلم شعبان میں سب سے زیادہ عبادت کیوں کرتے تھے؟ رمضان المبارک میں ایمان اور احتساب کے ساتھ داخل ہونے کے لیے,تو چلیں عہد کریں ۔۔۔
روبینہ شاہین تین فروری دو ہزار چھبیس
…..

پہلا با ب :وہ خاموش غلطی

ہم سب کے ساتھ ایک جیسا المیہ ہوتا ہے۔ جوں جوں رمضان قریب آتا ہے، ہمارے جذبات کا گراف اوپر جانے لگتا ہے۔ ہم نئے مصلے خریدتے ہیں، تسبیحیں نکالتے ہیں، اور ایک لمبی فہرست تیار کرتے ہیں کہ اس بار تو بس کمال کر دینا ہے۔ ہم ایک “مفروضے” (Assumption) پر جیتے ہیں کہ یکم رمضان کا چاند نظر آتے ہی شاید آسمان سے کوئی فرشتہ اترے گا جو ہماری سستی اور ہماری پرانی عادتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔
مگر ایسا نہیں ہوتا۔
یہی وہ “خاموش غلطی” ہے جو ہماری پوری محنت پر پانی پھیر دیتی ہے۔ ہم رمضان میں بغیر کسی ذہنی نقشے کے داخل ہو جاتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ رمضان خود بخود ہمیں ڈسپلن سکھا دے گا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ رمضان نظم و ضبط پیدا نہیں کرتا، بلکہ یہ ہمارے اندر پہلے سے موجود نظم و ضبط کو بے نقاب کرتا ہے۔

میں نے اپنے ہی گھر میں اور اپنے آس پاس یہ عجیب منظر کئی بار دیکھا ہے کہ پورا مہینہ مسجدیں بھری رہتی ہیں، مگر جیسے ہی عید کا چاند نظر آتا ہے، وہ سارا جوش جیسے ہوا میں اڑ جاتا ہے۔ یہاں تک کہ عید کے دن بہت سے لوگ فجر کی نماز تک بھول جاتے ہیں۔ میں اکثر سوچتی ہوں کہ کیا ہمارا پورا رمضان ہمیں ایک دن کی نماز کا پابند بھی نہ بنا سکا؟

نفسیات کے ماہر ڈاکٹر اسماعیل میتھ (NLP Specialist) اس صورتحال کی منطقی وجہ یوں بیان کرتے ہیں:

> “انسانی لاشعور ان اہداف کو مسترد کر دیتا ہے جن کی کوئی واضح ‘ڈیڈ لائن’ یا ‘مستقل تصویر’ نہ ہو۔ اگر آپ نے رمضان کو صرف ۳۰ دن کا قید خانہ سمجھا ہے، تو دماغ عید کا چاند دیکھتے ہی آپ کو دوبارہ اسی پرانی زندگی میں پھینک دے گا جسے آپ چھوڑنا چاہتے تھے۔”

>
یہ کتنی بڑی سچائی ہے! اس عارضی تبدیلی کی تکلیف دہ مثال اس بوڑھے شخص کے مشاہدے سے ملتی ہے جس نے ایک بار عید کی فجر پر روتے ہوئے کہا تھا:
> “میں اس لیے رو رہا ہوں کہ کل تک جو رب میرا رمضان میں تھا، آج عید کے دن وہی رب میرے گھر والوں اور میرے پڑوس کے لیے اجنبی کیوں ہو گیا؟ مسجدیں کیوں بانجھ ہو گئیں؟”
>
اگر ہم نے ان 15 دنوں میں اپنے دماغ کو یہ نہیں سکھایا کہ اس بار کا روڈ میپ پچھلے برسوں سے مختلف ہے، تو ہمارا “لاشعور” ہمیں کبھی وہ عبادت نہیں کرنے دے گا جس کی ہم تمنا کر رہے ہیں۔ اس بار ہمیں ‘امید’ کے سہارے نہیں، بلکہ ‘ارادے’ کے ساتھ داخل ہونا ہے۔

عملی مشق: “عید کے دن کا عکس”

اس سے پہلے کہ ہم رمضان کی ترتیب بنائیں، آپ نے اپنے دماغ کو ایک منزل دکھانی ہے۔ 15 شعبان سے ہی یہ مشق شروع کر دیں۔
* عید کی صبح کا تصور: روزانہ دو منٹ کے لیے آنکھیں بند کر کے تصور کریں کہ عید کی صبح ہو چکی ہے۔ اپنے آپ سے پوچھیں: کیا میں عید کی فجر پر اسی ذوق و شوق سے مصلے پر ہوں جیسے 27 ویں شب کو تھی؟ کیا میری زبان اور میرا غصہ قابو میں ہے؟
* ‘کیوں’ کی طاقت جب تک آپ کے پاس کسی کام کی بڑی وجہ نہ ہو، آپ کا دماغ سستی دکھاتا ہے۔

یہ رمضان کیوں بدلنا ہے؟ کیا صرف رسم ہے یا اپنے رب سے ملاقات کی تیاری؟

* سمارٹ گولز: یہ کہنے کے بجائے کہ “میں بہت قرآن پڑھوں گی”، یہ کہیں کہ “میں روزانہ فجر کے بعد 30 منٹ ترجمے کے ساتھ تلاوت کروں گی”۔ جب ہدف واضح ہوگا، تو دماغ اسے بوجھ نہیں سمجھے گا۔
یاد رکھیے، رمضان آپ کا امتحان لینے نہیں، بلکہ آپ کی زندگی کو دوبارہ درست راستے پر لانے آ رہا ہے۔

آٹو سجیشن: دماغی و روحانی اصلاح کا تیرِ بہدف نسخہ

دماغی، نفسیاتی اور روحانی بیماریوں سے نجات پانے کے لیے ‘آٹو سجیشن’ (خود کو مشورہ دینا) دنیا کا قدیم اور کامیاب ترین طریقہ علاج ہے۔ ہمارا لاشعور ایک تابعدار خادم کی طرح ہے؛ اسے جو پیغام بار بار دیا جائے، وہ اسے حقیقت مان کر ہماری زندگی پر نافذ کر دیتا ہے۔

طریقہ کار:

اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے لیے ایک مختصر اور مثبت جملہ (Affirmation) منتخب کریں اور اسے روزانہ 66 بار، مسلسل 66 دن تک دہرائیں۔ نفسیاتی تحقیق کے مطابق، کسی بھی نئی عادت کو لاشعور کا مستقل حصہ بننے کے لیے 66 دن کی تکرار درکار ہوتی ہے۔

روزانہ پڑھنے کے لیے مخصوص جملے:

اپنے لاشعور کی درست پروگرامنگ کے لیے آپ نے درج ذیل جملوں کو روزانہ پڑھنا ہے:

“میں نے رمضان کو اپنی مستقل زندگی کا روڈ میپ بنا لیا ہے۔ میں ایک باقصد اور منظم انسان بن چکی ہوں۔”

“I have made Ramadan the permanent roadmap for my life. I have become a purposeful and organized person.”

ایک بصیرت افروز اقتباس:مشہور مصنف اور لاشعور کی طاقت کے ماہر ڈاکٹر جوزف مرفی اپنی مایہ ناز کتاب The Power of Your Subconscious Mind میں لکھتے ہیں

:
“آپ کا لاشعور آپ کے ساتھ بحث نہیں کرتا، یہ صرف ان احکامات کی تعمیل کرتا ہے جو آپ کا شعوری دماغ اسے بار بار بھیجتا ہے۔ آپ اپنے دماغ کے باغبان خود ہیں، جیسے بیج آپ بوئیں گے، ویسی ہی فصل آپ کی زندگی میں کاٹی جائے گی۔”

شعور  احتساب اور ایمان کے سات رمضان المبارک میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں

؟

…….

باب دوم: وقت اور نیند کی تنظیمِ نو

Ebook ramdan mindmap time menagment

عام طور پر ہم رمضان کو “نیند کی قربانی” کا مہینہ سمجھ لیتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہم سارا دن ایک بوجھل طبیعت کے ساتھ گزارتے ہیں۔ جب جسم تھکا ہوا ہو اور سر میں درد ہو، تو دل عبادت میں نہیں لگتا بلکہ ہم صرف وقت پورا کر رہے ہوتے ہیں۔ شیخ عبدالقادر جیلانیؒ نے کیا خوب فرمایا تھا:
> “اپنے وقت کی حفاظت کرو، کیونکہ یہ تمہاری زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ اگر ایک بار یہ ہاتھ سے نکل گیا تو دوبارہ کبھی لوٹ کر نہیں آئے گا۔”
رمضان میں وقت کی کمی نہیں ہوتی، بلکہ ترجیحات کا بکھراؤ ہوتا ہے۔ اگر آپ کے پاس 24 گھنٹوں کا واضح نقشہ نہیں ہے، تو آپ کا وقت کچن کی نذر ہو جائے گا یا سوشل میڈیا کی بے مقصد سکرولنگ میں۔
رمضان سے پہلے کی تیاری: ‘فارغ الذہن’ عبادت کے لیے
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا رمضان واقعی سکون سے گزرے، تو ہمیں وہ تمام کام جو رمضان میں بوجھ بن سکتے ہیں، شعبان کے آخری ایام میں ہی نمٹا لینے چاہئیں۔ حضرت ابو بکر بلخیؒ کا ایک بہت ہی بصیرت افروز قول ہے:
> “شعبان کا مہینہ بیج بونے کا مہینہ ہے، اور رمضان کا مہینہ فصل کاٹنے کا مہینہ ہے۔”
>
اس کا مطلب یہی ہے کہ اگر آپ نے شعبان میں تیاری کا بیج نہ بویا، تو رمضان میں عبادت کی بھرپور فصل نہیں کاٹ سکیں گے۔
* عید کی شاپنگ اور صفائی: عید کی خریداری، درزی کے چکر اور گھر کی گہری صفائی (Deep Cleaning) جیسے کام رمضان شروع ہونے سے پہلے ہی کر لیں۔ یہ کتنا عجیب مشاہدہ ہے کہ ہم پورا سال شاپنگ کر سکتے ہیں، مگر ہمیں سب سے زیادہ ضرورت عید کے جوڑوں کی رمضان کے آخری عشرے میں ہی پڑتی ہے— وہی وقت جو رب کو منانے کے لیے مخصوص تھا، ہم نے دکانداروں سے بھاؤ تاؤ کرنے میں گزار دیا۔

نیند کی سائنس

اسلامی روایت میں جسے ‘قیلولہ’ کہا جاتا ہے، جدید سائنس اسے ‘پاور نیپ’ کے نام سے ایک جادوئی تھراپی قرار دیتی ہے۔ رمضان میں رات کی نیند ٹکڑوں میں بٹ جاتی ہے، جسے پورا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ظہر کے بعد صرف 20 سے 30 منٹ کی نیند لی جائے۔ یہ آپ کے دماغ کو ‘ری سیٹ’ کر دیتی ہے۔
وقت کی تین بڑی تقسیمیں (The 3-Slot Strategy)
آپ نے اپنے دن کو تین اہم حصوں میں بانٹنا ہے تاکہ کچن اور عبادت میں توازن رہے:
* روحانی وقت (سحر سے طلوعِ آفتاب): یہ وقت صرف تلاوت اور دعا کے لیے ہے، کچن کے کام سحری سے پہلے نمٹا لیں۔
* عملی وقت (صبح سے ظہر): یہ آپ کے دنیاوی کاموں یا ملازمت کا وقت ہے۔
* خاموش وقت (ظہر سے افطار): اس دوران جسمانی ہمت کم ہونے لگتی ہے۔ یہ وقت تسبیحات اور ذکر کے لیے بہترین ہے۔
میں نے بہت سی خواتین کو دیکھا ہے جو افطار کا دسترخوان سجانے میں اتنی تھک جاتی ہیں کہ مغرب کی نماز اور دعا کے قیمتی لمحات میں ان کا ذہن مکمل طور پر سن (Numb) ہوتا ہے۔ کیا ہم نے رمضان پکوڑوں کے لیے رکھا تھا یا اپنے رب کے لیے؟

عملی سرگرمی: وقت کا بجٹ

ایک کاغذ پر صرف یہ دو کالم بنائیں اور آج ہی فیصلہ کریں:
| کیا چھوڑنا ہے؟ (رمضان سے پہلے) | کیا سمیٹنا ہے؟ (رمضان کے لیے) |
|—|—|
| عید کی شاپنگ اور درزی کے چکر | سحر سے اشراق کا وقت (صرف عبادت) |
| گھر کی ڈیپ کلیننگ | ظہر کے بعد 20 منٹ کا قیلولہ (انرجی کے لیے) |
| کچن میں افطار کی لمبی فہرستیں | عصر سے افطار (صرف ذکر اور آٹو سجیشن) |
آج کا عہد: “میں نے اپنا وقت بازاروں اور کچن سے نکال کر مصلے کے لیے وقف کر دیا ہے۔”
………

باب سوم: ڈائٹ مینجمنٹ

Ramdan roadmap diet mengment

اکثر لوگ رمضان میں سارا دن اس لیے نڈھال رہتے ہیں کیونکہ ان کی سحری اور افطاری غلط ہوتی ہے۔ اگر ہم معدے کو بوجھل کر لیں گے، تو دماغ سست ہو جائے گا اور عبادت بوجھ لگنے لگے گی۔ جیسا کہ کسی دانا کا قول ہے:
> “صحت مند معدہ ہی ایک بیدار دماغ کا ضامن ہے۔ جب آپ اعتدال میں کھاتے ہیں، تو آپ کا جسم نہیں بلکہ آپ کی روح بولتی ہے۔”

ماہرِ غذائیت کا ‘پلیٹ میتھڈ’

رمضان میں سستی سے بچنے کے لیے اپنی پلیٹ کو ان چار حصوں میں تقسیم کریں:
ایک حصہ (کاربوہائیڈریٹس): روٹی یا چکی کے آٹے کا پراٹھا/چاول۔
ایک حصہ (سالن): پکی ہوئی سبزی یا دال۔
ایک حصہ (پروٹین): گوشت، مرغی، مچھلی یا انڈا۔
ایک حصہ (فائبر): تازہ سلاد (کھیرے، ٹماٹر، پتے والی سبزیاں)۔

ڈیری کا اصول: ایک وقت میں ایک چیز

معدے کو بوجھل ہونے سے بچانے کے لیے ڈیری (Dairy) کی چیزوں میں توازن رکھیں۔ اگر آپ لسی پی رہے ہیں تو چائے کو اس وقت کے لیے چھوڑ دیں، اور اگر چائے پی رہے ہیں تو لسی کو سکپ (Skip) کر دیں۔ ایک ہی وقت میں دونوں کا استعمال ہاضمے کو خراب کرتا ہے۔
اس سلسلے میں
۱۔ امام غزالیؒ کا فرمان:

“پیٹ بھر کر کھانا اللہ کی عبادت میں سستی پیدا کرتا ہے اور دل کو سخت کر دیتا ہے۔”

۲۔ ایک تلخ مشاہدہ:

 “رمضان بھوک کا نام نہیں بلکہ بھوک کے احساس کا نام ہے۔ اگر دسترخوان پر افطار کے وقت اتنی اقسام ہوں کہ انتخاب مشکل ہو جائے، تو سمجھ لیں کہ ہم نے روزے کی روح کو کھو دیا ہے۔”

عملی مشق:

رمضان شروع ہونے سے پہلے (شعبان کے آخری دنوں میں) اپنے جسم کو تیار کرنے کے لیے یہ مشق کریں:
دوپہر کا کھانا چھوڑ دیں: تاکہ معدے کو خالی رہنے کی عادت ہو اور رمضان کے شروع میں سر درد نہ ہو۔
ایک وقت کی چائے کم کریں: تاکہ ‘کیفین’ کی کمی سے ہونے والی چڑچڑاہٹ سے بچ سکیں۔

 پانی کا استعمال بڑھا دیں: دوپہر کے کھانے کی جگہ پانی پیئیں تاکہ جسم ہائیڈریٹ رہے۔

اس مشق کا فائدہ: یہ آپ کے لاشعور کو بتاتی ہے کہ آپ اپنے نفس کے مالک خود ہیں۔ جب آپ ابھی سے اپنی پسندیدہ چیز اللہ کے لیے چھوڑنا شروع کریں گی، تو آپ کی روحانی قوت بڑھے گی۔

آٹو سجیشن :

اس باب کے اختتام پر ان جملوں کو دہرائیں:
“میں نے اپنے معدے کو بوجھ سے آزاد کر دیا ہے، اب میرا جسم ہلکا اور روح بیدار ہے۔”
“I have freed my stomach from the burden of overeating; my body is light, and my soul is awake.”
…..

باب چہارم: نیند کی تنظیم

Ramdan Road map sleep menagment

رمضان میں نیند کی کمی اکثر چڑچڑاہٹ کا سبب بنتی ہے، لیکن اصل مسئلہ نیند کی کمی نہیں بلکہ اس کی بے ترتیبی ہے۔ ہمیں مقدار سے زیادہ نیند کے معیار پر توجہ دینی چاہیے۔

زہنی پروگرامنگ: سستی پر قابو پانے کا طریقہ

انسانی دماغ وہی قبول کرتا ہے جو ہم اسے بار بار باور کرواتے ہیں۔ اگر آپ سحری کے وقت خود سے کہیں گی کہ “آج تو نیند پوری نہیں ہوئی، اب سارا دن برا گزرے گا”، تو دماغ واقعی آپ کے جسم کو تھکا دے گا۔

 ذہنی تربیت: سونے سے پہلے خود کو یہ مثبت پیغام دیں: “یہ چند گھنٹوں کی نیند میرے جسم کو مکمل طور پر ری چارج کرنے کے لیے کافی ہے۔ میں جب بیدار ہوں گی تو خود کو بہت توانا محسوس کروں گی۔” جب آپ اپنے دماغ کو ‘معیار’ کا حکم دیتی ہیں، تو وہ کم وقت میں زیادہ سکون فراہم کرتا ہے۔

ایک غلط روایت: ساری رات جاگنا اور سارا دن سونا
ہمارے ہاں ایک بہت ہی غلط روایت جڑ پکڑ چکی ہے کہ لوگ سحری تک جاگتے رہتے ہیں اور پھر فجر پڑھ کر عصر تک سوئے رہتے ہیں۔ یہ طریقہ روزے کے اصل مقصد اور اس کی روح کے سراسر خلاف ہے۔

 روحانی نقصان: روزہ ہمیں اپنے نفس پر قابو پانا سکھاتا ہے۔ جب ہم سارا دن سو کر گزار دیتے ہیں، تو ہمیں اس بھوک اور پیاس کا احساس ہی نہیں ہوتا جو ہماری روح کی تربیت اور تزکیے کے لیے ضروری ہے۔

 نفسیاتی مشاہدہ: دن بھر کی غیر فطری نیند جسم کو سست اور کاہل بنا دیتی ہے، جس کی وجہ سے افطار کے بعد تراویح اور دیگر عبادات بوجھ لگنے لگتی ہیں۔ ہم روزے کو “گزارتے” ہیں، اسے “جیتے” نہیں ہیں۔

> ۱۔ امام غزالیؒ (کیمیائے سعادت):

> “زیادہ سونا دل کو مردہ کر دیتا ہے اور انسان کی ہیبت کو ختم کر دیتا ہے۔ جو شخص دن کا زیادہ حصہ سونے میں گزار دیتا ہے، وہ روزے کی اس لذت سے محروم رہتا ہے جو بھوک کی وجہ سے روح کو حاصل ہوتی ہے۔”

۲۔ امام ابن القیمؒ (زاد المعاد):

> “صبح کے وقت (فجر کے بعد) سونا رزق اور برکت کو روک دیتا ہے، کیونکہ یہ وقت اللہ کی طرف سے تقسیمِ نعمت کا وقت ہے۔”

نیند کی درست تقسیم

تروتازہ رہنے کے لیے اپنی نیند کو ان دو حصوں میں بانٹیں:
رات کی نیند: عشاء اور تراویح کے بعد جلد سونا لازمی بنائیں۔ یہ وقت جسم کے خلیوں کی مرمت اور ذہنی سکون کے لیے سب سے بہترین ہے۔
قیلولہ: ظہر کے بعد صرف ۲۰ سے ۳۰ منٹ کا آرام آپ کے دماغ کو دوبارہ تروتازہ کر دیتا ہے۔ یاد رکھیں، اگر آپ زیادہ سوئیں گی، تو بوجھل پن بڑھے گا۔

عملی مشق: تصور کی طاقت

جب آپ کا دل چاہے کہ سارا دن سو کر گزار دوں، تو فوراً اپنے ذہن میں دو تصویریں لائیں:
پہلی تصویر: آپ سستی سے سوئی ہوئی ہیں اور قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے (اسے دھندلا کر دیں)۔
دوسری تصویر: آپ وضو کر کے مصلے پر یکسوئی سے بیٹھی ہیں اور تروتازہ محسوس کر رہی ہیں (اسے روشن اور بڑا کر دیں)۔
دماغ کو روشن تصویر کی طرف منتقل کریں، یہ آپ کی قوتِ ارادی کو بیدار کر دے گا۔
چیک لسٹ: کیا آپ کی نیند منظم ہے؟
کیا میں عشاء کے بعد جلد بستر پر ہوتی ہوں؟
کیا میں نے دوپہر کو مختصر آرام (قیلولہ) کیا؟
کیا میں نے سارا دن سو کر گزارنے کی غلط روایت کو ترک کیا؟
خود کلامی: “میری نیند میری بندگی کے لیے ایندھن ہے۔ میں وقت پر سوتی ہوں تاکہ میرا رب مجھ سے راضی ہو۔”
………

باب چہارم: اسکرین مینجمنٹ

Ramdan roadmap screen menagment

رمضان وہ مہینہ ہے جس میں اللہ کا کلام زمین پر اترا۔ لیکن آج کے دور میں ہماری عبادات کا سب سے بڑا چور وہ ‘ننھی سی اسکرین’ ہے جو ہمیں قرآن سے دور کر دیتی ہے۔ اس باب کا مقصد اسکرین کے مصنوعی نور سے نکل کر قرآن کے حقیقی نور کی طرف لوٹنا ہے۔

۱۔ اسکرین کا دھوکہ اور وقت کا ضیاع

ہم تسبیح کے بجائے موبائل سکرول کرنے کے اتنے عادی ہو چکے ہیں کہ ہمیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ کب ہمارے قیمتی گھنٹے سوشل میڈیا کی نذر ہو گئے۔
سوشل میڈیا کی ‘فیڈ’ کبھی ختم نہیں ہوتی، لیکن زندگی کی سانسیں ختم ہو رہی ہیں۔ اس مہینے میں اسکرین سے دوری دراصل رب سے نزدیکی ہے۔

۲۔ اسکرین کا متبادل:

قرآنِ کریم ہمیں صرف موبائل چھوڑنا نہیں ہے، بلکہ اس خالی وقت کو قرآن سے بھرنا ہے۔ یاد رکھیں، رمضان اور قرآن کا رشتہ لازم و ملزوم ہے۔
“رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا، جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے…” (سورۃ البقرہ، آیت ۱۸۵)

تعلق بالقرآن کے تین درجات:

 تلاوت: زبان سے کلامِ الٰہی کی تلاوت کرنا۔
ترجمہ: یہ جاننا کہ میرا رب مجھ سے کیا کہہ رہا ہے۔
تدبر: قرآن کی آیات پر غور کرنا اور انہیں اپنی زندگی (اور ٹائم مینجمنٹ) کا حصہ بنانا۔

۱۔ حضرت عثمان غنیؓ کا فرمان:

“اگر تمہارے دل پاک ہوتے، تو تم کبھی قرآن کی تلاوت سے سیر (مطمئن) نہ ہوتے۔”
(کتاب: الزہد از امام احمد بن حنبل)
>
واصف علی واصفؒ (دل دریا سمندر):
> “توجہ ہی بندگی ہے، اور بکھری ہوئی توجہ کبھی دعا میں اثر پیدا نہیں کر سکتی۔ جس کا دھیان موبائل میں بٹ گیا، اس کا رب سے رابطہ کٹ گیا۔”

ذہنی پروگرامنگ: قرآن سے تعلق کی این ایل پی تکنیک

جب آپ موبائل چھوڑ کر قرآن پکڑیں، تو ایک لمحے کے لیے آنکھیں بند کر کے یہ تصور کریں کہ: “کائنات کا خالق اس وقت براہِ راست مجھ سے کلام کر رہا ہے”۔ یہ ذہنی تصور آپ کی توجہ کو اسکرین کی دنیا سے کاٹ کر کلامِ الٰہی کی گہرائی میں اتار دے گا۔ پھر آپ کو اسکرین کی مصنوعی روشنی کے بجائے قرآن کے نور میں زیادہ سکون ملے گا۔

عملی حکمتِ عملی: ڈیجیٹل روزہ

 نوٹیفکیشن آف: سوشل میڈیا ایپس کے نوٹیفکیشن پورے مہینے کے لیے بند کر دیں۔
مقررہ وقت: دن میں صرف ایک بار (مثلاً عصر کے بعد) صرف ۱۵ منٹ کے لیے موبائل دیکھیں۔
بدل (Replacement): جب بھی موبائل اٹھانے کی طلب ہو، قرآن پاک کا ایک رکوع ترجمے کے ساتھ پڑھ

لیں۔
عملی مشق

آج ہی اپنے موبائل سے غیر ضروری ایپس ہٹا دیں اور ہوم اسکرین پر قرآن کی ایپ رکھیں۔ اپنا ‘اسکرین ٹائم’ چیک کریں اور عہد کریں کہ اس کا آدھا وقت تلاوتِ قرآن کو دیں گے۔
خود کلامی (آٹو سجیشن): “قرآن میرے دل کی بہار اور میری آنکھوں کا نور ہے۔ میں نے فانی اسکرین کے بدلے باقی رہنے والے کلام کو چن لیا ہے۔”
……

باب پنجم: رمضان اور عادات کی تشکیل

(The Habit-Menagment

Ramdan Roadmap the habit menagement

​رمضان المبارک محض ایک مہینہ نہیں، بلکہ انسانی شخصیت کی تعمیرِ نو کا ایک عالمی تربیتی پروگرام ہے۔ نفسیاتی طور پر کسی بھی عمل کو عادت بنانے کے لیے مسلسل تکرار کی ضرورت ہوتی ہے، اور رمضان ہمیں پورے 30 دن کی ایسی تربیت دیتا ہے جو ہماری پرانی اور زنگ آلود عادات کو توڑ کر نئی اور شفاف عادات ڈھالنے میں مدد دیتی ہے۔

​۱۔ عادات کی تبدیلی اور عالمی مفکرین کی بصیرت

​اس باب میں ہم دنیا کے نامور لکھاریوں اور مفکرین کے ان اقوال سے رہنمائی لیں گے جنہوں نے انسانی عادات پر گہری تحقیق کی ہے:

    • ​ارسطو (Aristotle): ​”ہم وہی ہیں جو ہم بار بار کرتے ہیں۔ پس فضیلت یا کامیابی کوئی ایک عمل نہیں، بلکہ ایک مستقل عادت ہے۔” رمضان ہمیں وہی فضیلت (صبر، سچائی اور نظم و ضبط) بار بار دہرانے کا موقع دیتا ہے تاکہ وہ ہماری فطرت بن جائے۔

​”ہم وہی ہیں جو ہم بار بار کرتے ہیں۔ پس فضیلت یا کامیابی کوئی ایک عمل نہیں، بلکہ ایک مستقل عادت ہے۔”

رمضان ہمیں وہی فضیلت (صبر، سچائی اور نظم و ضبط) بار بار دہرانے کا موقع دیتا ہے تاکہ وہ ہماری فطرت بن جائے۔

جیمز کلیئر (James Clear): ​”عادات وہ سود (Interest) ہیں جو آپ کے نظم و ضبط پر آپ کو ملتا ہے۔ اگر آپ ہر روز صرف ایک فیصد بہتری لائیں، تو آپ حیرت انگیز طور پر بدل جائیں گے۔” رمضان کا ہر روزہ وہی ‘ایک فیصد’ کی روحانی بہتری ہے جو تیس دن بعد ایک مکمل تبدیلی بن جاتی ہے۔

​”عادات وہ سود (Interest) ہیں جو آپ کے نظم و ضبط پر آپ کو ملتا ہے۔ اگر آپ ہر روز صرف ایک فیصد بہتری لائیں، تو آپ حیرت انگیز طور پر بدل جائیں گے۔”

رمضان کا ہر روزہ وہی ‘ایک فیصد’ کی روحانی بہتری ہے جو تیس دن بعد ایک مکمل تبدیلی بن جاتی ہے۔

سٹیفن کووی (Stephen Covey):

​”بوؤ ایک عمل، کاٹو ایک عادت؛ بوؤ ایک عادت، کاٹو ایک کردار؛ بوؤ ایک کردار، کاٹو اپنی تقدیر۔” رمضان میں کیا گیا ہر نیک عمل دراصل آپ کی تقدیر بدلنے کی طرف پہلا قدم ہے۔

​”بوؤ ایک عمل، کاٹو ایک عادت؛ بوؤ ایک عادت، کاٹو ایک کردار؛ بوؤ ایک کردار، کاٹو اپنی تقدیر۔”

رمضان میں کیا گیا ہر نیک عمل دراصل آپ کی تقدیر بدلنے کی طرف پہلا قدم ہے۔

​۲۔ تکرار کی طاقت (The Power of Repetition)

​جدید نفسیات کہتی ہے کہ جب ہم کسی برائی کو مسلسل 21 سے 30 دن تک چھوڑے رکھتے ہیں، تو ہمارا دماغ اس کے بغیر رہنے کا عادی ہو جاتا ہے۔ رمضان میں ہم جھوٹ، غیبت اور غصہ چھوڑنے کی جو مشق کرتے ہیں، وہ دراصل ہمارے اعصابی نظام کی “دوبارہ پروگرامنگ” (Rewiring) کر رہی ہوتی ہے۔

​۳۔ عملی مشق: ‘عادت کی زنجیر’

​عادات کی تبدیلی کے لیے ایک سادہ مگر موثر طریقہ اپنائیں:

          • ​اپنی کسی ایک ایسی عادت کا انتخاب کریں جسے آپ بدلنا چاہتی ہیں (مثلاً موبائل کا بے جا استعمال یا سستی)۔ ر وہ دن جب آپ اس پر قابو پائیں، اپنے ڈائری میں ایک نشان لگائیں۔ان نشانات کی زنجیر کو ٹوٹنے نہ دیں۔ یہ تیس دن کی زنجیر آپ کے ارادے کی مضبوطی کا ثبوت ہوگی۔

​حاصلِ کلام:

رمضان ہمیں یہ یقین دلاتا ہے کہ ہم بدل سکتے ہیں۔ اگر ہم اللہ کی خاطر حلال کھانا اور پینا چھوڑ سکتے ہیں، تو ہم اس کی خاطر وہ عادات بھی چھوڑ سکتے ہیں جو ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں

حرف آخر

ہماری اس پوری گفتگو، ابواب اور عملی مشقوں کا مقصد صرف ایک ‘بہتر رمضان’ گزارنا نہیں تھا، بلکہ ایک ایسی ‘بہتر زندگی’ کی بنیاد رکھنا تھا جو اللہ کی خوشنودی کی طرف لے جائے۔
وقت، خوراک، نیند اور اسکرین کی مینجمنٹ دراصل وہ اوزار ہیں جن کے ذریعے ہم اپنے نفس کو قابو کرتے ہیں۔ جب نفس قابو میں آ جائے، تو روح کے پر نکل آتے ہیں اور وہ اپنے اصل خالق کی طرف پرواز کرنے لگتی ہے۔

کامیابی کا اصل پیمانہ

کامیابی صرف یہ نہیں کہ ہم نے 30 روزے مکمل کر لیے یا عید کی تیاریاں وقت پر کر لیں۔ اصل کامیابی وہ ہے جس کا ذکر قرآن میں ہے:
“جو شخص آگ سے بچا لیا گیا اور جنت میں داخل کر دیا گیا، پس وہ کامیاب ہو گیا۔”
(سورۃ آل عمران، آیت 185)

اس روڈ میپ پر چلتے ہوئے یاد رکھیں کہ ہر سیکنڈ جو آپ بچا رہی ہیں، ہر لقمہ جس میں آپ اعتدال کر رہی ہیں، اور ہر وہ لمحہ جو آپ اسکرین کے بجائے مصلے پر گزار رہی ہیں، وہ آپ کی آخرت کے بینک میں جمع ہو رہا

۱۔ شیخ سعدی شیرازیؒ (گلستان):
“دنیا وہ جگہ ہے جہاں مسافر صرف اتنی دیر رکتا ہے کہ اپنا سامان درست کر لے اور منزل کی طرف روانہ ہو جائے۔ رمضان وہ پڑاؤ ہے جہاں ہمیں اپنا زادِ راہ (نیکیاں) اکٹھا کرنا ہے۔”
“افطار کے وقت صرف پیٹ نہیں بھرنا چاہیے، بلکہ یہ سوچ کر آنکھیں بھی بھرنی چاہئیں کہ کیا میرا رب مجھ سے راضی ہوا؟”

آخری عمل: توبہ اور رجوع

رمضان کی آخری راتوں میں جب آپ اپنا روڈ میپ مکمل کریں، تو ایک گوشے میں بیٹھ کر اپنے رب سے کلام کریں۔ اپنی کمیوں کی معافی مانگیں اور یہ عہد کریں کہ جو ڈسپلن (نظم و ضبط) آپ نے اس مہینے میں سیکھا ہے، وہ عید کے بعد ختم نہیں ہوگا بلکہ آپ کی نئی زندگی کا حصہ بنے گا۔
دعا
“اے اللہ! ہمیں ان لوگوں میں شامل فرما جن کا رمضان ان کی مغفرت کا ذریعہ بنا۔ ہمیں وقت کی قدر، جسم کی امانت، روح کا سکون اور قرآن کا نور عطا فرما۔ ہمیں دنیا میں بھی کامیاب کر اور آخرت میں اپنے حبیب ﷺ کا ساتھ نصیب فرما۔ آمین”

……..

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں