236

ایک اور بیٹی قتل

تحریر شئیر کریں

کالم نگار:ام بریرہ

خانیوال میں ایک اور بیٹی غیرت کے نام پر قتل کردی گئی۔ سونیا، جس کے ہاتھوں کی مہندی ابھی خشک بھی نہ ہوئی تھی، اپنے باپ کے ہاتھوں موت کے گھاٹ اتار دی گئی۔ خوشیوں سے بھرپور اس کے چہرے پر ایک لمحے میں زخموں کی داستان رقم ہوگئی۔ سونیا کی آنکھوں میں نئے زندگی کے خواب تھے، مگر وہ خواب اس کے باپ کو گوارا نہ تھے۔

باپ، جو بیٹی کے لیے تحفظ کی علامت ہوتا ہے، آج وہی موت کا فرشتہ بن گیا۔ جس ہاتھ نے اسے چلنا سکھایا تھا، آج اسی ہاتھ نے اس کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ سونیا نے ایک نظر اپنے قاتل باپ کی طرف دیکھا، شاید امید تھی کہ وہ رک جائے گا، سوچے گا، مگر نہیں… اس کی نظر میں غیرت تھی، جو محبت سے زیادہ مضبوط نکلی۔

آپ چاہیں تو ملک بدل سکتے

ملک سارا کھا گئے

محفل میں قہقہے تھے، خوشبو تھی، مبارک بادیں تھیں، مگر اچانک چیخیں گونجنے لگیں، خون زمین پر بہنے لگا، اور سونیا کے ہونٹوں پر ایک آخری آہ ٹھہر گئی۔ آج پھر ایک بیٹی کی زندگی “غیرت” کے نام پر چھین لی گئی۔

کاش! اس باپ کو سمجھ آتی کہ عزت کردار میں ہوتی ہے، قتل میں نہیں۔ کاش! وہ لمحے بھر کو سوچتا کہ وہ اپنی ہی بیٹی کی جان لے رہا ہے۔ مگر نہیں، وہ لمحہ آیا ہی نہیں… اور یوں سونیا کا نام بھی ان ہزاروں بیٹیوں میں شامل ہوگیا، جن کی سانسیں ظالم روایات کی نذر ہو گئیں۔

یہ قتل نہیں، معاشرے پر ایک سوال ہے۔ ایک ایسا سوال جس کا جواب شاید کبھی نہ ملے!

اسلامی شریعت نے نکاح میں لڑکی کو ہاں یا ناں کا اختیار دیا ہے۔ پھر کیوں اس کے انکار کو برداشت نہیں کیا جاتا؟ سونیا نے نکاح سے انکار کیا، اور اس انکار کی سزا اسے موت کی صورت میں ملی۔ یہ واقعہ ہمارے معاشرتی رویوں پر سوالیہ نشان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں