436

ایمانی کیفیت

تحریر شئیر کریں

ایمانی کیفیت

تحریر:سائرہ حسن

ایمان ، اللہ پہ ایمان ، اسلام میں داخل ہونے کے لیے پہلی شرط ۔ پہلے یہ یقین کامل تو ہو کہ ہمارا اور اس کائنات کا کوئی خالق و مالک ہے ! کوئی ہے جو اس نظام ہستی کو ، اس کائنات کو ، اس کے ذرے ذرے کو تخلیق کرنے اور اسے زندگی دینے پر قادر ہے ۔ وہ موجود ہے ۔ ہمیشہ سے تھا اور ہمیشہ رہے گا۔

ایمانی کیفیت کیا ہے

ایمان کیا ہے ؟ ایمانی کیفیت کیا ہے ؟ اللہ پہ یقین پختہ ہونے کا ترازو کیا ہے ؟ اس کی پہچان کیا ہے ؟
رسول اللہ صہ کی حدیث ہے ، فرمایا ” اس شخص نے ایمان کا مزہ پا لیا جو اللہ کے رب ، اسلام کے دین ، اور محمد صہ کے رسول ہونے پر دل سے راضی اور مطمئن ہو گیا ۔” (مسلم ۔ مشکوٰۃ)


ایمان دراصل اللہ رب العزت کے الہ ہونے کو اپنے دل میں ، اپنے اندر محسوس کرنے کا نام ہے ۔ جس ذی النفس نے اس احساس کو پا لیا ، اس احساس کو اپنے اندر جگا لیا ، اس نے ایمان کا مزہ پا لیا ۔ اور جس نے ایمان کی روشنی پا لی اس نے اپنے لیے اللہ کی طرف سے ہدایت کے تمام راستے کھول لیے ۔ تمام در وا کر لیے ۔ یہی ایمان ، یہی احساس جو ہمارے دل میں روشن ہوا اس کی اصل پہچان کیا ہے ۔ کیا کیفیت ہو کہ جس سے ہم یہ محسوس کریں کہ ہم نے ایمان باللہ پا لیا ہے ۔ وہ ایسے ، کہ ہماری سوچ غور و فکر کی طرف مائل ہو ، سوچ کا زاویہ یہ ہو کہ جب کائنات کا خالق و مالک ،

ہر شے اسی کے قبضہ قدرت میں ، ہر شے کائنات کی اس کے حکم کی تابع ، تمام مخلوقات کا خالق ، اصولوں میں اٹل ، انسان کی شہہ رگ سے زیادہ اس کے قریب ، تو پھر ہمارے جسم کا ایک ایک حصہ ، ہمارا پورا وجود اسی کے حکم کے تابع ہے ۔ یعنی نہ ہمارا کچھ ہے نہ اس کی مرضی کے بغیر ہمارا اپنے وجود پہ کوئی اختیار ہے ۔ایمانی کیفیت


جب یہ سمجھ میں آجائے تو یہی وہ وقت ہوتا ہے جب ہمیں یہ ادراک ہوتا ہے کہ ہم ہمارا دل و دماغ ، ہمارا پورا کا پورا وجود ، ہمارا نفس ، ہمارا اپنا آپ ، سب کا سب بس اسی ایک واحد ہستی کے تابع فرمان ہے ۔ اور یہی وہ پختہ ایمان و یقین کی کیفیت ہے جو ہمیں مالک کائنات کا مسلم بناتی ہے ۔ جو کیفیت اللہ کو مطلوب ہے ۔ اسی ایمان اور یقین سے جڑا ہے ہمارا ہر عمل ، اور اللہ کی دی ہوئی ہر ہدایت ۔


حضرت عمر رضہ سے ایک طویل حدیث روایت ہے جو حدیث جبرئیل ع کے نام سے مشہور ہے ۔ اس کا ایک حصہ یہ ہے کہ حضرت جبرئیل ع رسول صہ کے پاس انسانی شکل میں تشریف لائے اور پوچھا ” بتائیے ایمان کیا ہے ؟” آپ صہ نے فرمایا “ایمان یہ ہے کہ تم اللہ کو ، اس کے فرشتوں کو ، اس کی بھیجی ہوئی کتابوں کو ، اس کے رسولوں کو ، اور آخرت کو حق جانو اور حق مانو ، اور اس بات کو بھی مانو کی دنیا میں جو کچھ ہوتا ہے خدا کی طرف سے ہوتا ہے ،چاہے وہ خیر ہو ، چاہے شر ۔ ” (مسلم).ایمانی کیفیت


یعنی جب انسان نے اپنا آپ ، اپنا وجود ، سب اس مالک و خالق کائنات کے سپرد کر دیا یعنی اپنا دل و دماغ اس کا تابع فرمان کر لیا ، تو سب سے پہلے اس نے ایمان باللہ سے جڑی تمام ایمانیات اور اللہ کے احکامات و تعلیمات کا خود کو پابند کر لیا ۔ اس نے اللہ سے کیا ہوا اپنا عہد نبھانے کا پختہ ارادہ کر لیا ۔ آسان لفظوں میں جب وہ اللہ کا دل سے مطیع فرمانبردار بن گیا تو دین پہ عمل کرنے کو پوری طرح سے تیار ہو گیا ۔ اور اپنی زندگی کا ہر ہر لمحہ اسی خدائے واحد کی مرضی اور خوشنودی کے حصول میں گزارنے پہ راضی ہو گیا ۔


یہی وہ اللہ کا بتایا ہوا سکھایا ہوا اصول ہے جس سے انسان کی زندگی کو ایک مقصد مل جاتا ہے ۔ زندگی میں مشکلات اور آزمائشیں آتی ہیں لیکن انسان کی اللہ کی طرف یکسوئی اور ایمان کی ثابت قدمی اسے ان مشکلات سے نکال لیتی ہے ۔ کیونکہ ہر آزمائش میں اللہ کا فضل ، اس کا کرم انسان کے ساتھ ہوتا ہے ۔ بس یقین کی کیفیت پختہ رہے۔ اور امید مایوسی میں نہ بدلے ۔
ایک حدیث میں رسول صہ نے ارشاد فرمایا “جس نے للہ کے لیے دوستی کی اور اللہ کے لیے دشمنی کی اور اللہ کے لیے دیا اور اللہ کے لیے روک رکھا اس نے اپنے ایمان کو مکمل کیا۔” (بخاری).


جب ہم یہ سوچیں گے کہ اس دنیا میں ہم اللہ کا نام بلند کرنے کے مقصد سے بھیجے گئے ہیں اور اسی کی طرف ہمیں لوٹنا ہے تو قدرتی طور پر ہمارے معاملات ، ہمارے اخلاقیات ، معاشرت ، سیاست غرض ہم ہر جگہ ہر عمل اللہ کی تابعداری ہی میں سرانجام دیں گے ۔ اس کی رضا کو مد نظر رکھتے ہوئے پورا کریں گے ۔ تب ہی اس حدیث کے مطابق ہمارا عمل ہوگا ۔ اللہ کی شان کریمی دیکھیے کہ ہمیں صرف اپنے دل میں ایمان کی اس کیفیت کو پانا ہے جو ہمیں پورا کا پورا صرف اور صرف اس رب دو جہاں کا کر دے ، پھر باقی عمل کی ساری منزلیں سارے زندگی کے مرحلے ، اتار چڑھاؤ ، معاملات سب اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کے حصار میں لے لیتا ہے ۔ اور انسان کے لیے دین اور ہدایت کی راہ پہ چلتے ہوئے زندگی کی ہر آزمائش سے اسے احسن طریقے سے نکال لیتا ہے ۔ اسے کبھی تنہا نہیں چھوڑتا ۔


یہی ایمان کی پختگی اور مضبوطی ہے جو انسان کے اپنے اخلاقیات بھی درست سمت میں رکھتی ہے اور زمانے کے رویوں کو برداشت کرنے کا حوصلہ بھی دیتی ہے ۔ کیسے ؟ اس کے لیے اللہ نے ہمارے سامنے قرآن کریم بطور ہدایت اور نبی کریم صہ کی زندگی کو بطور عملی نمونہ پیش کیا ۔
قرآن میں اللہ کا ارشاد ہے :


لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنہ
یعنی، تمھارے نبی صہ کی زندگی میں تمھارے لیے بہترین نمونہ ہے ۔
کیا تھا رسول صہ کا عمل ؟ آپ صہ چلتا پھرتا قرآن تھے ۔ جب آپ صہ سخت ترین آزمائشوں میں گھر جاتے تھے ، صبر ، برداشت ، امید نہ چھوڑنا ، اللہ کی بندگی پہ ڈٹے رہنا ، پیغام پہچاتے رہنا ، حسن اخلاق پہ آنچ نہیں آنے دینا ، ثابت قدم رہنا ، یہ سب کیوں تھا ؟

وجہ تھی ایمان بااللہ ، کامل یقین ، اللہ کی ذات پہ پورا بھروسہ اور ایمان کہ وہ ہے ! وہ سب دیکھ رہا ہے وہ سنبھال لے گا ۔ یہی وہ یقین ہے جو پھر انسان کو ڈگمگانے نہیں دیتا ۔ نہ ہی دنیاوی خوف میں مبتلا کرتا ہے ۔ بلکہ اگر سوچ کا راستہ سیدھا اللہ سے جا کے ملتا ہو تو پھر صبر ، استقامت ، حوصلہ و ہمت ، امید ، جستجو ، محنت کرنے کی لگن اور دلی سکون و اطمینان یہ ساری صفات اور زیادہ مضبوطی سے آپ کے اندر گھر کر لیتی ہیں ۔ بس ہمیں اللہ کی دی ہوئی ہدایت یعنی قرآن و سنت پہ عمل ، اسے اپنی زندگی کا مقصد بنانا ہے ، اور دوسرا اہم ترین مقصد لوگوں تک اللہ کا پیغام پہچاتے رہنا ہے ۔ بغیر ہمت ہارے پوری لگن اور محنت کے ساتھ۔


اللہ ہمیں اس کی توفیق عطا کرے ۔ اور ہمارا ایمان مضبوط کرے۔ آمین۔

سائرہ حسن۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں