468

مثبت مسلمان خاتون کی طاقت

تحریر شئیر کریں

🕯

مثبت مسلمان خاتون کی طاقت
The power of a Positive Muslim Woman.

تاریخ اسلام مثبت مسلمان خواتین کی مثالوں سے بھری پڑی ہے کہ جنہوں نے تاریخ کے صفحات پر گہرے نقوش چھوڑے۔ انہوں نے اپنے گھروں میں رہتے ہوئے معاشرے پر وہ اثرات چھوڑے جن پر گھر سے باہر رہنے والے مرد بھی رشک کرتے ہیں۔ مثلاً
▪پہلا فرد جو رسول کریم ﷺ پر ایمان لایا، وہ ایک خاتون تھیں یعنی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا.
▪ اس دنیا کا پہلا فرد جس نے رسول اللہ ﷺ کی اقتداء میں نماز پڑھی، وہ ایک خاتون تھیں یعنی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا.
▪ اسلام کے راستے میں پہلی شہید بھی ایک خاتون تھیں یعنی حضرت سمیہ رضی اللہ عنہا جو عمار بن ياسر ؓ کی والدہ تھیں.
▪ حضرت عمر بن خطاب کہ جن کے اسلام قبول کرنے سے مکہ کے مجبور مسلمانوں کو تقویت حاصل ہوئی۔ ان کے اسلام لانے کا موجب ان کی بہن حضرت فاطمہ بنت خطاب بنی تھیں۔
▪ جب آفتاب نبوت طلوع ہوا اور رسول اکرم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تو آپ ﷺ گھر آ کر خوف کی حالت میں کانپ رہے تھے تو ایک خاتون یعنی حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے آپ ﷺ کو کمبل اوڑھایا اور تسلی دی.
▪ اسی طرح جب حضور ﷺ اس دنیا سے رخصت ہورہے تھے اور آفتاب نبوت غروب ہو رہا تھا تو آنحضرت ﷺ کا سر ایک خاتون یعنی حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی گود میں تھا۔
▪ جب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور میں قرآن کو تحریری صورت میں جمع کیا تو قرآن کے پہلے مصحف کو ایک خاتون یعنی عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی بیٹی حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا کی تحویل میں دیا گیا۔
▪ قرآن نے نیک خواتین کو حَفِظَٰتٌ لِّلْغَيْبِ (غیب کی حفاظت کرنے والیاں یا کسی کی غیر موجودگی میں حفاظت کرنے والیاں) کہا ہے۔ (سورة النساء:۳۴)

دلچسپ بات ہے کہ اگر ہم احادیث کی تاریخ دیکھیں تو ہمیں رسول کریم ﷺ کی ایک بھی ایسی حدیث نہیں ملے گی جو کہ خاتون راوی کے جھوٹ کی وجہ سے درد کی گئی ہو.

امام ذہبیؒ تذکرة الحفاظ میں لکھتے ہیں:
“ایسے بہت سے مرد حضرات ہیں جنہوں نے جھوٹی احادیث گھڑیں. لیکن تاریخ اسلام میں ہمیں ایک بھی ایسی عورت نہیں ملتی کہ جس پر اس بات کا الزام لگا ہو کہ اس نے حضور ﷺ کی طرف جھوٹی حدیث منسوب کی ہو۔”

اس لحاظ سے دیکھا جائے تو تاریخ اسلام میں خواتین نے اسلامی علوم کو اگلی نسلوں تک ہمیشہ دیانتداری کے ساتھ منتقل کیا اور یہی ایک مسلمان مثبت خاتون کی طاقت ہے۔

{(اقتباس از پردہ عقل مند خواتین کا انتخاب)}

مثبت مسلمان خاتون کی طاقت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں