479

الوداع ماہ رمضان الوداع

تحریر شئیر کریں

الوداع ماہ رمضان الوداع
جانے والے چلے جاتے مگر اگلے سال لوٹ آنے کی امید رگوں میں امید یقین کے ساتھ تروتازہ ہو کر روشنی بن کر دوڑنے لگتی۔

رمضان آیا اور اب جانے کو ہے۔رحمتوں سعادتوں کی انمول گھڑیاں ہماری جھولی میں ڈال کر کسی انمول خزانے کی طرح اپنی چھب دکھا کر چھپ جانے کو ہے۔کون جانے پھر یہ سعادتیں ملے نا ملیں ۔۔۔ بس یہی سوچ پورے وجود پہ اداسی بن کر لپٹ لپٹ جا رہی۔ڈئیر رمضان مت جاؤ نا ابھی تو آۓ تھے۔کتنی رونقیں ہیں تیرے دم سے،بخشش ،یقین ایمان،جنت کیا خوبصورت وعدے ہیں روزہ داروں کے لیے۔نا رات کی فکر نا دن کی،بس ایک ہی نکتے پہ کھڑے ہیں سب ،بس رب راضی ہو جاۓ۔

بچپن سے ہی تیرے آنے کی منتظر رہتی تھی۔اور جانے پہ اداسیاں چھا چھا جاتیں تھیں۔
بڑے ہوۓ تو سمجھ آئی کہ رمضان کیوں رحمت ہے؟ہو سکے تو آپ بھی سوچیے۔۔۔یہ کیوں آپ کی زندگی میں بڑے دلچسپ جواب لے کر آۓ گا۔

سحری کی رونقیں دیکھ کر دل ایک ہی دعا مانگتا بار بار کاش پورا سال سب گھر والے ایسے ہی اٹھے ،کتنے خوش بخت ہوتے ہوں گے وہ لوگ جو سارا سال اس منظر کو دیکھتے۔صبح کا یہ منظر ہم جیسوں کو تو رمضان میں ہی نصیب ہوتا نا،اللہ اکبر کی گونجتی فضائیں جب تاریکی کو لبیک کہتی ہیں تو کتنا روح پرور منظر ہوتا ہے۔جو روح کی اتھاہ گہرائیوں میں اتر اترجاتا ہے ۔یقین جانیے دنیا کا سب سے رومینٹک منظر سحری کا منظر ہے۔صبح کی نماز کے بعد سپیدی طلوع ہونے کا منظر،اتنا سکون ہے کہ جس کی کوئی حد نہیں۔آج دنیا اس لیے ڈپریشن کے مرض میں مبتلا ہے کہ اس نے اپنی زندگی سے سویرے کا یہ منظر نکال پھینکا ہے۔

ڈئیر رمضان اس سال تجھ سے کیا سیکھا؟اس سال سیکھا ہے کہ قناعت کے ساتھ جینا سیکھنا۔جو بچا ہے اس کی قدر کرنی،شکر کی صورت بھی اور بندوں کے حقوق العباد کی صورت بھی۔جو نہیں بچا اس پہ پشیمان نہیں ہونا۔یہی تقدیر تھی۔جو چھن گیا۔اس نے چھننا ہی تھا۔بس جو بچا اسے سمیٹ لو۔یہی زندگی ہے۔اس سال ایک وعدہ اور بھی کیا ہے کہ لوگوں پہ تبصرے نہیں کرنے۔جب زبان شکوے گلوں کے زہر سے نجات پاۓ گی تو سب سے افضل الذکر کلمہ طیبہ کا زیادہ سے زیادہ ورد رکھنا ہے تاکہ تادم مرگ زباں پہ بآسانی رواں ہو سکے۔مرتے وقت وہی چیز زباں پہ رواں ہوتی جسے سب سے زیادہ کیا ہوتا۔چاہے وہ گانے ہوں یا نیک اعمال،جدید دور کی یہ بہت بڑی دریافت ہے۔

ڈئیر رمضان تیرے آنے سے پہلے بڑے پلان کیے تھے۔سب ہمیشہ کی طرح نامکمل رہ گۓ۔کیا اوقات ہے ہماری اور ہمارے پلانز کی،اللہ ہم تو تیری رحمت کے طلب گار ہیں۔ہم تو وہ سوالی ہیں جن کو مانگنا تک نہیں آتا۔مالک لفظ بھی تیرے زباں بھی تیری بولنے والا گہنگار بھی تیرا۔تیرے علاوہ ہمارا کوئی نہیں۔تو ہی پہلا اور آخری سہارا ہے۔مالک تو راضی ہو جا،تو کہتا نا کہ اے میرے بندے تو میرے تھوڑے رزق پہ راضی ہو جا میں تیرے تھوڑے عمل پہ راضی ہو جاؤں گا۔ہر سال اس ڈیل کا سوچتی،پر دل ٹھہرا حریص،کب مانتا یہ بات ہمیشہ مزید کی ضد کرتا۔مگر اس سال یہ ڈیل لگتا ہونے کو ہے۔”اے اللہ میں تیرے تھوڑے رزق پہ راضی تو میرے تھوڑے عمل سے راضی ہو جا”۔اپنی تقدیر پہ صابرو شاکر بنا دے۔بس یہی سوال ہے اللہ میرا سوال سوال رہے گا اگر تو نے کن کی مہر نا لگائی۔بس یہی التجا ہے کہ یہ سوال سوال نا رہے
ڈئیر رمضان امید واثق ہے اللہ نے چاہا تو آپ سے اگلے سال ملاقات ہوگا۔نۓ عزم نۓ یقین اور نئ جستجو کی طلب لیے تیری آمد کی منتظر ایک حقیر بندی تجھے الوداع کہتی ہے۔الوداع ماہ رمضان الوداع

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں