477

انتہا پسندی کے اسباب اور سد باب

تحریر شئیر کریں

انتہا پسندی کے اسباب اور سد باب

ابتدائے آفرینش سے یہ بات طے شدہ ہے کہ ہر انسان عقل و دانش اور فہم و فراست کے اعتبار سے جدا گانہ سوچ کا مالک ہے۔یہی سوجھ بوجھ انسان کو قدرت اور مظاہر قدرت کی جانب متوجہ کرتی ہے اور خالق کی خلقت میں تفکر و تدبر کے نئے در وا کرتی ہے۔یہی عقل انسان کو رب کائنات سے متعارف کرواتی ہے۔اسی عقل کے ذریعے سلیم الفطرت انسان حق کو قبول کر کے اطاعت خداوندی میں لگ جاتا ہے جبکہ قبیح الفطرت اسی عقل کو دین حنیف کے خلاف دلائل دینے میں استعمال کرتا ہے اور راہ گم گشتہ کا مسافر بن جاتا ہے۔
عقل و شعور کے انہیں مراتب میں نظریاتی اور فکری اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔ جب یہ فکری اختلاف ذاتی اختلاف کی صورت اختیار کر کے دوسروں پر اپنی بات مسلط کرنے کے لئے تمام اخلاقی حدود پار کرجائے تو اسے “انتہا پسندی” کا نام دیا جاتا ہے۔

بچوں کے حوالے سے کام کی ضرورت و اہمیت


انتہا پسندی کےباسباب اور سدباب کے تناظر میں انتہا پسندی کی تاریخ بھی اتنی ہی پرانی ہے جتنی کہ انسانی ارتقاء کی، ہردور کی اقوام میں مذہبی اور نظریاتی اختلاف پایا جاتا رہا۔انبیاء کو جھٹلانے سے لےکر ان کو قتل کرنے تک، پتھر برسا کر لہو لہان کرنے سے محصور کردینے تک، انبیاء کو خدا کا بیٹا اور فرشتوں کو اس کی بیٹیاں بنانے تک سب کے پیچھے انتہا پسندی ہی کارفرماں رہی، اسی انتہا پسندی کے باعث وجہ کائنات سید المرسلین کو ان کے اپنے ہی خاندان کے افراد نے اپنا آبائی شہر چھوڑنے پر مجبور کردیا۔انتہا پسندی ایسی قبیح چیز ہے جس سے معاشرہ بد امنی کا شکار ہو کر انتشار و افتراق کو جنم دیتا ہے۔انتہا پسندی جیسی مہلک بیماری سے اسی صورت میں بچا جاسکتا ہے جب ہم اس کے سد باب کے لئے کوشاں ہوں


یاد رکھئے! کسی بھی چیز کے سد باب کے لئے اس کی علل اور اسباب سے واقفیت ہونا از حد ضروری ہے، بلا شبہ تریاق جاننے والا ہی زہر کا اثر زائل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انتہا پسندی کا پہلا سبب نظام عدل کا نہ ہونا ہے۔ ناانصافی کے باعث ہی قوانین ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتے ہیں۔وہ اس طرح کہ قانون معاشرے میں جرائم کی پیشگی روک تھام کے لئے وضع کیا جاتا ہے اس کے باوجود اگر کوئی جرم کا ارتکاب کرے تو نظام عدل کے تحت اسے سزا دی جانی چاہئے جبکہ ایسا نہیں ہوتا اور نتیجہ انتہا پسندی کی صورت نکلتا ہے۔معمولی جھگڑے قتل غارت تک جاپہنچتے ہیں۔پھر مقتول کے وارث قتل کا بدلہ قتل سے نہیں قتال سے لیتے ہیں۔یہی انتہا پسندی کسی کو ظالم تو کسی کو مظلوم بنا دیتی ہے۔اس کے متبادل اگر نظام عدل کو رائج کیا جائے تو ایک متوازن معاشرہ جنم لے گا جہاں لوگ قانون کی خلاف ورزی پر سزا ملنے کے خوف سے قانون کی پاسداری کریں گے۔معمولی جھگڑے چند دن کی سزا سے رفع دفع ہوجائیں گے۔

دوسری اور اہم وجہ تعلیم و تربیت کا فقدان ہے۔ تعلیم و تربیت کے مرتبے کا اندازہ اس سے بحسن خوبی ہوجاتا ہے کہ اللہ رب العزت نے نزول قرآن کی ابتداء ان آیات سے فرمائی جو علم و قلم کی اہمیت کو اچھی طرح واضح کرتی ہیں۔ پھر اللہ رب العزت نے اپنا سب سے پہلا تعارف لفظ رب ( ربِّک اللذی) سے کروایا یعنی تربیت کرنے والا” اس سے معلوم ہوا کہ تعلیم تربیت سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔تعلیم بغیر تربیت کے تعلیم ہی نہیں رہتی، ایسی تعلیم جس میں تربیتی عناصر سے صرفِ نظر کیا گیا ہو انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔موجودہ دور کی تعلیم اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔جس میں ڈگری کا نام تعلیم رکھ دیا گیا ہے۔یہ تعلیم نہیں محض فن ہے جسے چند روپوں کے عوض لیا جاتا ہے۔
یاد رکھئے! کسی معاشرے کی تعلیمی پالیسی اور اس کو بروئے کار لانے والے اساتذہ نئی نسل کی ذہن سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہم پاکستان میں پہلے دن سے ہی کوئی قومی اور انسان دوست تعلیمی پالیسی بنانے سے قاصر رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہمارا تعلیمی نصاب انگریز کا مرتب شدہ ہے۔جس کے بارے میں خود لارڈ میکالے نے کہا تھا ہم ہندوستانیوں کو ایسا نظام تعلیم دیں گے کہ اس سے نکلنے والوں کا رنگ ہندوستانی اور سوچ و فکر انگلستانی ہوگی۔
ذرا سوچئےاس تعلیمی پالیسی کے زیر اثر تیار ہونے والی نسل کس حد تک تعلیم یافتہ ہوسکتی ہے؟


اگر ہم تھوڑا گہرائی میں جاکر اس کا مشاہدہ کریں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ پاکستان کا نظامِ تعلیم ایسا کوئی کردار ادا کرنے میں نا کام رہا جس سے عوام میں شعور اور انسانی رویے فروغ پاسکیں اور ہم تعصبات کی جنگ سے نکل کر عالمگیر معاشرے کا باوقار حصہ بن سکیں۔ آج بھی ہمارا نصابِ تعلیم باہمی اخوت، ایثار و قربانی، مساوات اور رواداری جیسے رویوں پر سکوت کی چادر تانے ہوئے ہے اور ہم معاشرے میں امن و سلامتی اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میں بری طرح نا کام ہیں۔ ہمارا نصاب تعلیم آج بھی ایسا ہے کہ جس میں ہمارے اخلاقی ، معاشرتی، سماجی اور اقتصادی پہلو پر روشنی ڈالنے کی بجائے غیر اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تنگ نظری، اپنے مذہبی حریفوں سے نفرت، عدم برداشت اور جارحیت ہمارے مزاج کا حصہ بنتی جارہی ہے۔

انتہا پسندی کی ایک بڑی وجہ بے روزگاری ہے۔ بے روزگاری کے باعث غریب انسان بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہو کر مفلسی کا شکار ہوجاتا ہے۔ وسائل کی کمی غریب انسان کو غریب تر بنادیتی ہے اور اسے اچھے معاش سے محروم رکھتی ہے۔جس کے نتیجے میں وہ اپنا وقار کھودیتا ہے پھر وہ اپنی معاشی حالت درست کرنے اور ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کرتا ہے خواہ وہ جائز ہوں یا ناجائز۔


انتہا پسندی کے یہ تین بنیادی اسباب ہیں۔ اس کے علاوہ طبقاتی تقسیم، عصبیت، مذہبی فرقہ واریت، عدم توازن، بغض و عناد اور ناانصافی معاشرے میں شدت پسندی کی بقاء اور استحکام کا سبب بنتے ہیں۔ انھیں کے اثرات اور نتائج انتہا پسندی کو سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔

اگر ہم اپنے معاشرے سے انتہا پسندی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتے ہیں تو ہمیں مندرجہ ذیل اقدامات کرنے ہونگے
1️) معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا
2️)جرائم کی روک تھام اور قوانین پر عملدرآمد کروانا ہوگا
3️)تعلیمی نصاب از سر نو مرتب کرنا ہوگا جس میں ایسے عنوان قائم کئے جائیں جو انتہا پسندی کے سد باب میں ممد و معاون ثابت ہوں
4️)دینی تعلیم ہر فرد کے لئے لازم قرار دی جائے، جس میں انتہا پسندی سے ہٹ کر میانہ روی کا درس دیا جائے۔
5️) غریب طبقے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کا اہتمام
6️)بے روزگاروں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا
7️)منشیات کی روک تھام
یہ وہ تمام پہلو ہیں جن پر سنجیدگی سے غور و فکر کرتے ہوئے فوری طور پر لاگو کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے طوفان پر قابو پایا جاسکتا ہے۔


ایک چھوٹی سی بات جسے میں بہت زیادہ اہمیت دیا کرتی ہوں وہ یہ کہ کسی بھی معاشرے یا ملک و ملت سے جب کسی برائی کو ختم کرنا ہو تو ابتداء اپنی ذات سے کی جائے، ہماری یہ سوچ کہ پورا معاشرہ اس برائی میں ملوث ہے ایک ہمارے نہ کرنے سے کیا فرق پڑے گا۔یہ سراسر غلط ہے۔اگر ہم برائی کو روکنے میں پہلا قدم اٹھانے والے ہوں گے تو یقینا ایک دن ہم اپنے ارد گرد والوں کو اس برائی سے روکنے لگیں گے۔ جب ہم معاشرے کو یہ سوچ دیں گے کہ تبدیلی کہیں باہر سے نہیں آسکتی بلکہ یہ ہمارے اندر سے ہی پھوٹے گی تو یقینا ہر شخص اپنے اندر تبدیلی لانے اور برائیوں کو ختم کرنے کے بارے میں سوچے گا۔


موجودہ دور میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے ہمیں سب سے پہلے اپنے رویوں میں برداشت اور تحمل کا مادہ پیدا کرنا ہوگا تاکہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر جنم لینے والے جھگڑوں اور نفرتوں کو ختم کرکے انتہا پسندی کو لگام دی جاسکے۔

انتہاپسندی کے اسباب اور سدباب

بقلم
ام عبداللہ بن عمر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں