افسانہ:روبینہ شاہین

زہرہ کی آنکھوں میں وہ نمی تھی جو لفظوں میں نہیں ڈھلتی۔
دن بھر کی تلخیاں، بے وجہ کے جملے، اور مسلسل دباؤ اس کی روح کو تھکا چکے تھے۔ اس نے خاموشی سے کمبل اوڑھا، کسی سے شکوہ کیے بغیر، اور نیند کی آغوش میں چلی گئی۔
اسی نیند میں، اس پر ایک نورانی منظر کھلا۔
اس نے خود کو ایک عظیم محل کے سامنے پایا۔ فضا میں سکون تھا، روشنی نرم تھی، اور دل پر عجیب سا اطمینان اتر رہا تھا۔ یہ جنتِ عدن تھی۔
اس کے بے شمار دروازے تھے، مگر یہ دروازے کسی ہجوم کے لیے نہیں تھے، بلکہ ہر ایک کسی نہ کسی نیکی کی علامت تھا۔
کہیں صبر بول رہا تھا،
کہیں ماں ہونے کی خاموش قربانیاں،
کہیں بے آواز دعائیں،
اور کہیں اللہ پر کامل بھروسا۔
زہرہ رکی، کیونکہ وہ کسی ایک دروازے کی نہیں تھی۔
اس کی زندگی میں سب کچھ تھا: صبر بھی، ٹوٹنا بھی، سنبھلنا بھی، اور رب کی طرف لوٹ آنا بھی۔
اچانک ایک دروازہ خود بخود کھل گیا۔
اس لمحے زہرہ نے سمجھ لیا کہ جنتِ عدن کسی ایک عمل کا صلہ نہیں، بلکہ نیت، اخلاص اور مستقل صبر کا مجموعہ ہے۔
وہ آنسو جو دنیا نے نہ دیکھے، وہ دعائیں جو صرف اللہ نے سنیں — یہی اصل پہچان تھیں۔
جنتِ عدن دراصل ہر اس روح کی منزل ہے جو دنیا میں دب کر بھی اللہ کے سامنے جھکی رہی، اور جس نے تلخی کے جواب میں صبر کو چُنا۔
Ye be parhe
حدیث (فضائل کے باب میں)
رسول اللہ ﷺ سے منقول ہے کہ جنت میں ایک محل ہے جسے عدن کہا جاتا ہے اور اس کے بہت سے دروازے ہیں۔
(مجمع الزوائد — روایت سنداً ضعیف، فضائل میں ذکر کی جاتی ہے)
جنتِ عدن کا دروازہ