فرشی شلوار کا فیشن 261

فرشی شلوار کا فیشن

تحریر شئیر کریں

ماہین نے جیسے ہی اپنی فرشی شلوار کے پائنچے سنبھال کر یونیورسٹی کے لان میں قدم رکھا، تو اردگرد موجود چند لڑکیوں کی دبی دبی ہنسی اس کے کانوں میں پڑی۔ وہ جانتی تھی کہ ان کی نظریں کہاں ٹکی ہوئی ہیں۔

“یہ کیا پہنا ہے؟”
“لگتا ہے کسی پرانی فلم کی ہیروئن بن کر آئی ہے!”
“امی کی پرانی شلوار نکال لی کیا؟”

کسی نے آہستہ سے سرگوشی کی، اور دوسری نے ہلکا سا قہقہہ لگایا۔

ماہین نے ایک لمحے کے لیے خود کو غیرمطمئن محسوس کیا، لیکن پھر اس نے گردن سیدھی کی اور قدم مضبوطی سے آگے بڑھا دیے۔ اس نے ہمیشہ سنا تھا کہ فیشن اپنے وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے، لیکن یہ بھی حقیقت تھی کہ جو لباس ایک زمانے میں روایتی اور خوبصورت سمجھا جاتا تھا، آج کے جدید دور میں “آؤٹ ڈیٹڈ” قرار دیا جا رہا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب ماہین کو اس کے لباس کی وجہ سے طنزیہ جملے سننے پڑے تھے۔ وہ سادگی پسند تھی، اور روایتی لباس کو زیادہ آرام دہ اور خوبصورت سمجھتی تھی۔ مگر اس کی یونیورسٹی میں زیادہ تر لڑکیاں برانڈڈ جینز، جدید طرز کے کرتے اور مغربی انداز کے ملبوسات کو ہی “اسمارٹنیس” کی علامت سمجھتی تھیں۔

کلاس میں پروفیسر نے ایک سوال پوچھا، اور ماہین نے بلا جھجک ہاتھ بلند کر دیا۔ اس کا جواب نہ صرف درست تھا بلکہ اتنا جامع تھا کہ سبھی خاموش ہو گئے۔ وہی لڑکیاں جو اس کی شلوار کا مذاق اڑا رہی تھیں، اب اس کی بات غور سے سن رہی تھیں۔

پہلی اڑان ناول 1

کچھ دن بعد، ایک معروف فیشن شو میں مشہور اداکارہ نے بالکل ویسی ہی فرشی شلوار پہن کر کیٹ واک کی، اور اگلے ہی دن سوشل میڈیا پر “فرشی شلوار– نیا فیشن” کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔

اب صورت حال عجیب ہو چکی تھی۔ وہی لڑکیاں جو چند دن پہلے فرشی شلوار کو “پینڈو اسٹائل” کہہ کر مسترد کر رہی تھیں، اب مارکیٹ میں جا کر بالکل ویسی ہی شلوار سلوانے کے لیے درزیوں کی دکانوں کے چکر لگا رہی تھیں۔ فیشن ڈیزائنرز نے “ریٹرو لک” کا نام دے کر فرشی شلوار کے نرخ بڑھا دیے، اور چند مہینوں میں یہ ایک “برانڈڈ” لباس بن گیا۔

ایک دن ماہین کی وہی کلاس فیلوز اس کے پاس آئیں، اور ان میں سے ایک بولی، “یار، تم نے تو پہلے ہی یہ اسٹائل اپنا لیا تھا، ہمیں تو اب سمجھ آیا کہ یہ کتنا گریس فل لگتا ہے!”

ماہین نے ہلکا سا مسکرا دیا۔ “یہ دنیا بھی عجیب ہے، کسی عام لڑکی کا پہناوا ‘پرانا فیشن’ کہلاتا ہے، اور اگر کوئی اداکارہ وہی پہن لے، تو ‘نیا ٹرینڈ’ بن جاتا ہے!”

ماہین کے لیے یہ تجربہ ایک سبق بن گیا۔ اس نے سمجھ لیا کہ فیشن دراصل وہ ہوتا ہے جو آپ خود پر اعتماد کے ساتھ پہنتے ہیں، نہ کہ وہ جو وقتی طور پر مشہور ہو جائے۔ وہ جان گئی کہ اصل چیز برانڈ پہن کر فیشن اوڑھنا نہیں، اصل چیز دماغی طور پر خود کو اپ ڈیٹ رکھنا ہے۔

کیونکہ وقت کے ساتھ کپڑے بدل جاتے ہیں، مگر ذہن کی اپڈیٹیشن ہی اصل پہچان ہے!

فرشی شلوار کا فیشن

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں